بزرگ کا بتایا وظیفہ: میں نے دیکھا کہ ایک بزرگ مجھے کہہ رہے تھے کہ ہر نماز کے بعد دس مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھا کرو پھر میری آنکھ کھل گئی۔ (ش۔ز۔لکی مروت)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ آپ کو بیماری اور پریشانی سے خلاصی نصیب ہو گی۔ یہ ایک غیبی اشارہ ہے ،آپ اس پر عمل کر لیں تو ہر اہم کام میں غیبی مدد ملتی رہے گی، ان شاء اللہ ۔ واللہ اعلم۔
پریشانیاں دور: میں نے دیکھا کہ میری پھوپھی زاد بہن بہت سے سوٹ لاتی ہے اور کہتی ہے جو اچھا لگے لے لو۔ میں بلیک سوٹ جس پر اورنج پھول بنے ہوئے ہیں، پسند کرتی ہوں اور میری بہن شاید آف وائٹ لیتی ہے۔ (ثمینہ‘ ملتان)
تعبیر: آپ کا خواب اچھا ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ انشاء اللہ جلد ہی آپ کی پریشانیاں دور ہونے والی ہیں۔ آپ آخری تین قل سات سات مرتبہ ہر نماز کے بعد پڑھ کر دعا کر لیا کریں۔ واللہ اعلم۔
پرس لانا بھول گئی! : میں نے دیکھا کہ ایئر پورٹ کے لاؤنج میں کھڑی ہوں، سب مجھے چھوڑنے آئے ہیں۔ ایک آدمی کہتا ہے کہ بورڈنگ شروع ہونے والی ہے۔ میں اپنا سامان اُٹھاتی ہوں تو خیال آتا ہے کہ پرس گھر پر ہی رہ گیا ہے ۔ سوچتی ہوں ابھی تو بورڈنگ میں 15 منٹ باقی ہیں‘ جا کر لے آتی ہوں۔ اس کے بعد میں نے دیکھا کہ اسکول میں اسمبلی ہو رہی ہے ، شاید صبح کا وقت (میں دو پہر کے اسکول میں پڑھاتی ہوں) میں سائیڈ کے دروازے سے اپنی دو ساتھی ٹیچرز کے ہمراہ باہر نکلتی ہوں جو مجھے ایئر پورٹ چھوڑنے جا رہی ہیں۔ دروازے کے باہر کئی گاڑیاں اور دورکشے کھڑے ہوتے ہیں، ایک رکشے والا جانے سے منع کر دیتا ہے جبکہ دوسرا تیار ہو جاتا ہے ۔ میں ایئر پورٹ کے لاؤنج میں پہنچ جاتی ہوں تو خیال آتا ہے کہ پرس میں پھر لانا بھول گئی ہوں۔(پوشیدہ)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کے کاموں میں بندش لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے آپ کے ہوتے ہوئے کام ادھورے رہ جاتے ہیں۔ آپ حسب توفیق کچھ صدقہ دیں اور یَاجَامِعُ یَا بَدِیْعُ ہر نماز کے بعد 21/21مرتبہ پڑھ کر تمام امور کے لیے دعا کر یں ۔ واللہ اعلم۔
اپنی صفائی میں کچھ نہ بول سکی: میں اکثر خود کو گھٹ گھٹ کر روتا ہوا دیکھتی ہوں۔ کبھی دیکھتی ہوں کہ میرے گھر والے میرے ساتھ کسی بات پر غصے کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی اپنی صفائی میں کچھ کہہ نہیں سکتی اور اگر ان کو کہنے کی کوشش کروں تو وہ دھیان نہیں دیتے ۔ کبھی میں دیکھتی ہوں کہ میں پریشان ہوں یا مجھے کوئی تکلیف ہے اور میں اپنے گھر والوں کو بتانے کی کوشش کرتی ہوں تو وہ دھیان نہیںدیتے ، پھر میرا دل چاہتا ہے کہ میںاونچی آواز میں دل کھول کر روؤں لیکن نہیں روسکتی۔(آئینہ‘ راولپنڈی)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ آپ کو ، آپ کے گھر والوں کی طرف سے جلد ہی خوشی کی خبر ملےگی ، نیز گناہوں سے معافی اور توبہ کی توفیق کا بھی اشارہ ہے ۔ واللہ اعلم
خواب میں جوتیاں دیکھتی ہوں! اکثر میں جوتیاں دیکھتی ہوں جو کبھی سائز میں چھوٹی بڑی ہوتی ہے یا کبھی بہت خوبصورت میری من پسند جوتی مجھے مل جاتی ہے۔ اب اکثر خواب میں میں اپنی بڑی سے چھوٹی بہن کی شادی دیکھتی ہوں (جو پہلے سے ہی شادی شدہ ہے ) اور خود کو بنا سنوارا دیکھنا چاہتی ہوں کہ بہن کی شادی ہے۔ (آفریں‘ لاہور)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ کہ جلد ہی آپ کا رشتہ کسی اچھی جگہ پر طے پا جائے گا اور ان شاء اللہ ازدواجی زندگی بہت اچھی ہو گی۔ واللہ اعلم۔
رس ملائی اور چھپکلی کی دُم: میں نے دیکھا کہ ہم سب گھر والے بیٹھے ہوئے رس ملائی کھا رہے ہوتے ہیں، اتنے میں میرے بھائی کی سالی آجاتی ہے تو میری بڑی بہن مجھ سے کہتی ہے ، جاؤ کچن سے چمچہ پیالہ لے آؤ، یہ بھی کھا لے گی ۔ میں کچن میں جاتی ہوں تو وہاں سوچتی ہوں کہ لاؤ شربت بھی بنا لوں ورنہ دوبارہ اُٹھنا پڑے گا۔ شربت بناتی ہوں اور اسی دوران شربت بھی چکھتی ہوں، پاس ہی شاید چینی اور شہد بھی رکھا ہے پھر اچانک میری نظر پڑتی ہے تو سامنے پردے کی طرف ایک چھپکلی کی بڑی سی دم نظر آتی ہے۔ میں اسے بھگاتی ہوں تو وہ بھاگ جاتی ہے۔(ز۔و‘کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے کاموں میں کسی حاسد دشمن کی طرف سے بندش عائد کی گئی ہے ، تاہم آپ سورۂ کافرون ، سورۂ فلق اور سورۂ ناس ہر نماز کے بعدسات ، سات مرتبہ پڑھ کر دعا کر لیا کریں۔ ان شاء اللہ بندش چالیس دن میں ختم ہو جائے گی۔ واللہ اعلم۔
مجھے چاند دیکھنا ہے!: میں نے دیکھا کہ میری ایک جاننے والی کی بیٹی میرے گھر آئی ہے۔ اس نے پنک کلر کا سوٹ پہنا ہوا ہے اور اس کی ناک میں لونگ ، گلے میں ہار اور کانوں میں بُندے ہیں۔ وہ آ کر مجھے کہتی ہے ۔آنٹی، میں نے آپ کو کہا تھا کہ مجھے چاند دیکھنا ہے تو میں کہتی ہوں ، چاند تو بہت دور ہے ۔ وہ کہتی ہے بس مجھے چاند دیکھنا ہے تو میں کہتی ہوں ، جا ‘جا کے اپنے میاں کے ساتھ دیکھ لے پھر میری آنکھ کھل گئی۔(عالیہ شہریار‘ حیدرآباد)
تعبیر:آپ کےخواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ جس لڑکی کو آپ نے خواب میں دیکھا ہے ، وہ اپنے شوہر کے ساتھ زیارت حرمین شریفین کی سعادت حاصل کرے گی۔ واللہ اعلم
اچھا رشتہ نصیب ہوگا: میں نے دیکھا کہ بڑا ہال ہے جس میں ایک طرف بہت ساری لڑکیاں کھڑی ہیں اور دوسری طرف میں اور میری سہیلی ہے اور دو ٹیچرز کھڑی ہیں، ان کے ہاتھ میں فائل ہے۔ ٹیچر کہتی ہیں کہ تم سب ایف اے میں پاس ہو گئی ہو تو سب خوش ہو کر جانے لگتی ہیں پھر ٹیچر ہماری طرف ہو کر کہتی ہے تو ہم جلدی سےدل میں کہتی ہوں کہ یا اللہ ، میرے نمبر سہیلی سے زیادہ آئیں تو ٹیچر میرے نمبر 183 اور سہیلی 181 بتاتی ہیں تو میں بہت خوش ہوتی ہوں۔
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق جو کہ آپ نے 13سال قبل دیکھا تھا۔ تعبیر تو یہ ہی ہے کہ آپ کو اچھا رشتہ نصیب ہو گا لیکن بعض اوقات تعبیر واقع ہونے میں دیر لگ جاتی ہے ۔ آپ بہر حال مایوس نہ ہوں اور بتائے ہوئے عمل پابندی سے کریں اور حسب توفیق صدقہ دیتی رہا کریں، ان شاءاللہ ضروری مراد پوری ہو گی ۔ واللہ اعلم
بچی کا تعاقب
(ندا۔۔۔فیصل آباد)
خواب: میں نے دیکھا کہ ہم سب گھر والے بغیر چھت کی ریل گاڑی پر سفر کر رہے ہیں۔ سب سے بڑی بہن جو شادی شدہ ہے، وہ بھی ہمارے ساتھ ہے ۔ ان کی جوتی ریل سے نیچے گر جاتی ہے تو وہ جلدی سے ان کی جوتی اُٹھا کر دیتی ہوں اور کہتی ہوں کہ دھیان کرو، اب دوبارہ نہ گرا دینا لیکن پھر ان کی جوتی گر جاتی ہے ، میں پھر اٹھا دیتا ہوں۔ منظر بدلتا ہے۔ اُسی ریل میں میری بڑی بہن کا ہمیں فون آتا ہے کہ تم لوگ میرے پاس آ رہے ہو تو میرے لیے چاول اور دال لیتے آنا۔ امی اور چھوٹی بہن ریل سے اتر جاتے ہیں کہ ہم چاول اور دال لے کر آئیں گے، تم لوگ چلے جاؤ پھر میں بھی ریل سے اتر جاتی ہوں کہ امی کے ساتھ جاؤں گی ،پھر ارادہ بدلتی ہوں اور ریل میں بیٹھتی ہوں کہ بیٹھنے سے پہلے ریل چل پڑھتی ہے اور میں ریل کے پیچھے بھاگنے لگتی ہوں۔ منظر بدلتا ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے میں ریل کے پیچھے نہیںبلکہ کسی چھوٹی لڑکی کے پیچھے بھاگ رہی ہوں جس کے پاس میری کوئی چیز ہے جو اس سے لینے کے لیے اس کے پیچھے بھاگ رہی ہوں۔ وہ لڑکی جھاڑیوں اور ویرانوں میں بھاگ رہی ہے اور میں اس سے کہتی ہوں، رکو میں تمہیں کچھ نہیں کہتی۔ وہ رکتی ہے اور اس کے ہاتھ سے ایک انگوٹھی گرتی ہے جو بہت معمولی سی ہوتی ہے۔ میں انگوٹھی اٹھا لیتی ہوں اور دل میں سوچتی ہوں کہ میں ایسے ہی اس انگوٹھی کے لیے بھاگ کر اتنی بری جگہ پر آ گئی۔
تعبیر :
آپ کے خواب کے مطابقاس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو شادی کے بعد ملک سے باہر رہنا ہو گا اور شادی کے بعد ابتدائی عرصے میں کچھ پریشان کن حالات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن بعد میں ان شاء اللہ بہتری آ جائے گی ۔ واللہ اعلم۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں