Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

ضدی بچے سے تنگ ہوں! نمٹنے کیلئے کیا کروں؟ بچی کی شادی ہے! مگر سر میں خشکی بہت ہے! کیا کروں؟

ماہنامہ عبقری - نومبر 2017ء

ضدی بچہ:بیٹا پونے تین سال کا ہے۔شادی کے چھ سال بعد پیدا ہوا۔وہ شروع سے میرے لئے مسئلہ بنا ہواہے۔ شروع کے چار مہینے پوری رات روتا رہا۔بعد میںکھانے پینے کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔حد سے زیادہ ضدی ہے۔گھر میں میرے ساتھ تنہا رہے تو کھیلتا رہتا ہے۔کوئی مہمان آجائے تو بدتمیزی پر اُتر آتا ہے۔ہر وقت بھرپور توجہ چاہتا ہے۔کوئی بچہ آجائے تو مارتا ہے۔چولہے کی گیس کھول دیتا ہے،نلکے کھولتا ہے۔وہ کسی طرح قابو نہیں آرہا،میں سخت پریشان ہوں۔سکول میں داخل کرایا،ڈاکٹروں کو دکھایا،مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔مجھےمشورہ دیجیےکہ کیا کروں۔(عالیہ‘ لاہور)
مشورہ: کچھ بچےفطرتاًضدی ہوتے ہیں۔پھر آپ کا تو لاڈلا بیٹا ہے۔شایداسی لئے وہ آپ سے بھر پور توجہ اور وقت چاہتا ہے۔میں نے اپنے خاندان میں بھی ایسے بچے دیکھے ہیں جو پیدائش کے بعد پوری رات ماں کو جگا کر تنگ کرتے تھے۔ مگر پھر ٹھیک ہو گئے۔آپ نے بچے کو سکول میں داخل کروا دیا یہ صحیح ہے۔آہستہ آہستہ وہ بچوں میں گھل مل جائے گا۔اُس کی اُستانی سے کہیے کہ بچے کا خیال رکھے۔بچوں کو بعض دفعہ نظر لگ جاتی ہے۔آپ مسنون دعائیں پڑھ کر دم کیجیے۔یاد رکھیے بے جا لاڈپیارسے بگڑجاتے ہیں۔اسے رات کو اچھے اور برے بچوں کی کہانیاں سنائیے۔بتایئےکہ اچھے بچوں سے سب پیار کرتے ہیںاور برے بچے کسی کو پسند نہیں آتے۔ ایک بچے کی عادت تھی کی روٹی اُٹھا کر نیچے پھینک دیتا تھا۔اسے کسی کے ذریعے بتایا کہ رذق کی بے ادبی نہیں کرنی چاہیے۔جو بچے ایسا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ اُس سے ناراض ہو جاتے ہیں۔وہ بچہ چند دن میں اپنی عادت سے باز آگیا۔ بچے کو بتائیے کہ سوئی گیس ضائع کرنے سے نقصان ہو جاتا ہے۔آپ چولہے کے پیچھے بھی گیس بند کرنے کے لئے ہینڈل لگواسکتی ہیںتاکہ چولہے میں بے وقت گیس نہ آئے۔جب کام کریں تو کھول لیجئے۔بچوں والے گھر میں احتیاط کرنی چاہیے۔دوائیاں بچوں کی پہنچ سے دور رکھیےورنہ وہ گولی سمجھ کر کھاسکتے ہیں۔
بالوں کی خشکی :میری بچی کی شادی ہے۔اس کے بالوں میں خشکی بہت ہے۔میں بہت پریشانی کےعالم میں خط لکھ رہی ہوں،ہرطرح کی دوااستعمال کر کے دیکھ چکی،کوئی فائدہ نہیں ہوا۔آپ بتائیےکیسے حل ہوگا۔ (فائزہ‘ پشاور)
مشورہ: میتھی دانہ سر کی خشکی دور کرتا ہے۔پیس کر رکھ لیں۔دو تین چمچ پانی میں رات کو بھگوئیے ،صبح سر میں لگاکرآدھ گھنٹے بعد سر دھوئیے۔مزید براں زیتون کا تیل چوتھائی چمچہ لیجیے۔ اس میں تھوڑا سا لیموں کا رس ملا کر سرپر لگائیے۔ہفتے میںتین بار یہ عمل کریں۔بند گوبھی کے50گرام پتوں میں ایک ککڑی اور ایک گاجر ملا کر سلاد بنائیےاور روزانہ کھائیے۔اس سے بالوں کی افزائش ہو گی۔ چنا، سویابین اور ثابت ماش ہفتے میں ایک بار کھائیے۔غذا سے بھی فرق پڑ جاتا ہے۔ گیہوں کے پودے کا تازہ رس بھی بال بڑھاتاہے اُسے روزانہ پینے سے بال بڑھتے ہیں۔
ناک سے بدبو:میری ناک سے بہت بدبو آتی ہے۔ جوبہت ناگوارلگتی ہے۔بعض دفعہ کھانے پینے کو دل نہیں چاہتا کوئی ایسی دوائی ہے جس سے میں اس بدبو سے نجات پالوں؟ (عمارہ‘ کراچی)
مشورہ: آپ کوکسی ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ بدبو کیوں آتی ہے؟ بہرحال آپ ایک چمچہ کلونجی لیجیے۔پھر گیارہ چمچ زیتون کا تیل لے کر ہلکی آنچ پر گرم کریں۔اس میں کلونجی ڈالیے۔جب پکنے لگےتو پانچ منٹ تک مزید پکائیے۔پھر اتار کر ململ کے کپڑے میں محلول چھان لیجیےاور کسی شیشی میں رکھیے۔ رات کو روزانہ یہ تیل ناک میں دو قطرے ڈالیے۔اس کے علاوہ مالی سے کہہ کے تلسی کےپتے منگوائیےاورخشک کر کے رکھیے۔انہیں باریک پیس کر ہتھیلی پر رکھیئےاور دن میں چار پانچ منٹ سونگیں اور گہرے سانس لیں۔تلسی کا پودا قریب ہو تو تازہ پتوں کا رس نکالیے۔ہتھیلی پر رکھ کر سونگھیے۔ناک میں بعض دفعہ کیڑے ہوں تو اس کی بو سے مرجاتےہیں۔کلونجی کا تیل ناک میں ڈالیں۔ناک میںجو بھی رکاوٹ ہو دور ہو جائے گی نیز بدبو بھی نہیں رہے گی۔کلونجی کا تیل ضرور استعمال کرنا چائیے۔اس میں موت کےعلاوہ ہر چیز کاعلاج پوشیدہ ہے۔
جواب دیجئے ورنہ پاگل ہوجاؤں گی: ہروقت روتی رہتی ہوں‘ بہت دکھی ہوں‘ ماں باپ ہروقت ڈانٹتے رہتے ہیں‘ میڑک کی طالبہ ہوں‘ میں نے سائنس نہیں لی‘ میں نفسیات کی ڈاکٹر کیسے بن سکتی ہوں؟ کیا نفسیات میں تعلیم کے دوران تجربات ہوتے ہیں‘ میں دکھی انسانوں کی خدمت کرنا چاہتی ہوں‘ میری باتوں کو مذاق میں نہ ٹالئے گا‘ آپ کے مشورہ کا انتظار ہے‘ خدا کیلئے مشورہ دیجئے ورنہ میں پاگل ہوجاؤں گی۔ (ش،پ)
مشورہ: ش بی بی! آپ کی لاعلمی اور بے چارگی پر افسوس تو مجھے بھی ہورہا ہے ہمارے ملک میں تعلیم کے بارے نوجوان بچے اور بچیوں کو گائیڈ کرنے والا کوئی نہیں۔ والدین جاہل ہوں تو مسئلہ اور گھمبیر ہوجاتا ہے۔ اچھا اب آپ ڈانٹ سے بچنے کا مشورہ تو یہ لیجئے۔ معلوم ہوتا ہے آپ گھر کاکام توجہ سے نہیں کرتیں‘ آج سے آپ باقاعدگی سے صبح اٹھ کر نماز‘ قرآن پڑھنے کے بعد باورچی خانہ میں جاکر کام شروع کیجئے‘ اطمینان سے کام کرکے تیار ہوکر اسکول جائیے۔ سکول سے آکر آرام کیجئے‘ اپنا سکول کاکام کرکے والدہ کے کاموں میں ہاتھ بٹائیے‘ رات کو پھر ایک مرتبہ سبق دہرا کر آرام سے سوجائیے۔ والدہ آپ کو ڈانٹیں گی نہیں۔ ماں باپ بچوں سے پیار کرتے ہیں اور ہمیشہ غلط باتوں پر ہی ڈانٹ ڈپٹ کرتے ہیں۔ یہ ان کا فرض ہے کہ وہ آپ کو سمجھائیں۔ اس میں رونے دھونے کی بات نہیں۔ اپنا دھیان تعلیم پر دیں‘ اچھے نمبرز سے پاس ہوں گی تو آگے کچھ بن سکیں گی۔
محبت کی شادی کیا جرم ہے؟ مجھے ایک لڑکے سے محبت ہے اور وہ بھی مجھ سے پیار کرتا ہے مگر میرے والدین سخت ہیں وہ غیروں میں کبھی شادی نہیں کریں گے۔ وہ لڑکا رشتہ بھیجنا چاہتا ہے‘ مخلص ہے‘ مجھے پتہ ہے میرے ماں باپ یہ رشتہ منظور نہیں کریں گے۔ مجھے مشورہ دیجئے۔ محبت میں شادی کرنا جرم تو نہیں ہے۔ (کرن‘ اسلام آباد)
مشورہ: کرن بی بی! آپ صحیح فرماتی ہیں محبت میں شادی کرنا جرم نہیں ہے۔ آپ کی عمر ابھی اتنی نہیں ہے کہ آپ اس سے شادی کرسکیں۔ یہ عمر بڑی خطرناک ہوتی ہے‘ عقل و شعور نہیں ہوتا۔ آپ جذبات میں آکر خط لکھ دیتی ہیں اور کچھ بچیاں تو حد پھلانگ جاتی ہیں‘ آپ اس لڑکے کو رشتہ بھیجنے کیلئے کہیے۔ جس جگہ بیری ہوتی ہے وہاں پتھر آتے ہیں۔ آپ کے والدین ہوسکتا ہے رشتہ منظور کرلیں اور آپ کی تمنا پوری ہوجائے۔ رشتے آسمانوں پر طے ہوتے ہیں یہ بات آپ نے بڑی بوڑھیوں سے سنی ہوگی۔ آپ اطمینان سکون سے رہئے۔ پندرہ سولہ سال کی عمر میں ایسی بڑی بڑی باتیں بچیوں کے منہ سے زیب نہیں دیتیں۔ والدین بڑے لاڈ پیار سے بچیوں کو پالتے ہیں۔ وہ آپ کو جان بوجھ کر کنویں میں نہیں دھکیل دیں گے۔ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔ آپ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیجئے‘ نماز‘ قرآن پڑھیے‘ نماز پڑھنے سے دل کو بہت سکون ملتا ہے‘ آپ پابندی سے نماز پڑھیں گی تو سارے وساوس دور ہوجائیں گے۔

Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 251 reviews.