کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میرا تعلق سرگودھا کے ایک گاؤں چھنی تاجہ ریحان ہے۔ ہم تمام گاؤں والے ماہنامہ عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں‘ اس میں موجود وظائف اور نسخہ جات کو آزماتے بھی ہیں دوسروں کو خوشی خوشی بتاتے ہیں۔ تمام گاؤں والے عبقری میں آئے وظائف اور ٹوٹکوں کو بے دھڑک استعمال کرتے ہیں اور خوب فیض یاب ہوتے ہیں۔ جب سے ماہنامہ عبقری میں ’’کسان دوست عبقری‘‘ شائع ہونا شروع ہوا ہے عجب خوشی ملتی ہے پڑھ کر۔ اس میں موجود جانوروں کے نسخہ جات اور ٹوٹکے‘ فصلوں کے متعلق وظائف بہت کام آرہے ہیں۔
میرا بھی ایک مشاہدہ ہے جو میں ماہنامہ عبقری کے کسان قارئین کی نذر کررہی ہوں:۔ایک بار ہم نے بھینس خریدی‘ کچھ عرصہ بعد وہ بیچنا چاہی تو اس کی قیمت بہت تھوڑی لگ رہی تھی‘ میرے والد اس وجہ سے بہت پریشان تھے کہ قیمت خرید بھی نہیں مل رہی تھی اور بھینس بھی بہت اچھی حالت میں‘ صحت مند اور خوبصورت تھی۔ عبقری میں ایک مرتبہ ایک عمل چھپا تھا وَاللہُ الْمُسْتَعَانُ اور سورۂ یٰسین کی مبین والا میں نے دونوں عمل کیے۔ عمل اس طرح ہیں: دو نفل پڑھ کر سو مرتبہ وَاللہُ الْمُسْتَعَانُ پڑھیں اور پھر سورۂ یٰسین کی تلاوت شروع کریں جب مبین پر پہنچیں تو دوبارہ پھر سے سورۂ شروع کریں‘ پھر دوسری مبین پر پہنچیں تو دوبارہ پھر سے شروع کریں‘ پھر تیسری مبین پر پہنچیں تو دوبارہ پھر سے شروع کریں‘ اسی طرح سات مبین پوری کریں۔ میں نے یہ عمل کرکے تصور میں بھینس کو دم کردیا۔ میں یہ سن کر حیران رہ گئی کہ ادھر دم کیا اور اس کے کچھ دیر بعد ہی ایک گاہک نے خود ہی بہت اچھی قیمت لگائی اور بھینس لے گیا۔ میرے والد کے تصورمیں بھی نہ تھا کہ بھینس اتنی اچھی قیمت میں بک جائے گی۔ (مائدہ بتول‘ سرگودھا)
گائے کے زہربادکا علاج
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ایک جگہ بیٹھا وہاں ایک بزرگ بیٹھے تھے انہوں نے مجھے گائے کی بیماریوں کے حوالے سے دو آزمودہ نسخہ جات بتائے جو میں قارئین عبقری کی نذر کررہا ہوں۔ اگر کسی گائے کو زہرباد ہوجائے تو اسکو لال مرچ پانی میں گھول کر پلائیں اور اوپر سے ایک پاؤ دیسی گھی پلادیں‘ یہ طریقہ دو سے تین مرتبہ کرنے سے زہرباد ختم ہوجائیگا۔
حقہ کا پانی بہترین ٹانک
ایک بیماری اور بھی جانوروں میں جو خاص کر دودھ دینے والے ہوتے ہیں ان میں گائے بھینس کا شمار عام ہوتا ہے‘ اس بیماری میں جانور کے دودھ دینے والے حصے جسے تھن کہا جاتا ہے اس میں سے ایک تھن میں دودھ آنا بند ہوجاتا ہے‘ اس کیلئے حقہ کا پانی بہترین ٹانک ہے‘ حقہ جو گاؤں میں لوگ عام پیتے ہیں اس کے نیچے والے حصہ میں جو پانی استعمال ہوا ہو وہ پانی جانور کو استعمال کرایا جائے اس سے جانور کی اس بیماری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ (اسامہ زاہد‘کھوکھرکی‘ گوجرانوالہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں