Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

خوش رہنا چاہتے ہو تودوسروں کو خوش رکھو

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2012

ہمارا وجود دو چیزوں سے بنا ہے ایک جسم جو ظاہری طور پر ہمیں نظر آتا ہے اور دوسری روح جوظاہری آنکھ سے نظر نہیں آتی۔ دونوں کے ملاپ سے زندگی کا حسن قائم ودائم ہے۔ دونوں کی جدائی موت ہے۔ یورپ نے جسم کو بنایا سنوارا اور مادیت میں اتنا آگے نکل گیا کہ اسے روحانیت کا احساس ہی نہ رہا۔ وہ مادی ترقی کا اسیر ہوکر روحانی اقدار کو بھول گیا ہے اور مشرق روحانی ترقی میں اتنا ڈوب گیا ہے کہ اپنے وجود سے ہی محروم ہوگیا ہے۔ صرف روحانی باتوں سے وہ سب کچھ پانا چاہتا ہے۔ یہی مشرقی اقوام کی کم عقلی ہے۔
حقیقت میں اسلام مادیت اور روحانیت کا مجموعہ ہے۔ روح بیمار ہو تو جسم کا رنگ و روغن بھی کسی بھیانک تصویر سے کم نہیں ہوتا اگر جسم توانا ہے تو یہ سمجھنا چاہیے کہ روح اپنے جلوے دکھارہی ہے۔ یہی روح ہے جس سے روحانیت کی دنیا آباد ہوتی ہے جسم کی پرواز محدود ہے جبکہ روحانی پرواز سات آسمانوں کو چیر کر جہاں تک جانا چاہتی ہے چلی جاتی ہے۔ یہ روحانی زندگی کا کمال ہے کہ ہم اپنے گھرمیں بیٹھ کر پوری دنیا کی سیر کرتے ہیں۔ ہماری روحانی پرواز جتنی بلند ہوتی ہے ہمارے امکانات اتنے ہی روشن ہوتے ہیں۔ زندگی اتنی ہی زیادہ سمجھ دار ہے کیونکہ اس کے نظارے روحانیت میں رکھ دئیے گئے ہیں یہ راز اللہ ہی جانتا ہے کہ اس نے اپنے بے تار (Wire Less) سسٹم میں کیا کچھ رکھ دیا ہے۔روح نظر نہیں آتی۔ نہ کوئی ثابت کرسکا ہے اور نہ کرے گا۔ مگر انسان پیٹ سے فارغ ہوکر روحانی مسائل کی طرف آئے گا تو روحانی جلوے اس پر نمودار ہوں گے۔ ہر انسان چند الفاظ کے ورد سے غیبی طاقتیں حاصل کرنا چاہتا ہے۔ روحانیت کے کمال درجے تک پہنچنا چاہتا ہے اور اس کام کیلئے وہ روحانی ہستیوں سے ملتا ہے مگر مایوس ہوکر لوٹ آتا ہے کیونکہ روح اور روحانیت کی دنیا کچھ اور ہے۔ اس میں لٹانا زیادہ ہے اور پانا کم ہے۔
روحانی کمالات کا آغاز اپنی ذات کی نفی سے ہوتا ہے۔ غریبوں اور بے کسوں کی دعاؤں میں یہ نظر آتی ہے۔ کسی کا دل بن جائیں تو ہمارا دل سکون و قرار حاصل کرتا ہے۔ روحانی معاملات دل کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ نظر نہیں آتے۔ بس محسوس ہوتے ہیں۔ ان کے قوانین ذرا مادی دنیا سے ہٹ کر ہوتے ہیں۔ ان کا فلسفہ عام قوانین سے قدرے مشکل ہے‘ بس سادہ سا ایک فارمولہ ہے کہ خوش رہنا چاہتے ہو تو اپنے جیسوں کو خوش رکھو… کسی کا دل بن جاؤ یا کسی کی جان بن جاؤ۔
خوشی آپ کے اندر ہے: خوشی آپ اپنے اندر سے تلاش کرسکتے ہیں۔ صرف اپنے انداز فکر کو بدلیے۔ مثبت انداز فکر کو اپنائیے۔ تصویر کا ہمیشہ روشن پہلو ہی مدنظر رکھا کریں۔ تاریک پہلو یا منفی سوچیں آپ کو ڈیپریشن یا اداسی ہی بخش سکتی ہیں خوشی ہرگز نہیں دے سکتی ہیں۔ مشکل حالات سے نبٹنا سیکھیں امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ امید کی ہلکی سی کرن بھی دل میں خوشی کا احساس زندہ رکھتی ہے۔
مسائل کو اپنے اوپر سوار مت کریں: اگر قدرت کی طرف سے آپ پر کوئی پریشانی یا مصیبت نازل ہوتی ہے تو ہر وقت صرف میں ہی کیوں؟ جیسی سوچیں اس پریشانی میں کئی گنا اضافے کا باعث بن جاتی ہے۔ اس کے بجائے ٹھنڈے دل سے مسئلے کے بارے میں سوچیں۔ ان لوگوں کو مدنظر رکھیں جو آپ سے بھی بڑی کسی مصیبت میں مبتلا ہیں تو آپ کو اپنی پریشانی بہت چھوٹی لگے گی اور آپ اپنے مسائل کا بہتر حل سوچ سکیں گے۔
مسائل کو بلاوجہ مت لٹکائیں: اگر آپ کسی بھی مسئلے کو طول دیتے جائیں گے اور متعلقہ غیرمتعلقہ سب لوگوں سے صلاح مشورہ کریں گے تو آپ زیادہ پریشانی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ مشورہ ضرور کیجئے مگر صرف اپنے خیرخواہوں سے مگر اپنی قوت فیصلہ کو بھی مضبوط بنائیے۔ بروقت اور صحیح فیصلہ کرنے کی عادت آپ کی کئی پریشانیوں کو کم کرکے آپ کو پرسکون کرسکتی ہے۔
خوش ہونے کیلئے بڑے واقعات کا انتظار مت کریں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں سے خوشیوں کو کشید کریں۔ آپ کے بچے کی معصوم شرارت بھی آپ کو خوشی سے ہمکنار کرسکتی ہے۔ اپنے اردگرد نظر دوڑائیے ہزار ہا لوگ مصائب میں مبتلا نظر آئیں گے۔ دیکھئے آپ ان کی کس حد تک مدد کرسکتے ہیں۔ کسی کی مدد کرکے آپ کو جو خوشی اور سکون ملے گا اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ لوگوں کو خوشیاں بانٹیے قدرت آپ کا دامن خوشیوں سے بھردے گی۔ اپنے آپ پر اعتماد کیجئے یقینا آپ اپنے مسائل کا بہتر حل تلاش کرسکتے ہیں۔ اس بات پر یقین رکھیں کہ اللہ کسی بھی شخص پر اس کی استطاعت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔ماضی پر ہمیشہ نظر رکھیں۔ ان غلطیوں کو دہرانے سے گریز کیجئے جن کی وجہ سے آپ نے ماضی میں نقصان اٹھایا ہو۔ ہمارے بہت سے مسائل خود ساختہ ہوتے ہیں۔ ہمسائے کی نئی گاڑی‘ پلاٹ‘ کسی رشتے دار کے بچے کی امتحان میں اعلیٰ کامیابی بھی بعض اوقات ہمیں مایوسی اور غم میں مبتلا کردیتی ہے۔ یہ حسد ہے اور اس سے بچیں۔ حدیث شریف میں حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھاجاتا ہے جس طرح آگ لکڑیوں کو۔ دوسروں کی خوشیوں میں کھلے دل سے شرکت آپ کو بھی خوشی دے سکتی ہے۔
آخری اور سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ بحیثیت مسلمان ہم سب تقدیر پر ایمان رکھتے ہیں اس یقین کو مضبوط بنائیے۔ اللہ سے ہمیشہ بہتری کی دعا کریں اور اگر کوئی مصیبت آجائے تو اسے صبر اور حوصلے سے برداشت کریں اور یہ یقین رکھیں کہ آپ کا رب آپ سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے وہ یقیناً آپ کو مشکل سے نکالے گا۔ مایوس ہونے کی بجائے اللہ کی ان نعمتوں کا شکرادا کرنا نہ بھولیے گا جو اس نے آپ کو عطا کی ہیں۔ وہ شکر اور صبر کرنے والوں کو زیادہ نوازتا ہے۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 329 reviews.