ویسے تو موسمی پھل ہر طرح کی غذائیت سے بھرپور ہوتے اور انسان کو ذہنی و جسمانی طور پر ترو تازہ رکھتے ہیں۔لیکن انگور غذائیت سے بھرپور ایسا پھل ہے جو کسی سپر فوڈ سے کم نہیں ۔
جدید تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یہ پھل دل‘ جگر‘ دماغ اور گردوں کو طاقت ‘ حرارت غریزی(جسم کی ایسی گرمی اور حرارت جو زندہ رہنے کے لئے ضروری ہے) پیدا کرتا ہے اور کمر کو مضبوط بناتا ہے۔یہ جلدی ہضم ہونے والا غذائیت سے بھر پور ہے جو خون کو صاف کرتا ہے‘ معدہ اور آنتوں کے زہریلے فضلات کو صاف کرتا ہے۔
انگور کا مزیدار شفائی ناشتہ
اگر اسے روٹی کے ساتھ کھایا جائے تو یہ روٹی میں اپنی رطوبت ملا کر اسے جلد ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔اس میںشکریلے‘ روغنی اجزاءموجود ہوتے ہیں جبکہ گوشت اور حرارت پیدا کرنے والے اجزاء تو اس میں کوٹ کوٹ کر بھرے ہیں۔مختلف وٹامنر بھی کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔اگر ناشتہ میں انگور کا استعمال کیا جائےتو صحت کے لئے بے حد مفیدہے۔بوجھل معدہ‘ گیس ‘ دائمی قبض کا خاتمہ ہوتا ہے۔اعصابی تھکان کے مریض اگر دوپہر کے وقت استعمال کریںتو سستی کاہلی اور بار بار ڈکار آنے والے مسائل سے چھٹکارا ملتا ہے۔آدھا کلو انگور میں ایک وقت کے کھانے کی غذائیت موجود ہوتی ہے۔
ڈپریشن جیسے مسائل کا خاتمہ
موجودہ حالات میں جہاں دوسرا شخص مختلف پریشانیوں کی وجہ سےڈپریشن جیسے مسائل کا شکار نظر آتا ہے‘ ان حالات میں انگور استعمال کرنے سےدل و دماغ کو تازگی‘ سکون اور فرحت محسوس ہوتی ہے۔گردے مضبوط‘ جسم میں موجود زہریلے مواد خارج ہو جاتے ہیں۔ بعض لوگ زیادہ پسینہ آنے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں ‘ اگر وہ مازو باریک ایک تولہ‘ انگور کا رس چھ تولہ اور دو تولہ پانی ملا کر بدن پر لیپ کریں تو پسینہ کی رفتار معتدل ہو جائے گی۔بیماری سے اٹھے ہوئے اور حاملہ عورتوں کے لئے یہ عمدہ اور زود ہضم غذا ہے۔
گلٹیوں کا علاج
گرمی کی وجہ سے جب پیٹ میں تکلیف ہو تو تین سے چھ ماشہ تک ہلیلہ سیاہ پسی ہوئی ایک تولہ شکر اور سات تولہ انگور کا رس پینے سےشفاء ملتی ہے۔جب گلے میں گلٹیاں اور گانٹھیں بن جائیں تو انگور کے آدھ پائو رس میں ایک تولہ بڑی ہڑڑ کا چھلکا(پوست ہلیلہ زرد) ملا کر نیم گرم کے اس کے غرارے کرنے سے چند روز میں گلا صاف‘ گلٹیاں اور گانٹھیں ختم ہو جاتی ہیں۔
بھوک کی کمی کا مسئلہ حل
جب جسم بھاری محسوس ہو اور بھوک کم لگتی ہو تو ڈیڑھ سے چھ ماشے تک سفوف دار فلفل اس کے ایک چھٹانک شربت میں ملا کر صبح و شام استعمال کرنے سےبھوک کھل جاتی ہے اور جسمانی تنائو کم ہوجاتا ہے۔
پیٹ اور ویٹ سے نجات کا دلچسپ ٹوٹکہ
دور جدید میں اکثر مرد اور بالخصوص خواتین پیٹ بڑھنے کی وجہ سے پریشان نظر آتی ہیں۔اس سے نجات کے لئے انہیں چاہیے کہ پکا ہوا انگور ایک پائو‘ایک پائو روغن زیتون میں ملا کر مرتبان میں ڈال کر ایک ہفتہ دھوپ میں رکھ کر چھان کر رکھ لیں۔اس تیار شدہ روغن کو بدن پر ملنے سے جلد میں رکے ہوئے فضلات چربی وغیرہ پسینہ کے ذریعہ خارج ہوجاتے ہیں جس سے موٹی جسامت دبلی پتلی ہو جاتی ہے۔
تبخیرکے مرض کا خاتمہ
آج کل تبخیر کا مرض بہت عام ہو چکا ہے جس کی وجہ سے اکثر لوگ بیمار پڑ جاتے ہیں۔ایسے مریض انگور کے تازہ پتے ایک سے تین تولہ تک دو سے تین کالی مرچ پانی میں پیس کر چھان کر چند روز کھائیں تو ان شاءاللہ تبخیر
اور اس سے ہونے والی پیچیدگیوں سے نجات مل جائے گی۔گرمی سے سر درد ہو یا آنکھ سرخ ہو کر درد کرنے لگے تو انگور کے پتے پیس کر لیپ کرنے سے شفاء ملتی ہے۔معدہ میں سوزش اور ورم ہو جائے تو دو تولہ جو اور ایک تولہ انگور کے پتے میں تھوڑا سا پانی ملا کر پیس کر معدے کے مقام پر لیپ کرنےسے ورم دور ہوجاتا ہے۔
انگور میں موجود غذائی اجزاء عمر بڑھنے کی وجہ سےجلد کے مسائل کی روک تھام میں مددگارہیں۔ طبی تحقیقات کے مطابق انگور میں پایا جانے والا ریسویرا ٹرول جلد پر بننے والے کیل مہاسوں کی وجہ بننے والے بیکٹیریا کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔انگور کو ہڈیوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس میں پائے جانے والے میگنیشیم، کیلشیم، پوٹاشیم، وٹامن کے، اور فاسفورس ہڈیوں کی مضبوط بناتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں