Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

چند آزمودہ نسخے لیکر حاضر ہوں!

ماہنامہ عبقری - ستمبر 2018ء

قارئین! آپ بھی بخل شکنی کریں‘ آپ نےکوئی روحانی‘ جسمانی نسخہ‘ ٹوٹکہ آزمایا ہو اور اس کے فوائد سامنے آئے ہوں یا آپ نے کوئی حیرت انگیز واقعہ دیکھا یا سنا ہو تو عبقری کے صفحات آپ کیلئے حاضر ہیں‘ اپنے معمولی سے تجربے کو بھی بیکار نہ سمجھئے‘ یہ دوسروں کیلئے مشکل کا حل ثابت ہوسکتا ہے اور آپ کیلئے صدقہ جاریہ‘ چاہے بے ربط ہی لکھیں‘ صفحات کے ایک طرف لکھیں نوک پلک ہم خود ہی سنوار لیں گے۔

چند آزمودہ نسخے لیکر حاضر ہوں!
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آج چند آزمودہ نسخے اپنے عبقری کیلئے لے کر حاضر ہوئی ہوں۔ ہر قسم کی جسمانی کمزوری دور: مرغی کا انڈا بہترین غذا اور بے نظیر دوا ہے‘ جو لوگ کسی مخصوص کمزوری کا شکار ہوں اور عام جسمانی کمزوری بھی ہو تو ایک یا دو دیسی انڈوں کی سفیدی اور زردی پیالے میں نکال کر خوب پھینٹیں اس کے بعد ایک پاؤ دودھ کھولتا ہوا پیالے میں ڈالیں۔ شہد یا چینی سے میٹھا کرکےنیم گرم کرکے پی لیں۔ چند روز تک عام جسمانی کمزوری دور ہوگی۔ یہ بہت آزمودہ ہے۔ ابھی ستمبر ہے بعض پہاڑی علاقوں میں رات کو ٹھیک ٹھاک ٹھنڈ ہوجاتی ہے وہ ابھی سے استعمال کرسکتے ہیں۔ میدانی علاقوں کے رہائشی یہ ٹوٹکہ صرف سردیوں میں استعمال کریں۔بچوں کا مرض سوکھا کا علاج: انڈے کی زردی نکال کر ہتھیلی پر رکھیں اور س پر بچہ کو بٹھائیں یہ زردی مقعد کے راستے جذب ہوجائے گی۔ روزانہ اسی طرح کریں‘ بچہ کی صحت روز بروز بہتر ہوتی جائے گی چند ہفتوں میں بچہ موٹا تازہ تندرست ہوجائے گا۔ یہ عمل کرنے سے اگر زردی جذب نہ ہو تو سمجھ لینا چاہیے کہ مرض سوکھا میں مبتلا نہیں بلکہ اس کا کوئی اور مرض ہے۔ بادام:قارئین! دل و دماغ کی طاقت کیلئے نسخہ نوٹ فرمالیں‘ ھوالشافی: مغز بادام دس عدد‘ سبز چھوٹی الائچی دس عدد‘ سونف دو ماشے‘ منقیٰ پانچ دانہ‘ یہ سب اشیاء گھوٹ لیں‘مصری ڈال کر میٹھا کریں ‘ صبح ناشتہ میں نیم گرم دودھ کے ساتھ نوش فرمائیں‘ دل و دماغ کو طاقت ملتی ہے پیاس کو ساکن کرتا ہے‘ پیشاب کی جلن دور ہوتی ہے۔
معدہ کی سستی دور: بادام کے مغز کا سرخ چھلکا اتار کر سفید مغز کو کڑاہی میں ہلکے سے گھی میں بھون لیں‘ روزانہ صبح و شام تین سے پانچ دانے کھانے سے معدہ کی سستی اور معدہ کا ڈھیلا پن دور ہوتا ہے۔ خشک کھانسی کاعلاج: خشک کھانسی آرہی ہو تو مغز بادام چبا کر کھا کر پھر چائے پی لیں‘ آرام آجائے گا۔ دائمی قبض دور: مغز بادام کو انجیر کے ساتھ کھانے سے دائمی قبض دور ہوتی ہے‘ روغن بادام دودھ میں چند قطرے ملا کر پینا خشک مزاجوں میں ازالہ قبض کیلئے مفید ہے۔ مغز بادام کاشیرہ کھانے سے پیچش دور ہوتی ہے۔خون کی کمی دور کرنے کیلئے: خون کی کمی ہو تو پالک کے استعمال سےکشتہ فولاد جتنا فائدہ ہوتا ہے۔ دائمی قبض دور ہوتی ہے۔ گرمی کی وجہ سے جوڑوں کا درد ہو تو پالک گھوٹ کر لیپ کرنا مفید ہے۔ گرم خشک مزاج والوں کیلئے نہایت مفید ہے۔ پالک کا جوشاندہ بخار‘ پھیپھڑوں اور دانتوں کے ورم کو تسکین دیتا ہے‘ عمر بڑھاتا ہے ہر مزاج کا آدمی پی سکتا ہے۔ شوگر کے مریض پالک تھوڑی سی کھالیا کریں تو بے حد فائدہ کی چیز ہے۔
میاں بیوی کی محبت کیلئے صرف 21 دن کا عمل
آپ نے رسالہ میں بار بار اعلان کیا کہ میاں بیوی کی محبت کیلئے کوئی آزمودہ عمل یا نقش بھیجیں‘ یہ بہت آزمودہ عمل ہے قارئین! ضرور آزمائیں اور دعاؤں میں یاد رکھیں۔عمل: نئے چاند کی پہلی جمعرات یا بدھ کو عمل شروع کرنا ہے‘ 21 دن کا عمل ہے‘پہلے 21 مرتبہ درود شریف پڑھنا ہے پھر 101 بار درج ذیل کلام پڑھ کر 21 بار درود شریف پڑھ کر شوہر (یا بیوی)کا تصور رکھ کر دعا پڑھنی ہے‘ایک وقت مخصوص کرلیں‘ پانچ دس منٹ دیر یا پہلے ہوجائے تو کوئی حرج نہیں‘ جگہ مخصوص ہو‘ غسل حاجت روزانہ کرنا ہے‘ پھر عمل کرنا ہے۔ ان شاء اللہ فائدہ ہوگا۔ سات سمندر پار بھی شوہر ہو‘ دوری ہوگئی ہو‘ ناراضگی وغیرہ تو تب بھی ضرور ان شاء اللہ اثر ہوگا۔ 21 دن پڑھنے والا عمل: بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ یَارَبَّ جِبْرَائِیْل یَارَبَّ اِسْرَافِیْل یَارَبَّ مِیْکَائِیْل یَارَبَّ عِزْرَائِیْل بِحَقِّ یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَکَ اِنِّی کُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْن اَسْتَغْفِرُاللہَ یَامَالِکَ الْمُلْکِ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَام حَسْبِیَ اللہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْلُ نِعْمَ الْمَوْلیٰ وَ نِعْمَ النَّصِیْرُ
اب کوئی ناراض نہ رہے گا: نماز فجر ادا کرکے کسی سے بات کیے بغیر 21 بار آیت الکرسی سات دن پڑھنی ہے جہاں کلمہ یشفع آئے وہاں تصور رکھ کر نام لے کر دعا کرنی ہے پھر عندہ پڑھ کر جب یعلم یہاں نام لینا پھر مابین کہہ کر پوری مکمل کرنی ہے۔ یعنی دو عین اور دو میم کے درمیان دعا کرنی یا نام لینا جس سے ناراضگی ہوگئی ہے ان شاء اللہ ضرور کام ہوگا۔ (مسز سید اعجاز شبیر بخاری ایڈووکیٹ‘ تلہ گنگ)
خواتین کو کھوکھلا کردینے والے مرض کا سدباب
محترم قارئین السلام علیکم! گزارش ہے کہ بندہ چند مجربات جو کہ بیاض مہتاب سے ماخوذ ہیں آپ کی خدمت میں لے کر حاضر ہوا ہے۔ نسوانی جریان یعنی لیکوریا: لیکوریا ایک ایسا خطرناک مرض ہے جو خواتین کو اندر سے دیمک کی طرح کھوکھلا کردیتا ہے۔ خواتین بے چاری کسی سے ذکر تک نہیں کرسکتیں‘ اکثر سر اور کمر میں درد کی شکایت کرتی ہیں‘ اپنے خاوند کو ذرا سا کانٹا بھی چبھ جائے تو تڑپ جاتی ہیں اور ہروقت انہیں معالج کے پاس جانے کو کہتی رہتی ہیں لیکن اپنے علاج سے کتراتی ہیں۔ لیجئے! ان خواتین کیلئے جو اس موذی مرض میں مبتلا ہیں ان کیلئے لیکوریا کی مجرب دوائی پیش خدمت ہیں۔ بنائیں اور راقم کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اجزا اور ترکیب تیاری ملاحظہ ہو۔ اجزا: چکنی سپاری چار تولہ‘ طباشیر تین تولہ‘ کمرکس تین تولہ‘ برادہ صندل سفید تین تولہ‘ الائچی خورد دو تولہ‘ گل نیلوفر تین تولہ‘ گل انار تین تولہ‘ گل دھاوا تین تولہ‘ گل سپاری تین تولہ‘ چینی آدھ پاؤ۔ تمام ادویات کو باریک کوٹ کر چھلنی سے چھان لیں اور چینی بھی کوٹ کر ان ادویہ میں ملادیں۔ اگر ہوسکے تو تمام ادویہ میں پانچ یا دس ورق نقرہ بھی شامل کرلیں۔ ایک تولہ دوا رات کو سوتے وقت دودھ سے اور ایک تولہ دوا صبح نہار منہ دودھ سے استعمال کریں۔ دودھ وہ استعمال کریں جو ابال کر ٹھنڈا کیا گیا ہو۔ ان شاء اللہ جو خواتین بے اولادی کی شکار ہیں ان کیلئے بھی یہ بے بہا تحفہ ہے۔بے شمار خواتین آزماچکیں آپ بھی آزما کر دعاؤں میں یاد رکھیں۔ (حکیم مہتاب حسین دہلوی‘ نوشہرہ)
پیٹ میں مروڑ اور گیس کیلئے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کو اپنے فضل و کرم میں رکھے اور آپ کی نسلوں کو بھی آپ کی طرح دین کی عظمت اور مخلوق کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم ناچیزوں‘ گنہگاروں اور سیاہ کاروں کو بھی عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین! عبقری رسالہ صرف رسالہ ہی نہیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا تحفہ کہنا بھی بے جا نہ ہوگا۔ اس میں جو ٹوٹکے اور وظیفہ اور اقوال زریں بہت ہی کمال کے ہوتے ہیں۔ چند آزمائی ہوئی چیزیں جو بہت فائدہ مند ثابت ہوئی اور مخلوق خدا کو بھی فائدہ مل رہا ہے۔ ہلدی اور نمک: پیٹ میں مروڑ‘ گیس کیلئے میں نے خود آزمایا ہے۔ یقین جانیے! صرف 25 منٹ میں بالکل فٹ تھا۔ چٹکی بھر ہلدی اور نمک چٹکی بھر پانی کے ساتھ استعمال کیا۔
ایک چیز جو میں نے رسالہ عبقری میں پڑھی آزمائی انتہائی لاجواب پایا۔ بلڈپریشر ہائی اور لو کیلئے دئیے گئے درج ذیل عدد جو دایاں ہاتھ کی نبض پر لکھنے سے بلڈپریشر کنٹرول ہوجاتا ہے۔ آزمایا بھی اور اب تو ڈاکٹر حضرات بلڈپریشر کے مریضوں کو یہی نمبر بتارہے ہیں۔
لوبلڈپریشر کیلئے: 812-212-66-12
ہائی بلڈپریشر کیلئے: 812-212-66-13
(محمد عارف تبسم‘ مظفرآباد)
دل کی تمام بیماریاں ختم‘ میرے چچا کا آزمودہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ کریم آپ اور آپ کی آل اولاد اورعبقری کا سایہ مجھ پر میرے تمام گھر والوں پر اور تمام اہل ایمان جن و انس کے سروں پر سلامت رکھے اور آپ کو نبی کریم ﷺ کے قدموں میں جگہ عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں بالخصوص سرور کونین ﷺ کا پڑوس عطا فرمائے۔ آمین!۔ایک چیز میں تحفہ کے طور پر آپ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتا ہوں کہ میرے چچا کو چند سال پہلے ہارٹ اٹیک ہوا تھا‘ اللہ کریم کا شکر ہے کہ اس نے ان کی جان بچالی۔ دل کے مریض کو دوائی میں ناغہ نہیں کرنا ہوتا لیکن اللہ پاک کا شکر ہے کہ چاچو دوائی تقریباً اٹیک ہونے کے تین چار ماہ بعد سے لے کر اب تک چھوڑ چکے ہیں اور اللہ کریم کا شکر ہے کہا بھی تک انہیں کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوا۔
جب چچا کو ہارٹ اٹیک ہوا تو ہمارے ایک جاننے والے نے بتایا کہ مجھے بھی ہارٹ اٹیک ہوا تھا اور ڈاکٹروں نے کہا کہ تین ماہ کے اندر اندر بائی پاس کروا لو ورنہ تمہاری موت واقع ہوجائے گی۔ بہت پریشان تھا لیکن کسی نے بتایا کہ ارجن درخت کا چھلکا تین ماہ تک صبح و شام تقریباً دس سے بارہ گرام کی مقدار میں استعمال کریں۔ ارجن درخت کے چھلکے کی چائے بنا کر صبح و شام پینی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے ایسا ہی کیا تین ماہ بعد جب ٹیسٹ کروائے تو ڈاکٹروں نے کہا کہ تم تو بالکل ٹھیک ہو‘ بائی پاس کی کوئی ضرورت نہیں اب وہ کھانے پینے میں بھی کوئی پرہیز نہیں کرتے‘ الحمدللہ بالکل ٹھیک ہیں۔ اسی طرح ہم نے بھی تین ماہ اپنے چچا کو ارجن کے چھلکے کی چائے استعمال کروائی اور وہ بھلے چنگے ہوگئے۔ اس کا طریقہ یہ ہے:۔ ارجن کا چھلکا دس یا بارہ گرام‘ ڈیڑھ کپ پانی میں چھوٹے ٹکڑے کرکے ابال لیں‘ اتنا کہ آدھا کپ پانی رہ جائے۔ اس کے بعد آدھ کپ دودھ اور حسب ذائقہ چینی ملالیں اور ہلکا سا ابال دے کر اتار لیں۔ یہ ایک کپ چائے تیار ہے‘ چھان بھی لیں‘ اس چائے کو صبح ناشتہ کے بعد اور رات کھانا کھانے کے بعد تین ماہ بلاناغہ استعمال کریں۔ اس کےدرج ذیل فوائد ہیں:۔
ھوالشافی: دل کی تمام بیماریاں ختم۔ گردوں کی پتھری ختم۔ معدہ کے مسائل ختم۔ آنتوں کے مسائل ختم۔ جگر کی خرابی ختم۔ پھیپھڑوں اور دمہ کی بیماریاں ختم۔ جلد پر اگر اس چھلکے کا پاؤڈر بنا کر لگایا جائے تو حسن اپنی مثال آپ۔ بلڈپریشر کم یا زیادہ دونوں کیلئے مفید ہے۔ اس درخت کا تنا سفیدہ کے درخت کی طرح ہوتا ہے اور اس کے پتے امرود کے پتوں کی طرح ہوتے ہیں۔ (ملک محمدایوب‘ سرگودھا)
نسخہ برائے بواسیر ہرقسم
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!رسالہ عبقری 2010ءسے میرے زیر مطالعہ ہے جب میں لاہور ایئرپورٹ پر ملازم تھا‘ میرے پاس ایک طبی مشاہدہ ہے ایک سال سے خط لکھنے کی کوشش کررہا تھا بس زندگی کے جھمیلوں میں وقت نہیں مل رہا تھا۔ اس نسخہ کے علاوہ بھی حکمت سے متعلق جو کچھ بھی میرے پاس ہے آپ کے علم میں لانا چاہوں گا تاکہ اس سے انسانیت کا فائدہ ہوسکے۔ اب آتا ہوں نسخہ کی طرف۔ میرے پاس ہر قسم کی بواسیر کیلئے ایک نسخہ ہے جو کہ آپ کو پیش کررہا ہوں بواسیر قبض اور تبخیر سے پیدا ہوتی ہے اور قبض تبخیر کا پس منظرمعدہ میں تیزابیت جو کہ معدہ میں جگر کی گرمی سے یپدا ہوتی ہے اور جگر کی گرمی (یرقان اور ہیپاٹائٹس) میں انگریزی دواؤں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ نسخہ برائے بواسیر ہر قسم: موچرس‘ کوڑسک (کوڑاسک) دونوں ہموزن‘ دونوں کا الگ الگ سفوف تیارکرکے آپس میں ملا کر یک جان کرلیں بس دوا تیار ہے۔ طریقہ استعمال: کھانا کھانے کے ایک گھنٹہ بعد خوراک دو ماشہ صبح و شام ہمراہ پانی کھائیں۔ نوٹ: یادرہے کہ بواسیر کی دوا کھانے کے بعد جب آرام آجائے تو پھر اگر جگر کی گرمی اور تیزابیت کا علاج نہ کیا جائے تو ایک سال سوا سال‘ تین سال یا تین سال بعد بواسیر دوبارہ عود کر آتی ہے اور بواسیر میں مبتلا مرد‘ عورت کو ساتھ جریان‘ دھات اور لیکوریا کا بھی غالب امکان ہوتا ہے۔ (احمدرضا‘ لاہور)
آنکھوں کی حفاظت کیجئے!
قارئین! آنکھیں بڑی نعمت ہیں‘ ان کی حفاظت اور صحت کیلئے مندرجہ ذیل باتوں کا دھیان خاص طور پررکھنا چاہیے۔
1۔ دھندلی اور کم روشنی میں پڑھنے لکھنے کاکام نہ کریں۔
2۔پڑھتے لکھتے وقت روشنی بائیں طرف رکھیں‘ دائیں طرف یا سامنے سے روشنی کا آنا آنکھوں کو تکلیف دیتا ہے۔
3۔ لیٹ کر یا چلتی سواری میں مطالعہ نہ کریں۔ 4۔ کتاب یا کاغذ کو کم از کم دس بارہ انچ دور رکھیں۔ 5۔ کھانا کھاتے وقت مطالعہ نہ کریں۔ 6۔رات کو سونے سے پہلے سرمہ لگانا اچھی عادت ہے‘اس پر عمل کریں۔ 7۔روزانہ آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں‘ اس سے میل کچیل نکل آتے ہیں۔8۔ کھلے اور ہرے بھرے میدان میں صبح و شام سیر کرناآنکھوں کیلئے اور دماغ کیلئے بے حد مفید ہے۔ 9۔ دھوئیں اور گردو غبار سے آنکھوں کی حفاظت کریں۔ 10۔ آنکھوں کے اندر خون کا دوران تیز کرنے کیلئے پتلیوں کو چاروں طرف گھمائیں۔ 11۔ کتاب پر لگاتار نظریں جمائے رکھنے سے آنکھوں پر زور پڑتا ہے جو آنکھوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔ 12۔ رات کو سوتے وقت آنکھوں کی پتلیوں پر مالش کریں اور پیر پاؤں کے تلوؤں پر بھی مالش کریں‘ روزانہ اس طرح کرنے سے بینائی تیز ہوجاتی ہے۔ 13۔ صبح کے وقت سرسبز کھیت میں ورزش کریں۔ سبز رنگ اور ہرے بھرے سبز کھیت کی طرف دیکھنے سے خوشگوار موڈ حاصل ہوتا ہے۔ بینائی تیز ہوجاتی ہے۔ (ح،ف‘ مظفرگڑھ)

 

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 931 reviews.