طہارت اسلام کا ایک اہم شعبہ اور مقاصد میں سے ہیں۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:اِنَّ اللہَ یُـحِبُّ التَّوّٰبِیْنَ وَیُـحِبُّ الْمُتَطَہِّرِیْنَ(البقرہ،۲۲۲)
’’بے شک اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والوں اور صاف رہنے والوں کو پسند کرتا ہے‘‘وضو سے انسان کو ظاہری طہارت کے ساتھ ساتھ روحانیت پاکیزگی اور طہارت حاصل ہوتی ہے۔ نبی اکرمﷺ نے وضو کے بہت سے فضائل بیان فرمائے ہیں۔فرمانِ نبویﷺ ہے کہ ’’جو آدمی وضو کرے، اور اچھی طرح کرے (یعنی کہ اس کے سنن و مستجبات کی رعایت کے ساتھ) تو اس کے (صغیرہ) گناہ اس کے بدن سے نکل جاتے ہیں یہاں تک کہ اس کے ناخنوں کے نیچے سے بھی گناہ نکل جاتے ہیں‘‘ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
حضرت ابوہریرہؓ راوی ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ’’جب کوئی بندہ مسلمان یا فرمایا مومن وضو کا ارادہ کرتا ہے اور اپنے منہ کو دھوتا ہے تو پانی کے ساتھ یا فرمایا پانی کے آخری قطرہ کے ساتھ اس کے وہ تمام گناہ جن کی طرف اس نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اس کے منہ سے نکل جاتے ہیں۔ پھر جب دونوں ہاتھوں کو دھوتا ہے تو ہاتھوں کے تمام گناہ جن کو اس نے ہاتھ سے پکڑا تھا پانی کے آخری قطرہ کے ساتھ اس کے ہاتھوں سے خارج ہو جاتے ہیں(یعنی جو گناہ ہاتھ سے ہوئے وہ جھڑ جاتے ہیں) پھر جب وہ دونوں پائوں کو دھوتا ہے تو اس کے وہ تمام گناہ جن کی طرف وہ پائوں سے چلا تھا پانی کے ساتھ یا فرمایا پانی کے آخری قطرہ کے ساتھ نکل جاتے ہیں یہاں تک کہ وہ گناہوں سے پاک ہو جاتا ہے ‘‘ (صحیح مسلم)سبحان اللہ! جسمانی و روحانی صفائی و پاکیزگی کے ساتھ ساتھ وضو مسلمان کی شفاء کا بھی ذریعہ بن سکتا ہے کیونکہ اس سے انسان بہت سے امراض سے نجات پاتا ہے۔ اس عمل سے مسلمان دنیا و آخرت کی بھلایاں حاصل کرسکتا ہے جیسا کہ ارشاد نبویﷺ ہے کہ ’’قیامت کے روز میری اُمت اس حال میں پکاری جائے گی کہ وضو کے سبب ان کی پیشانیاں روشن ہوں گی اور اعضاء چمکتے ہوں گے لہٰذا تم میں سے جو آدمی چاہے کہ وہ اپنی پیشانی کی روشنی کو بڑھائے تو اسے چاہے کہ وہ ایسا ہی کرے ’’یعنی وضو کرے‘‘ (صحیح بخاری، صحیح مسلم)
اس کے علاوہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا کہ’’ (جنت میں) مومن کا زیور (وہاں تک) پہنچے گا جہاں تک وضو کا پانی پہنچے گا ‘‘(صحیح مسلم)۔ سبحان اللہ! اللہ پاک نے اپنی اس آخری اُمت کو نیکیاں کمانے کی کتنی سہولیات عطا فرمائی ہیں۔ حضرت ابن عمرؓ راوی ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا ’’بغیر طہارت نماز قبول نہیں کی جاتی اور مال حرام کی خیرأت قبول نہیں کی جاتی‘‘ (صحیح مسلم)اس کے علاوہ وہ بھی وضو کے بارے میں بہت سی احادیث و احکام ہیں۔ وضو بذات خود مسلمان کا زیور و ہتھیار ہے۔ تو آئیے! رمضان المبارک کے مبارک مہینے سے خود کو وضو کا عادی بنائیں اورہر وقت باوضو رہیں اور ڈھیروں برکات اور فوائد پائیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں