جو مائیں لوری نہیں سناتیں ان کیلئے
وہ مائیں جو اپنے بچوں کو لوری نہیں سناتیں اور ان کے لیے دعائیہ کلمات پر مبنی نغمے نہیں گاتیں ان کے بچے آگے چل کر اپنے جذبات کا اظہار کرنے اور دوسروں سے ارتباط میں وقت محسوس کرتے ہیں۔ ایڈنبرا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ دلچسپ بات کہی گئی ہے کہ دعائیہ نغمات گانے اور لوریاں سنانے والی مائیں اپنے بچوں کی ذہنی اور جذباتی نشوونما میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ لوری پڑھتے وقت ماں کی آواز میں جو اتار چڑھائو اور مختلف انداز پائے جاتے ہیں وہ اسے جذبات کے سمجھنے اور خود ان کے اظہار میں مدد دیتے ہیں۔
اس تحقیق کے مطابق جو بچے ماں کی لوری نہیں سنتےوہ یہ نہیں سیکھ پاتے کہ اپنے محسوسات و جذبات کا اظہار کس طرح کریں اور یہ بات اکثر بچوں میں مایوسی اور پھر غصے اور شدید ضد کا سبب بن جاتی ہے۔ ایک ماہر خاتون نے جو اس تحقیقی کام میں شامل تھیں، یہ بتایا کہ ایک بچے میں جذبات کے اظہار کی صلاحیت اپنی ماں کی آواز سے پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بولتے یا کچھ پڑھتے ہیں تو ہمیں اپنے اس لہجے اور سر کا کوئی خاص احساس نہیں ہوتا جس میں ہم بول یا گا رہے ہیں کیونکہ یہ ایک قدرتی عمل ہوتا ہے لیکن بچوں کو الفاظ سے واسطہ نہیں ہوتا بلکہ وہ صرف اس لہجے،آواز کے اتار چڑھاؤ سے مطلب رکھتے ہیںجو ان کے کانوں میں پڑ رہی ہے۔ جب وہ ذرا بڑے ہوکر الفاظ سیکھنا شروع کرتے ہیں تو وہ ان الفاظ سے تعلق رکھنے والے جذبات کو بھی سمجھ لیتے ہیں۔ یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے سے بچے الفاظ کے معنی سمجھتے ہیں۔
لوری نہ سنائی تو یہ نقصان ہوگا؟
مثال کے طور پر جب ماں نرم اور دھیمے لہجے میں بات کرتی یا لوری سناتی تو بچہ سمجھ لیتا ہے کہ اسے بہلانے اور چمکارنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ ماں کی سخت اور کرخت آواز بچے کو یقین دلا دیتی ہے کہ ماں غصے میں ہے۔اس تحقیق سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر نے کہا کہ لوری یا کوئی دعائیہ نغمہ پڑھنا ایک ایسی زبان ہے جس کے ذریعے سے بہترین انداز میں جذبات کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔ لوری کا انداز اور آواز کا زیر و بم بچے میں یہ صلاحیت پیدا کرتا ہے کہ وہ جذبات اور الفاظ کے درمیان صحیح تعلق قائم کرسکے۔ اگر بچہ لوری اوردعائیہ گیتوں میں ماں کے جذبات کے اظہار کو سننے سے محروم رہے گا تو پھر وہ یہ بھی نہ سیکھ سکے گا کہ اپنے جذبات کا اظہار کس طرح کرے اور جب وہ جذبات کے اظہار سے قاصر رہے گا تو رفتہ رفتہ وہ اپنے اردگرد سے کٹ جائے گا اور غصیلا اور ضدی ہو جائے گا یعنی اس طرح وہ اپنے گھٹے ہوئے جذبات کا اظہار کرے گا۔دراصل ماں اور بچے کے تعلق کے بارے میں ایک تحقیق کا سلسلہ برطانیہ میں گزشتہ بیس سال سے جاری ہے اور ایڈنبرایونیورسٹی کی یہ تحقیق اسی سلسلے کا تازہ ترین مرحلہ ہے۔ اس پورے تحقیقی منصوبے کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ والدین کے طرز عمل کا بچے کی نشوونما پر کیا اثر پڑتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں