پانی پیتے ہوئےسخت تکلیف
میرے ساتھ یہ مسئلہ ہے کہ تین چار دن بعد میرے دانت کھٹے ہو جاتے ہیں جس سے مجھے کھانا کھاتے ہوئے خصوصاً پانی پیتے ہوئے بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے ۔میرے اس مسئلے سے متعلق کوئی ٹوٹکہ بتا دیجئے۔ (نازیہ جبیں‘حیدرآباد)
مشورہ: آپ ضرور کھانے پینے میں کوئی گڑ بڑ کر رہی ہیں۔ مثلاً یہ کہ آپ گرم گرم کھانا کھا کرکوئی ڈھنڈی چیز کھا یا پی لیتی ہوں گی ۔بہرحال آپ ٹھنڈے گرم کی تھوڑی احتیاط کریں۔ رات کو سوتے وقت سرسوں کے تیل میں معمولی سا نمک ملا کر دانتوں پر ملیے۔ چار پانچ روز تک ایسا کریں زیادہ نہیں۔ بڑی بوڑھیاں کہتی تھیں دانت کھٹے ہوں تو چار پانچ بادام چبانے سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ آپ بھی آزما کر دیکھیے۔
ہڈیوں کا ڈھانچہ
میری عمر بائیس سال ہے مگر بہت ہی دُبلی پتلی ہوں۔ کھایا پیا لگتا ہی نہیں ۔ میرے سہیلیاں مجھے ڈھانچہ کہہ کر پکارتی ہیں۔ وہ اکثر مجھے چھیڑتی ہیں کہ اس ڈھانچے سے کون شادی کرے گا۔(شمائلہ محمود‘سوات)
مشورہ :لوگ دُبلا ہونا چاہتے ہیں اور آپ کو موٹے ہونے کی خواہش ہے۔ رات کو جلدی سونا شروع کریں۔ نمازِ فجر کے بعد سیر کریں۔ تازہ ہوا میں سیر کرناصحت کیلئے بے حد مفید ہے اور نماز تو فرض ہے۔ رات کو گیارہ عدد بادام تھوڑے سے پانی میں بھگویئے، صبح بادام چھیل کر پیس لیں۔ آدھی چھٹانک مکھن میں پسے ہوئے بادام ملایئے۔ ایک چمچ چینی ڈالیے اورروٹی یا بروائون بریڈ کے سلائس پر لگا کر کھایئے۔ اب ایک بڑا کپ دودھ پی لیں۔ چند ماہ میں آپ کا وزن بڑھ جائے گا۔ کبھی تین کیلوں کا ملک شیک بنا کر پی لیں۔
معدے میں تیزابیت
میرے معدے میں تیزابیت رہتی ہے اس کے لئے کوئی آسان سا ٹوٹکہ بتا دیں‘شکریہ۔(نورین کمال‘کراچی)
ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چمچ اسپغول کی بھوسی ملا کر کانٹے سے خوب پھینٹ لیں پھر ٹھنڈا دودھ ایک پیالی ملائیں اور اسے پی لیں۔ دودھ فریج میں رکھا ہوا ٹھنڈا ہونا چاہیے۔ آدھ گھنٹے بعد ناشتہ کریں، چھ سات ہفتے پی لیں‘ اس سے ان شاء اللہ تیزابیت ختم ہو جائے گی۔
کالی گردن مذاق بن گئی
میری گردن بہت کالی ہے۔ گردن کا کالا رنگ چہرے کے رنگ کو بھی خراب کرتا ہے۔ رشتہ دار کالی گردن دیکھ کر مذاق اُڑاتے ہیں۔ میں گلے میں کوئی چیز نہیں پہن سکتی، بہت بُری لگتی ہے اس کیلئے مشورہ دیں۔(ثمینہ‘نارووال)
مشورہ :کالی گردن ایک دَم تو ٹھیک نہیں ہوگی اس کیلئے کچھ عرصہ محنت کرنا ہوگی۔ دو چمچ ماش کی دُھلی دال رات کو دودھ میں بھگو دیں۔ صبح دال باریک پیس کر اس میں ایک لیموں کا رَس نچوڑ دیں اس مرہم کو آپ اچھی طرح گردن پر لگائیں۔ آدھے گھنٹے بعد اسے ہاتھ سے اچھی طرح مل مل کر اُتار لیںاورگردن تازہ پانی سے دھوئیں۔ آدھے کپ عرقِ گلاب میں ایک لیموں نچوڑ کر رکھ لیں‘ صبح شام گردن پر لگایا کریں‘یہ سب کرنے سے پہلے آپ ایک لیموں کے دو ٹکڑے کریں۔ دو چمچ چینی پلیٹ میں ڈال کر رکھیے۔ لیموں پر اچھی طرح چینی لگا کر گردن پر آہستہ آہستہ رگڑیئے‘ جب پورا لیموں ختم ہو جائے تو پندرہ منٹ بعد گردن دھولیں۔
دوجڑواں بچے
میرے دو جڑواں بچے ہیں ابھی ڈیڑھ کے ہیں، انہیں دودھ پلاتی ہوں اب محسوس کرتی ہوں کہ دودھ کم ہو رہا ہے مجھے صرف کھانے کیلئے کچھ بتایئے۔ (ف‘ن‘اسلام آباد)
مشورہ آپ ایک پائو دودھ لیں، رات کو ثابت ماش دھو کر پانی میں بھگویئے، پُھول جانے پر پیس کر دودھ میں ملا ناریل اور سات بادام میں ملاکر پکائیے۔ کھیر کی طرح گاڑھا ہونے لگے تو چینی ملا کر نوش فرمالیں‘کمی دور ہو جائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں