محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ماہنامہ عبقری میرے ہاتھوں میں ہے‘ اس رسالہ کی دن دگنی رات چگنی مقبولیت شاید اس لیے ہے کہ اس میں آزمودہ ٹوٹکے اور نصیحت آزمودہ واقعات سے لاکھوں قارئین نہ صرف استفادہ کررہے ہیں بلکہ آپ کی درازی عمر کیلئے دعائیں بھی کررہے ہیں۔ بلاشبہ قرآن مجید فرقان حمید ہماری زندگی کیلئے نہ صرف رشد و ہدایت کا محور ومرکز ہے بلکہ قرآن میں موجود 114 سورتیں تمام جسمانی و روحانی امراض کا شافی علاج پیش کرتی ہیں لیکن بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ہم نے قرآن سے مکمل استفادہ کرنے کی بجائے اس کو طاق کی زینت بنا رکھا ہے اگر آج بھی اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ کرکے الہامی کتاب قرآن سے مکمل استفادہ کیا جائے تو ہمیں اپنی تمام مشکلات کا حل مل جائے گا۔ قارئین! کے استفادہ کیلئے الحمدشریف کا وظیفہ پیش کررہا ہوں جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے مجھے دو میجر آپریشنز سے بچالیا۔ میں اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے۔ وہ رب بہت کریم ہے‘ میں تو سراپا گنہگار تھا لیکن اللہ رب العزت نے مجھ گنہگار پر خاص کرم کیا۔ قارئین! اب میری روداد پڑھیے!۔2013ء میں راقم دو ایسی بیماریوں میں مبتلا ہوا کہ چلنا پھرنا محال ہوگیا‘ پیشاب میں خون آنے لگا‘ الٹراساؤنڈ کروایا تو مثانہ میں 41 ایم ایم کی پتھری پائی گئی جبکہ پراسٹیٹ گلینڈ 38 گرام بڑھا ہوا پایا گیا۔ ایک مقامی سرجن کو اپنی الٹراساؤنڈ رپورٹ دکھائی تو انہوں نے رپورٹ دیکھ کر فرمایا: آپ کو دل کی تکلیف بھی ہے‘ جتنی جلد دونوں آپریشن کروالیں تو بہتر ہے‘ ورنہ کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ بہتر ہے آپ عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے اوپن سرجری نہ کروائیں‘ شعاعوں والے آپریشن کروایں اور میرا مشورہ ہے کہ آپ کراچی آغاخان چلے جائیں یا لاہور چلے جائیں‘
صادق آباد سے آپریشن نہ کروائیں‘ڈاکٹر کے مشورے سن کر راقم کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل گئی‘ رپورٹ کے ہمراہ گھر واپس آگیا اور ایک کمرے میں خود کو بند کرکے اللہ تعالیٰ سے عجز و نیاز کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی طلب کی اور کہا کہ اے اللہ کریم تو سب سے بڑا ڈاکٹر ہے‘ مجھے مصیبت سے بچالے۔ صبح کی نماز کے دوران الحمدشریف والا مخصوص وظیفہ شروع کردیا‘ پانی پر دم کرتا اور جسم کے تمام اعضاء کا خصوصاً مثانہ کی جگہ پر پھونک مارتا۔ چالیس روز تک بلاناغہ وظیفہ جاری رکھا۔ آج تیسرا سال ہونے کو ہے‘ وظیفہ کی برکت سے میجر آپریشن سے مجھے نجات مل گئی۔ آج بھی وظیفہ کو مختصر کرکے جاری رکھا ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے وظیفہ کی برکت سے اتنی ہمت اور قوت دے دی ہے کہ میں پیدل چلتا ہوں اور سیڑھیاں چڑھ سکتا ہوں حالانکہ سانس کی شکایت کی وجہ سے مجھے آکسیجن لینا پڑتی تھی۔ واضح رہے کہ میری عمر 72 سال ہے میں نے 35 سال ایک بڑے اخبار کی نمائندگی کی اور لوکل اخبار میں 100 سے زیادہ کالم لکھے‘ قلم کی طاقت بھی وظیفہ کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے دی۔ وظیفہ کا طریقہ کار: نماز فجر کی دو سنتیں پڑھ کر اول و آخر درود ابراہیمی تین بار‘ پھر بسم اللہ الرحمٰن الرحیم کی آخری میم کو سورۂ فاتحہ کی الحمد کی ل کے ساتھ ملا کر(یعنی بسم اللہ الرحمٰن الرحیمِ الْحَمْدُلِلہ۔۔الخ)41مرتبہ پڑھیں۔ قریب گلاس میں پانی رکھ لیں اس پر دم کرکے تین گھونٹ میں پئیں‘ جسم کے متاثرہ حصہ پر بھی پھونک ماریں‘ اس کے بعد نماز فجر کے دو فرض ادا کریں۔ کسی مصیبت زدہ کی تکلیف کو دورکرنا اور خیرات کرنا معمول بنالیں‘ ان شاء اللہ وظیفہ سے بھرپور فائدہ ہوگا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں