کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کی قیامت تک آنے والی نسلوں کو رنگ دے‘ آپ کے ساتھیوں‘ دفتر ماہنامہ عبقری کے کارکن‘ تسبیح خانہ کے خدام کی نسلوں کو آپ کے تمام مریدین کی نسلوں کو رنگے جن کی بدولت ہم جیسے گنہگار ذکر واذکار پر لگ گئے ہیں۔ آپ کا نیا سلسلہ ’’کسان دوست عبقری‘‘ بہت زبردست ہے۔ اس مضمون سے کسان بھائیوں کو اپنے مسائل کا حل مل رہا ہے۔ مجھے کھیتی باڑی‘ بھینس‘ بکریاں اور سبزیاں لگانے کا بہت زیادہ شوق ہے اور آپ یقین کریں بارانی علاقے میں سبزیاں لگاتا ہوں‘ بارش کا پانی اسٹاک کرکے۔ آج میں اپنے عبقری قارئین کو کوئی بھی بیج‘ سبزی اور درخت لگانے سے پہلے کی احتیاطیں اور وہ طریقہ بتاتا ہوں جس سے مجھے نفع ملا۔1۔میری تمام کسان بھائیوں سے التماس‘ درخواست اور التجا ہے کہ کھیتوں میں دانہ ڈالتے وقت (رائی کے وقت) باوضو ہوکر دانہ ڈالا کریں اور برکت کھلی آنکھوں سے دیکھیں۔ یہ میرا ذاتی تجربہ ہے۔ 2۔بجائی کے وقت دانہ کا چھڑکاؤ بھی دیں اور ساتھ ہی سورۂ کوثر پڑھتے رہیں‘ فصل آپ کی سوچ سے بھی زیادہ اچھی اور زیادہ ہوگی۔ 3۔ہاتھ جوڑ کر رائی کے وقت ٹریکٹر والے کو میوزک چلانے سے منع کریں۔ آپ یقین کریں آپ کے دانے کے نزدیک کیڑا کبھی نہ آئے گا۔ 4۔بجائی کے دوسرے یا تیسرے دن اول و آخر درودشریف ایک دفعہ سورۂ رحمٰن ایک دفعہ سورۂ تغابن اور ایک ایک دفعہ چاروں قل پڑھ کر پانی پر دم کرکے وہ پانی کھیت میں سپرے کردیں۔ یہ عمل مجھے حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کے درس سے ملا۔5۔اپنے کھیت کی ایک جانب پاک صاف جگہ پر جائے نماز بچھا کر دو رکعت نفل پڑھیں‘ مجھے اس عمل سے بہت فائدہ ہوا‘ آپ کو بھی ملے گا۔ یہ عمل بھی مجھے حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کے درس سے ملا۔6۔آخری اور جامع عمل جس سے میری روزی بڑھی اور خوب بڑھی تمام کسانوں بھائیوں کو ہدیہ کررہا ہوں آپ بھی کرکے دیکھیں سوفیصد آپ کا رزق بڑھے گا۔ ان شاء اللہ۔7۔جس جگہ فصل تھریشر کریں یا جمع کریں گھر لے جانے سے پہلے عشر ناپ تول کر علیحدہ کرلیں۔ سال بھر مزہ کریں مجھے برکت ملی آپ کو بھی ملے گی۔ عشر اندازے سے نہیں مکمل ناپ تول کر نکالیں۔ قارئین! ان اعمال سے سوفیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں رزق بڑھتا ہے‘فصل انتہائی شاندار ہوتی ہے‘ کیڑا‘ سونڈی‘ فصل کونقصان پہنچانے والے جانور فصل کے قریب بھی نہیں پھٹکتے۔ آپ بھی یہ اعمال آزمائیے اور ماہنامہ عبقری کے ذریعے اپنے مشاہدات مزید کسانوں بھائیوں تک پہنچائیے۔ (غلام مصطفیٰ اعوان‘ مانسہرہ)
جانوروں میں دودھ کے اضافہ کیلئے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری بہت عرصہ سےپڑھ رہی ہوں‘ مگر جب پہلی مرتبہ میں نے اس میں ’’کسان دوست عبقری‘‘ کے بارے میں پڑھا تو میری خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ میرے پاس میرے اپنے نانا جان مرحوم کا ایک آزمودہ عمل ہے۔ میں نے انہیں ہمیشہ یہ عمل کرتے دیکھا اور پھر اس کے فوائد بھی اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ عمل یہ ہے:۔ اگر دودھ دینے والے جانوروں کا دودھ اچانک خشک ہوجائے یا کم دیں تو تین روز پاؤ بھر چنے کا آٹا لے کر اول و آخر گیارہ مرتبہ درودشریف اور درمیان میں گیارہ مرتبہ الحمدشریف‘ گیارہ مرتبہ سورۂ نحل کی آیت 66 پڑھیں اور وہ چنے کا آٹا جانور کو کھلادیں۔ ان شاء اللہ جانور صحت یاب ہوگا اور خوب دودھ دے گا۔ (نیہا ادریس‘ واہ کینٹ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں