سحر کا اثر ہے
سوال:پندرہ سال سے میرے وجود پر سحر کا بڑا سخت اثر ہے۔ صرف کسی باعمل پیر سے علاج کرانے سے آرام آتا ہے لیکن پھر آہستہ آہستہ لوٹ آتا ہے یا جگہ بدل لیتا ہے۔ مثلاً دماغ سے اتر کر کمر میں آئے گا یا دل سے کمر میں چلا جائے گا،کندھوں پر ہر وقت شدید بوجھ رہتا ہے۔ (اصغر علی، لاہور)
جواب: کافور دیسی آدھ پاو لے لیں۔ رات کو ایک پیالی میں تھوڑا سا پانی لے کر اس میں اتنا کافور ڈالیں کہ پورا کافور پانی میں گل جائے۔ کپڑے اتار کر یہ پانی اپنے بدن پر مل لیں۔ بالوں میں انگلیوں سے لگالیں۔ کوشش کریں کہ جسم کا کوئی حصہ نہ بچے۔ دو تین منٹ میں پانی سوکھ جائے تو کپڑے پہن کر سوجائیں۔ بہت ضرورت ہو تو کسی سے بات کریں ورنہ نہ کریں۔ صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے نہائیں‘ نہاتے ہوئے ساتھ ساتھ پڑھیں۔
”حق آیا باطل گیا‘ بحکم شہنشاہ عرش وفرش“
تیرہ روز میں انشاءاللہ جادو و سحر ٹوٹ جائے گا۔
(نوٹ: سرسحر جادو والے کیلئے یہ بہت تجربہ شدہ عمل ہے)
پاگلوں سی کیفیت
سوال:پانچواں سال ہے بی ایس سی فزکس اور الجبرا کے ساتھ کررہی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میں ایم ایس سی ضرور کروں لیکن میرے اتنے نمبر نہیں آرہے کہ میں یونیورسٹی میں داخلہ لے سکوں۔ جتنی اچھی تیاری کروں پیپر اچھے نہیں ہوتے صرف پاس مارکس آتے ہیں کبھی کبھی پڑھنے کو بالکل دل نہیں کرتا جب پڑھنے بیٹھوں تو عجیب و غریب قسم کے خیال آتے ہیں۔ یہ کسی تعویذ اور ٹونے کا اثر ہے یا ویسے ہی ایسا ہوتا ہے؟ مجھ پر ہر وقت مایوسیت چھائی رہتی ہے کبھی کبھی چکر آنے لگتے ہیں کبھی چکر بھی نہیں آتے، پھر بھی میری حالت پاگلوں سی ہوتی ہے۔ چاہے بہت سے لوگ بھی بیٹھے ہوں۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میں کہاں ہوں۔ نہیں بتاسکتی کیا کیفیت ہوتی ہے بلکہ میں اپنی اس کیفیت کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔ کبھی کوئی بات کرتے ہوئے بھول جاتی ہوں کہ کیا کہہ رہی تھی۔ میری ماں کا بھی اس وقت انتقال ہوگیا تھا جب میں صرف ساڑھے تین سال کی تھی ۔ کبھی کبھی گھر سے مٹی کی بو آنے لگتی ہے۔ (شاہین، تحصیل کوٹ ادو)
جواب: حضرت علی رضی اللہ عنہ کا قول ہے ” جس نے اپنے آپ کو پہچان لیا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا“۔ بعدنماز عشاءیا بعد نماز فجر اس قول کو 25 بار دہرائیں اور پھر غور کریں جس نے اپنے آپ کو پہچان لیا اس کا کیا مفہوم ہے‘ انسان قدرت کا شاہکار ہے بہت قیمتی مخلوق ہے‘ اس کے سامنے فرشتہ‘ جن‘ حیوان‘ درندہ چرندہ‘ پرندہ سب ہیچ ہیں۔ جوں جوں آپ غور کرتی جائیں گی آپ کو اپنے قیمتی ہونے کا احساس ہوتا جائے گا۔ یہ احساس اس لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے آپ کو کمزور مغرور اور بے قیمت سمجھنے لگتا ہے۔ نہیں اس رب عظیم نے جسے اشرف الخلق قرار دیا وہ اپنے آپ کو بے قیمت سمجھے یہ گناہ ہے۔ شاید ایک حد تک کفر بھی ہے کیونکہ فَقَدعَرَّفَ رَبّٰہ کے معنی یہ ہیں کہ ہم اللہ جل شانہ کے فرمان کا پاس کرتے ہوئے اپنے آپ کو وہ مخلوق باور کریں جس کیلئے یہ ساری کائنات مسخر کردی گئی ہے سورج ہمارے لیے عین وقت پر طلوع ہوتا ہے موسم ہمارے لیے اپنے رنگ اور اپنی جستجوئیں بکھیرتے ہیں۔ سبزہ پھل‘ پھول‘ اجناس ہی نہیں جانوروں کے ریوڑوں کے ریوڑ ہمارے لیے گلوں میں پلتے ہیں۔ زمین ہمارے لیے میزبان بن کر اپنا دستر خوان کبھی نہیں سمیٹتی جو افراد اور جو قومیں اس حقیقت کا ادراک کرلیتی ہیں وقت کی باگ ان کے ہاتھ میں آجاتی ہے۔ میں نے آپ کیلئے ایک راہ کھولی ہے آپ نے روزانہ اسی طرح غورو فکر کرنا ہے اور کاغذ پر منتقل کرنا ہے۔ چند روز میں آپ کی یاسیت بھی دور ہوجاے گی اور آپ کا دوسرا مقصد بھی حل ہوجائے گا۔
سکون نہیں ملتا
سوال: عرصہ پانچ سال ہوئے ہیں میں اس بیماری میں مبتلا ہوں۔ بہت سے پیروں اور فقیروں تک دوڑ لگائی کچھ واضح فرق نہیں آیا۔ کوئی کہتا ہے جادو ہے کوئی کہتا ہے جن ہے کوئی کہتا ہے نظر ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے پہلے عرض کی ہے کہ تقریباً چھ سال ہوئے ہیں کہ مجھے وہم ہوگیا تھا۔ پہلے پہل تو بہت دل گھبراتا تھا‘ اب دل تو زیادہ نہیں گھبراتا مگر مسئلہ جوں کا توں ہے۔ والد محترم جب حج مبارک پر جانے کی بات کرتے ہیں تو دل گھبراتا ہے اگر کوئی چیز مجھے کوئی تحفہ میں دے یا کوئی سگریٹ پیش کرے یا مٹھائی تو میں جب تک واپس نہ کرلوں مجھے چین نہیں آتااور خواہ مخواہ غیرضروری باتیں پریشان کرتی ہیں اور ساری رات دہکتے انگاروں پر گزرتی ہیں میں نے حجام سے حجامت بنوانی بھی چھوڑ دی ہے کہ کہیں میرے وہ ایسے بال نہ کاٹ دے جس پر اللہ ناراض ہوجائے۔ (محمدابراہیم ۔ میانوالی)
جواب:۔ تیسرا کلمہ آپ کیلئے اکسیر کا حکم رکھتا ہے ہر نماز کے بعد ایک بار اَلصَّلوٰةُ والسَّلاَم‘ عَلیٰ سَیِّدِالاَنَام۔
ب:۔ تیسرا کلمہ 41 بار
دس بار اَلصَّلوٰةُ والسَّلاَم‘ عَلیٰ سَیِّدِالاَنَام۔ اس کے علاوہ اٹھتے بیٹھتے اسے اپنا پڑھنا بچھونا‘ بنالیں ہر وقت پڑھتے رہیں۔ نماز کے علاوہ صرف تیسرا کلمہ پڑھیں اور کوئی ورد وظیفہ نہ کریں۔ تجربہ ہے کہ اسے مسلسل پڑھنے والا روحانی اور جسمانی طور پر بے پناہ مضبوط اور طاقتور ہوجاتا ہے۔
بے رخی
سوال: میرا میاں آرمی افسر ہے جہاں جاتا ہے عورتوں کے ساتھ تعلقات پیدا کرلیتا ہے اور میرے ساتھ بے رخی برتتا ہے میں خوبصورت بھی ہوں پڑھی لکھی بھی ہوں اچھی فیملی سے ہوں‘ دو بچے بھی ہیں خدارا میرا مسئلہ حل کردیں۔ (ا۔ ب جہلم)
جواب: صبح یا عصر یا عشاءکی نماز کے بعد شوہر کا تصور کرکے یہ عمل 21 روز پڑھیں۔
الف:۔ درود شریف 11 بار نماز والا
ب:۔ الحمد شریف بسم اللہ کی آخری میم الحمد کے لام سے ملا کر پڑھیں ایسے بِسمِ اللّٰہ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمo اَلحَمدُ لِلّٰہِ رَبِّ العَالَمِین جب اِھدِنَا الصِّرَاطَ المُستَقِیمَ پر پہنچیں تو اس کو 111 بار پڑھیں ۔
پھر دعا مانگیں کہ یا اللہ میرے شوہر کو صراط مستقیم دکھا۔ خوب جی بھر کر شوہر کے بارے دعا کریں جب دعا کرچکیں تو وَلَالضَّالِّین اٰمین تک پوری سورت پڑھیں گویا سورة فاتحہ کو ایک بار ہی پوری پڑھنی ہے البتہ اِھدِنَا الصِّرَاطَ المُستَقِیمَ 111 بار پڑھنی ہے۔
رشتہ نہیں ہوتا
سوال:۔ ہم چار بہن بھائی ہیں شادی نہیں ہوتی۔ بھائی اچھی سروس کرتا ہے۔ کوئی خامی نہیں۔ لڑکی والے خود کہتے ہیں جب ہم بات کرتے ہیں تو وہ انکار کردیتے ہیں میری ماں اسی غم میں مرگئی۔ بہت کلام الٰہی پڑھا کوئی کہتا ہے کالاعلم ہے۔ ہمارا اللہ پر بھروسہ ہے۔ میں نے خواب دیکھا کہ ایک دربار ہے کچھ لوگ کھڑے ہیں ۔ ایک بہت خوبصورت عورت چہرے پر نقاب ڈال کر بیٹھی ہے۔ وہ کہتی ہے سورة یٰسین 5 مرتبہ مبین کے ساتھ روز پڑھو۔ اس سے پہلے خواب دیکھا سورة بقرہ کا ختم کرو۔ سورة بقرہ کے ختم ہونے میں دو دن رہتے تھے۔ رات کو نماز پڑھ کر لیٹی تو کسی نے میری چارپائی کو زور سے دھکا دیا۔ میں نے اٹھ کر دیکھا کوئی نہیں تھا۔ تھوڑی دیر کے بعد پھر دھکا لگا۔ دوسری رات مجھے محسوس ہوا کوئی میرے پاوں ہلا رہا ہے اسی رات میں بیمار ہوگئی۔ جب پڑھنے کیلئے بیٹھی پیٹ میں درد ہوجاتا۔ اسی رات خواب دیکھا کہ میرے بھائی کے پاس کالا سا آدمی کھڑا ہے۔ میرا بھائی کہتا ہے یہ مجھے سونے نہیں دیتا۔ چچی نے اسے بھیجا۔ میں بھائی سے کہتی ہوں قرآن مجید لے آو یہ آدمی چلا جائے گا۔ بھائی اس آدمی کے آگے قرآن مجید کرتا ہے وہ چلا جاتا ہے۔ اتنے میں میری امی آجاتی ہیں۔ (ک۔ ج ملتان)
جواب:۔ آپ لوگوں کے رشتے سفلی اعمال سے باندھے گئے ہیں۔ آپ کے خواب درست ہیں۔
بظاہر یہ تمام رہنمائیاں بھی درست ہیں۔
آپ ایسا کریں تمام عمل چھوڑ دیں۔ صرف نماز پڑھیں اور عشاءکے بعد یہ عمل پڑھا کریں پھر دیکھیں۔
1۔ درود شریف نماز والا ایک تسبیح
2۔ سورہ کوثر 313 بار مگر آخری آیت اِنَّشَانِئَکَ ھُوَالاَبتَر تین بار پڑھیں۔
جب ایک تسبیح درود شریف پڑھیں تو اپنا تصور کریں اور جب سورہ کوثر 313 بار پڑھیں تو انجانے دشمن کو سامنے رکھیں۔ جتنا تصور کامل بندھے گا اتنی جلدی کامیابی ہوگی۔ بعد میں درود شریف نہیں پڑھنا۔
بھائی سے تنگ ہوں
سوال: بڑا بھائی ہماری زندگی میں زہر گھول رہا ہے۔ عمر کے اس حصے میں ہے جہاں انسان میں عقل اگر پہلے نہیں آتی تو ادھیڑ عمر میں ضرور آجاتی ہے بڑے بھائی کی شادی ہوئی۔ ہماری بھابی نے ہم سے اور ہمارے بھائی سے ناطہ توڑ لیا۔ ہمارے بھائی کی حماقتوں نے ہماری بھابی کو ہم سے اور خود اس سے بھی متنفر کرادیا اور کئی سال تک دونوں میں علیحدگی رہی۔ پھر بیوی کو طلاق دیدی۔ طلاق دینے کے بعد ہمارے بھائی نے دوسری شادی کی ہے لیکن وہ اس بیوی پر بھی خوش نہیں ہے۔
اب مسئلہ ہماری دوبہنوں کا ہے جن کی بات طے ہوچکی ہے ایک کی ہمارے چچا کے بیٹے سے اور دوسری یعنی بڑی بہن کی ہمارے خالہ زاد بھائی سے ہمارا بڑا بھائی پانچوں وقت کا نمازی ہے۔ قرآن پاک کی تلاوت کرتا ہے لیکن اس کے منہ سے اچھی بات نہیں نکلتی پچھلے دنوں ہماری خالہ ہمارے ہاں آئیں اور اس نے بلاوجہ ان سے جھگڑا کیا جس پر انہوں نے رشتہ لینے سے انکار کردیا مگر ہم نے بزرگوں سے صلح کرالی ہے میں نے جب سے آنکھ کھولی ہے ہمارے گھر میں لڑائی جھگڑے کا سماں ہر وقت رہتا ہے۔ اور اس کی اصل وجہ ہمارا بھائی ہے جو اپنی ماں اور بہنوں پر الزام لگانے سے نہیں چوکتا میرا خون کھولنے لگتا ہے مگر صبروتحمل سے برداشت کرلیتا ہوں بات بات پر کاٹنے کو دوڑ پڑتا ہے۔
(منظور حسین اٹک)
جواب: بھائی کیلئے درج ذیل عمل پڑھیں۔
درود پاک اَلصَّلٰوةُ وَالسَّلاَمُ عَلٰی سَیِّدِالاَنَامِ۔ ایک تسبیح
2۔ لَقَد خَلَقنَا الاِنسَانَ فِی اَحسَنِ تَقوِیم۔ ایک تسبیح
3۔ درود شریف اوپر والا۔ ایک تسبیح
یہ عمل بھائی کا تصور کرکے پڑھنا ہے۔ آخر میں دو چار گھونٹ پانی پر دم کرلیں۔ یہ پانی کسی طرح بھی بھائی کو پلادیں‘ یہ پانی دودھ چائے سالن وغیرہ میں بھی پلایا جاسکتا ہے۔ 23 روز یہ عمل جاری رکھیں انشاءاللہ بھائی ا ور گھر کے دیگر مسائل پر خاطر خواہ اثر ہوگا۔
جنسی خیالات
سوال:۔ ہروقت جنسی خیالات کا غلبہ رہتا ہے۔ طبیعت معتدل نہیں ہے۔ مذہبی رجحان ہونے کے باوجود نمازی نہیں ہوں‘ قوت فیصلہ سے محروم ہوں۔ حالات و واقعات سے خوفزدہ ہوجاتا ہوں۔ (محمد رفیق راولپنڈی)
جواب:۔ فَاِنَّ مَعَ العُسرِیُسرًاo اِنَّ مَعَ العُسرِ یُسرٰیo کی آیت کی گیارہ تسبیح پورے دن میں آپ نے پڑھنی ہیں کب کیسے اور کس وقت؟ کوئی سوال نہیں۔ نمازوں پر بانٹ لیں یا ویسے پڑھیں۔ آپ کا مقصد ضرور بالضرور حاصل ہوگا۔ اتنے دنوں تک پڑھتے رہیں جتنے دنوں تک آپ کے مسائل حل نہیں ہوجاتے مگر قرآن مجید میں تیسواں پارہ کھول کر سورة اَلَم نَشرَح نکالیں اور اس مذکورہ آیت کے بعد کی آیات پڑھیں۔ ان پر غور کریں اور تہیہ کرلیں کہ ان میں جو کہا گیا ہے اس پر ضرور عمل کرنا ہے عمل سے ہی زندگی بنتی ہے۔ آپ کا ذہن کنٹرول میں آجائے گا۔
تصور کی حالت
سوال:۔ یوں لگتا ہے کہ دماغ بند ہو چکا ہے اور سر کسی نے جکڑ رکھا ہے جو کچھ پڑھتی ہوں وہ فوراً ہی ذہن سے نکل جاتا ہے۔ زیادہ وقت پریشانی میں گزرتا ہے۔ میں نے یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد شروع کیا ہے اور کئی دوسرے اوراد بھی کر رہی ہوں۔ میں مراقبہ سے بھی مدد لینا چاہتی ہوں۔ کوئی طریقہ و تصور بتا دیں۔ کیا مراقبہ کیلئے پاک ہونا ضروری ہے۔ (الفت سفینہ)
جواب: آپ صرف یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ کا ورد کریں۔ جب بھی فارغ ہوں یا معمول کے کاموں میں مشغول ہوں اس ورد کو پڑھا کریں۔ نماز فجر کے فوراً بعد آرام دہ حالت میں اور خالی پیٹ بیٹھ کر آہستگی سے گہرائی میں سانس لیں اور ایک بار یَارَحِیمُ پڑھ کر آہستگی سے باہر نکال دیں۔ مسلسل یہ عمل دس منٹ تک کیا جائے۔ مراقبہ ذہنی یکسوئی کیلئے کیا جاتا ہے اور اس کیلئے پاک ہونا ضروری نہیں ہے۔ رات کو سونے سے پہلے نورانی مراقبہ کیا کریں جوکہ ہر مہینے ”عبقری“ میں شائع ہورہا ہے اور اس کے لاجواب نتائج مل رہے ہیں
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 410
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں