کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
انسان ساری عمر مغالطے میں گزار دیتا ہے اور جب اپنی آخری منزل کے قریب پہنچتا ہے تو اللہ کے فضل سے مغالطے ختم ہونا شروع ہوتے ہیں مگر اس وقت انسان کے پاس وقت نہیں ہوتا۔ انسان کو سب سے بڑا مغالطہ یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے زورِ بازو سے رزق کما رہا ہے اور جو کچھ آرہا ہے اس کی صلاحیتوں کے سبب ہے اور جس قدر کمایا ہے سارا میرا ہے۔ حالانکہ یہ بالکل غلط ہے۔ انسان کو اللہ کی رحمت سے ملتا ہے۔ اللہ پاک اس میں برکت ڈال دیتے ہیں۔ اگر انسان یہ چاہتا ہے کہ اسی طرح اللہ کا فضل قائم و دائم رہے تو وہ زیادہ سے زیادہ اللہ پاک کے نام پر دیتا رہے جتنا اللہ پاک کے نام پر دے گا۔ اللہ اتنا زیادہ اس کے مال میں برکت ڈالیں گے اور مال بڑھتا ہی چلا جائے گا۔ ایک مہربان ہیں، زمیندار گھرانے سے تعلق ہے۔ کاشتکاری خود کرتے ہیں اور پورے علاقے میں مشہور ہیں کہ ان کی فصل زیادہ ہوتی ہے اور فصل چاہے وہ گندم ہو یا کپاس وزن بہت زیادہ نکلتا ہے۔ انہوں نے عجیب بات بتائی کہ اگر دو کھیت کھڑے ہوں ۔ ایک میرا ہو اور دوسرا کسی اور شخص کا ہو۔ فصل بالکل ایک جیسی ہو تو اندازہ لگانے والے برابر اوسط پیدا وار کا اندازہ لگاتے ہیں۔ مگر جب فصل کاٹنے کو تیار ہوتی ہے تو میری فصل کا وزن زیادہ ہوتا ہے اور پیداوار بھی زیادہ ہوتی ہے۔ وہ کہنے لگے کہ شروع میں بے شک فصل کمزور ہوتی ہے مگر جب فصل پک کر تیار ہوتی ہے تو پیداوار سب سے زیادہ ہوتی ہے۔میں نے ان سے پوچھا کہ کپاس کی فصل کیسے ہوتی ہے؟ وہ صاحب کہنے لگے کہ جب کپاس کی فصل کا بحران تھا تو میری فصل سب سے زیادہ ہوتی تھی اور علاقے کے لوگ میری فصل کو دیکھنے کے لئے آتے تھے۔ میری فصل میں ایک بھی سنڈی نہیں تھی۔ ساتھ والے کھیت میں سنڈیاں ہی سنڈیاں تھیں مگر وہ میرے کھیت کا نبہ بھی عبور نہیں کرتی تھیں۔ لوگ جان بوجھ کر سنڈیاں میرے کھیت میں ڈال دیتے تھے مگر سنڈیاں میرے کھیت سے واپس چلی جاتی تھیں۔ میں نے عرض کیا کہ آپ کا کونسا ایسا عمل ہے جو اللہ کے ہاں مقبول ہے جس کی وجہ سے اللہ کا حفاظت کا نظام آن ہے۔ وہ صاحب کہنے لگے کہ میں عشر پورا دیتا ہوں۔ جیسے ہی فصل تیار ہوتی ہے۔ اللہ کے حکم کے مطابق سب سے پہلے عشر نکالتا ہوں۔ چاہے جتنا بنے۔ میرے دل میں یہ بات بالکل نہیں آتی کہ اس قدر گندم یا کپاس اللہ کے نام پر دینے سے کمی آجائے گی۔ بلکہ اس سے اگلے سال فصل پچھلی فصل سے زیادہ ہوتی ہے۔ جب تک عشر نکال کر چلانہ دوں اس وقت تک فصل گھر نہیں لے جاتا۔ یہ سچ ہے کہ جو بھی اللہ کی مان کر چلتا ہے اللہ اس کا مان بڑھاتے ہیں۔ برکت اور حفاظت کا خود کار نظام خود بخود چلنے لگتا ہے مگر انسان مغالطے میں ہے۔ آج سے تہیہ کریں کہ زکوٰۃ و عشر پورا پورا دیں گے۔ پھر دیکھیں اللہ کیسے برکت ڈالتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں