قدرت نے نیازبو کی پیداوار میں بڑی فراخدلی سے کام ہے کیسی ہی اچھی بری زمین ہو اس کا پودا نشوونما پاجاتا ہے۔ پرانے حکیموں کی سائنسدان نگاہوں نے اس کی جراثیم کش خوشبو سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے انفلوئنزہ (انف غزہ) معادی بخار‘ خسرہ اور لاکڑہ کاکڑہ کے دنوں میں اس کا پودا پھول اور پتے مریض کے کمرے میں رکھنے کا رواج دے کر ان امراض کی چھوت روکنے کا ان مٹ کارنامہ انجام دیا ہوا ہے۔ آج کل کے معاشی دور میں جہاں ہر آدمی ہر وقت روپیہ کمانے کی فکر میں اپنا خون پسینہ ایک کررہا ہے دل فیل ہونے کی خبریں روزانہ ہمارے کانوں میں سنائی دیتی ہیں تو یونائی حکیموں کی قابل قدر ریسرچ ہمارے سامنے آجاتی ہے۔ انہوں نے صدیوں پہلے دل کی بیماریاں دور کرنے اور دل کو مضبوط بنانے کیلئے نیازبو کے پتے کی چٹنی بنا کر استعمال کرنے کا مریضوں کو مشورہ دیا تھا۔
خسرہ‘ لاکڑہ کاکڑہ اور ٹائیفائیڈ (معیادی بخار) میں ہمارے خاندان میں اس کے پانچ سے گیارہ پتے آدھے سے ایک تولہ تک خاکشی (خوب کلاں) اور پانچ سے سات دانوں تک عناب اور منقیٰ پانی میں جوش دے کر اس کا جوشاندہ گھونٹ گھونٹ کھانڈ ملا کر پلانے اور اس کے ساتھ کشتہ صدف مروارید ایک دو رتی یا جواہر مہرہ ایک چاول یا سالم سچے موتی (مروارید سفتہ) تین سے پانچ دانے تک چند دن کھلانے کا رواج ہے۔ ان بیماریوں کے مریض اس چند روزہ علاج سے اللہ کے فضل سے جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس گھریلو علاج کی یہ بھی خوبی ہے کہ ان چھوت والے امراض کو جلد صحت ہونے کے علاوہ بعد میں دل اور اعصابی بیماریوں سے مریض محفوظ رہتا ہے۔ جب دل میں گرمی آجائے‘ غصہ زیادہ ہو‘ طبیعت نڈھال اور تھوڑے کام کاج سے تکان محسوس ہونے لگے۔ بلاوجہ خوف‘ ڈر اور گھبراہٹ ستانے لگے تو کشتہ مرجان ایک رتی کھا کر نیازبو کے سات سے پندرہ پتے ایک دو امرود یا سیب‘ تین سے چھ ماشے تک ہرا دھنیا ایک دو مالٹا یا کینو کاٹ کر ان کا سلاد بنا کر لیموں اگر پسند ہو تو ملا لینے میں کوئی حرج نہیں۔ شام کے وقت تین سے پانچ بجے تک چند روز استعمال کرکے دل مضبوط اور غم کو دور کریں۔ اس کے تخم جوان لڑکے اور لڑکیوں کی گرمی دور کرنے کے بھی کام آتے ہیں۔ جب گرم غذائیں کھانے اور غلط ماحول میں رہنے سے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو رنگ برنگی رطوبتیں خارج ہونے لگیں اور روز بروز جسم کھوکھلا ہونے لگے تو اس کے تخم ۲ ماشے سے چھ ماشے تک روزانہ دودھ دہی کی لسی یا اکیلے دودھ دہی کے ساتھ چند روز صبح یا زیادتی مرض میں دونوں وقت پھانک لینے سے بفضل خدا صحت ہوجاتی ہے۔ اس کے بیج بازار سے تخم ریحان کے نام سے مل جاتے ہیں۔ بواسیر کے خون کی زیادتی کو بھی روک دیتے ہیں۔ تین سے چھ ماشے تک تخم ریحان سالم پھانک لیں یا گرم دودھ میں ملا کر دودھ مع تخم استعمال کرنے سے ایک دو دن میں ہی خون بند ہوجاتا ہے۔ جب پیشاب جلن سے آنے لگے۔ اس میں تیزابیت بڑھ جائے تو تخم ریحان تین ماشے سے ایک تولہ تک دو تین چھٹانک پانی میں ایک آدھ گھنٹہ بھگو کر شربت بزوری چار پانچ تولے ملا کر چار پانچ دفعہ پھینٹ کر پورا ایک گلاس پینے والا بنا کر چند یوم استعمال کرنے سے صحت ہوجاتی ہے۔
انتڑیوں کی خارش کا نسخہ:جب انتڑیوں میں خراش ہوکر بار بار پتلے پتلے دست آنے لگیں اور پاخانے کے مقام پر جلن محسوس ہو تو اس کے بیج انار کے شربت کے ساتھ تین یا چھ ماشے دو چار دفعہ پھانکنے سے فضل خدا ہوجاتا ہے۔ جب گرمی کے دنوں میں بدن کے مختلف حصوں میں پھنسیاں یا ایگزیمیا ہوجائے تو اس کے پتے پیس کر لیپ کرنے سے خارش اور جلن ختم ہوکر پھنسیاں دور ہوجاتی ہیں۔ خزائن الادویہ میں لکھا ہے کہ تخم ریحان مدربول ہے‘ بلغم اور باد کو دور کرتی ہے‘ قوت ہاضمہ کو بڑھاتی اور بھوک لگاتی ہے‘ صفرا کے علاوہ ذات الجنب درد زہ اور یرقان کو بھی نافع ہے وید تلسی کے پتوں کا شیرہ قے اور تپ میں استعمال کراتے رہے ہیں۔ اس کے پتوں کا رس پلانے سے زکام رفع ہوجاتے ہے‘ کھانسی کے علاج کیلئے پرانے اطباء تلسی اور اڑوسہ کے پتوں کا رس مریض کو دیتے رہے ہیں۔ بخار میں جو گھبراہٹ ہوتی ہے وہ اس کے پتوں کا شربت پلانے سے جاتی رہتی ہے۔ اس کے پتے اور کالی مرچ کی گولی بنا کر دانتوں کے نیچے دبائے رکھنے سے دانتوں کا درد رفع ہوجاتا ہے۔ اس کے پتوں کے رس میں کالی مرچوں کا سفوف ملا کر کھلانے سے تپ اور بخار جاتا رہتا ہے۔ اس کے سوکھے پتوں کو پیس کر ملنے سے چہرے کی رونق بڑھتی ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں