Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - نومبر 2016ء

تمہاری قربانی سب سے بڑی: اس طرح ہوتا ہے کہ کوئی شخص میرے ساتھ چل رہا ہے سفید کپڑوں میں‘ راستے میں لوگ جانوروں کی قربانیاں کررہے ہیں‘ وہ آدمی مجھ سے کہتا ہے کہ دیکھو یہ لوگ جن جانوروں کی قربانی کررہے ہیں وہ بہت چھوٹے اور کالے ہیں‘ تمہاری قربانی ان سب سے بڑی ہے۔ یہ خواب میں نے کئی بار دیکھا۔ آخری مرتبہ یعنی عیدالاضحی کے بعد دیکھا کہ راستے میں قربانیاں دیکھ کر میں کہتی ہوں کہ سب نے تو کردی اب جاکر میں بھی قربانی کرتی ہوں۔ کچھ دن پہلے میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گھر والوں کے ساتھ گاڑی میں جارہی ہوتی ہوں۔ راستے میں خون نظر آتا ہے۔ میں سوچتی ہوں میں تو قربانی کرچکی ہوں یہ تو کسی اور نے آج کی ہے۔ (پوشیدہ)
تعبیر: آپ کا خواب بہت ہی مبارک ہے۔ جو لوگ اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے اللہ کے راستے میں نکل رہے ہیں حقیقت میں وہ بہت ہی بڑی قربانی دے رہے ہیں اور یہی چیز مطلوب ہے۔
گندے برتن: میں نے دیکھا کہ ایک تھیلے میں بہت بڑے بڑے کیلے رکھے ہیں۔ میں ان کو سونگھتی ہوں تو وہ بہت پکے ہوئے ہوتے ہیں اور اتنی مٹھاس ہوتی ہے کہ بہت خوشبو آتی ہے۔ پھر منظر بدلتا ہے اور میں دیکھتی ہوں کہ میں بہت سارے گندے برتن دھو رہی ہوں۔ میں کہتی ہوں میں یہ کیسے دھوؤں گی اور پھر ایک دو بار میں نے دیکھا کہ میں بڑے بڑے کینو کھارہی ہوں اور اکثر دیکھتی ہوں کہ بہت خوبصورت بچہ ہے‘ اس کی نیلی آنکھیں ہیں اور میں اس کوکچھ کھلا رہی ہوں اور بہت پیار کررہی ہوں اور وہ بچہ ہر دفعہ الگ ہوتا ہے اور بہت خوبصورت اور صحت مند ہوتا ہے اور میں اس کو گود میں لئے ہوئے ہوتی ہوں اور اکثر دیکھتی ہوں کہ میں عروسی لباس اور سونے کے بہت خوبصورت سیٹ پینے ہوئے ہیں۔(پوشیدہ)
تعبیر: آپ کا خواب بہت مبارک ہے اور آپ کو انشاء اللہ جلد اچھی خبر ملنے کا اشارہ ہے‘ نیز خوشی اور خوشحالی بھی نصیب ہوگی۔ آپ روزانہ ہر نماز کے بعد 62 مرتبہ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
سانپ نے ڈس لیا: میں نے دیکھا کہ ہم سب گھر والے بیٹھے ہوتے ہیں اور مجھ سے چھوٹی بہن کھڑی ہوتی ہے کہ اچانک کہیں سے سانپ نکل آتا ہے۔ ہم لوگ بہت زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں۔ سانپ میری اس بہن کو ڈسنے لگتا ہے جو کھڑی ہوتی ہے تو میری امی سانپ کو گردن سے پکڑ لیتی ہے۔ لگتا ہے کہ سانپ مررہا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کہیں سے دوسرا سانپ نکلتا ہے جو امی کو ڈس لیتا ہے۔ امی چیخ مارتی ہیں کہ ہائے !اس نے مجھے ڈس لیا ہے۔ میں پریشان ہوتی ہوں کہ اب امی کو علاج کیلئے کہاں لے کر جائیں جبکہ ابو بھی گھر پر نہیں ہیں۔ اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (حسن احمد‘ کراچی)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کی والدہ کسی بیماری میں مبتلا ہوجائیں۔ آپ فوری طور پر ان کی طرف سے گوشت کا صدقہ دیں۔ نیز بعدنماز فجر اکتالیس بار سورۂ فاتحہ پانی پر دم کرکے پی لیا کریں۔
چور چورچور: میرے چھوٹے بھائی نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں چور آیا ہے اور وہ اسٹور میں ہے۔ میرا بھائی کمرے کے دروازے پر کھڑا ہے اور چور جیسے اسٹور کا پردہ ٹھیک کررہا ہے۔ میرا بھائی بھی کمرے کا پردہ ٹھیک کررہا ہے تو اس کی نظر چور پر پڑی تو میرا بھائی چور، چور، چور چلانے لگا۔ پھر آنکھ کھل گئی۔ (ن،م)
تعبیر: خواب کے مطابق اس کی کسی بیماری میں مبتلا ہونے سے حفاظت ہوئی ہے۔ آپ اس کا فوری طور پر حسب توفیق صدقہ دیں۔
زور دار تھپڑ: میں نے دیکھا کہ میں اپنے سکول میں ایک جگہ کھڑی ہوں‘ وہاں ایک لڑکی آتی ہے اور مجھ سے کہتی ہے کہ میڈم تمہیں بلارہی ہیں۔ میں اس سے تھوڑی تیز آواز میں کہتی ہوں کیا کہا تم نے۔ اچانک سامنے سے میڈم ہمیں دیکھ لیتی ہیں اور مجھے ایک زور سے تھپڑ مار کر کہتی ہیں کہ تم نے اس سے اونچی آواز میں بات کیوں کی‘ اس کو میں نے بھیجا ہے۔ میں میڈم سے ناراض ہوکر اپنی بہن سے کہتی ہوں کہ چلو گھر چلیں۔ (حقیقت میں میری بہن بھی اسی سکول میں پڑھتی ہے اور میں اب اس سکول سے فارغ ہوچکی ہوں) ہم دونوں سکول سے جیسے ہی نکلتے ہیں تو اندھیرا ہوجاتا ہے اور چاندنی بھی نہیں ہوتی تو ہمیں بہت ڈر لگتا ہے اور میں یہ سوچتی ہوں کہ گھر جاکر سب کو یہ بتادوں گی کہ میڈم نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا۔راستے میں سنسان چھوٹی گلیاں ہیں‘میں بہن سے کہتی ہوں کہ آہستہ چلو‘ اچانک وہ غائب ہوجاتی ہے تو میں اور بھی زیادہ پریشان ہوجاتی ہوں‘ دوسری گلی میں میری بہن مل جاتی ہے اور ہم گھر چلے جاتے ہیں۔(ب)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ بُرے لوگوں کی صحبت سے بچنے کی کوشش کریں۔ ایسا نہ ہو کہ کہیں گمراہی کا شکار آپ اور آپ کی بہن ہوجائے۔ پنج وقتہ نماز کی پابندی کریں اور روزانہ ایک ایک تسبیح استغفار، درود شریف اور تیسرے کلمہ کی کرلیا کریں۔
نقصان کا اندیشہ: میں نے دیکھا کہ ہم دونوں بھائی ایک جگہ بیٹھے ہیں۔ اچانک سامنے کالاناگ نظر آتا ہے۔ میں اپنے چھوٹے بھائی سے کہتا ہوں کہ وہ دیکھو سانپ لیکن وہ جواب دیتا ہے کہ کہاں ہے‘ مجھ کو نظر نہیں آرہا۔ وہ کہتا ہے کہ تمہارا وہم ہے یہ تو کالی رسی ہے۔ تھوڑی دیر بعد وہ سانپ ہم دونوں کے پاس سے گزرتا ہے تو ہم پرے ہٹ جاتے ہیں۔ وہ ہمیں نقصان پہنچائے بغیر گزر جاتا ہے۔ (س،ش)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کے اور آپ کے بھائی کے کسی مشترکہ دوست سے آپ کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ تاہم اگر بروقت احتیاط کرلی گئی تو امید ہے کہ یہ دوست نما دشمن آپ کا اور آپ کے بھائی کا کچھ نہ بگاڑ سکے گا۔ آپ ہر نماز کے بعد ایک بار آیۃ الکرسی اور سات بار پڑھ کر حفاظت کی دعا کرلیا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 266 reviews.