میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے سورۂ اخلاص کا عمل پڑھا اور یہ عمل کیا‘ جس سے مجھے بہت زیادہ روحانی سکون ملا‘ میرے بہت سے اٹکے ہوئے کام ہوگئے‘ میری کاروباری مشکلات تھیں جو چند دنوں میں دور ہوگئیں۔
پیدائشی دوست نے انقلاب برپا کردیا
(ع،چ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!ماشاء اللہ عبقری ہم سب قارئین کیلئے بہت فائدہ مند ہے ہم جس لحاظ سے بھی معائنہ کریں عبقری زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے فائدہ مند ہے۔بالخصوص ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ تو میرے لیے بہت زیادہ دلچسپ اور فائدہ مند ہے اور ہمارے پیارے علامہ لاہوتی پراسراری اور صحابی بابا کے دلچسپ واقعات اور ان کےعطا کردہ وظائف سے میں بہت مستفیدہوا ہوں۔
ان وظائف نے میری زندگی میں انقلاب برپا کردیا ہے‘ میں خود کیا جس کسی کو بھی بتایا ان وظائف سے بہت فائدہ ہوا۔ اب بھی میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کالم میں جو بھی وظیفہ چھپتا ہے ہم سب ضرور کرتے ہیں اور ان سے مستفید ہوتے ہیں۔
اعتماد نہیںتو کچھ نہیں۔۔۔!!!
(ج،ر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! بندہ ناچیز آپ کا ماہنامہ عبقری شروع دن سے پڑھ رہا ہے۔ ہر ماہ بڑی بے چینی سے رسالے کا انتظار رہتا ہے۔ بندہ ناچیز آپ کے رسالے میں موجود علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا کالم ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پہلی قسط سے سلسلہ وار باقاعدگی سے پڑھ رہا ہے۔ شوق کا عالم یہ ہوتا ہے رسالہ وصول ہوتے ہی سب سے پہلا کام ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھتا ہوں اور پھر آئندہ کے کالم کا بے چینی سے انتظار کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے فیض سے امت مسلمہ کو بہرہ مند فرمائے بشمول مجھ گنہگار کے۔ محترم حکیم صاحب! جب میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کی پہلی قسط پڑھی تھی تب بھی حق جانا اور آج بھی الحمدللہ کوئی شک وشبہ دل میں نہیں پاتا۔جو لوگ شک کرتے ہیں وہ کم فہم ہونے کے ساتھ ساتھ ہٹ دھرمی کرنے میں بہت فراخدلی کاکام لیتے ہیں۔ میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے سورۂ اخلاص کا عمل پڑھا اور یہ عمل کیا‘ جس سے مجھے بہت زیادہ روحانی سکون ملا‘ میرے بہت سے اٹکے ہوئے کام ہوگئے‘ میری کاروباری مشکلات تھیں جو چند دنوں میں دور ہوگئیں۔ اب یہ عمل جاری ہے اور اس عمل کی برکتیں مجھے نصیب ہورہی ہیں۔میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے علامہ صاحب پر ذرا سا بھی شک ہوتا تو یہ عمل مجھے کبھی فائدہ نہ دیتا۔یہ عمل صرف اُن لوگوں کو فائدہ نہیں دیتا جو عبقری یا علامہ لاہوتی پراسراری کی ذات پر شک کرتے ہیں۔ آج بھی اگر کوئی یقین کے ساتھ کوئی عمل کرے تو یقیناً اُس کو سوفیصد فائدہ ہوگا۔سورۂ اخلاص کا عمل درج ذیل ہے:۔
رات ایک بجے کے بعد 4 نفل اکٹھے ایک ہی سلام کے ساتھ پڑھنے کی نیت کرے پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 101 بار سورۂ اخلاص مع تسمیہ پڑھے اس طرح ہر رکعت میں پڑھے بس دھیان اور توجہ اللہ کی طرف اور خاص حضوری ہو (ہاتھ میں تسبیح لے سکتے ہیں) سلام کے بعد سربرہنہ کرلیں اور دائیں بازو سے قمیص نکال کر بازو اور کندھا ننگا کرلیں جیسے حالت احرام میں ہوتا ہے پھر 500 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اول و آخر درود شریف 11 بارپھر جتنی دیر سارے عمل میں لگتی ہے اتنی دیر خوب گڑگڑا کر بھکاری بن کر دعا کریں رو رو کر مانگیں کہ جسم کا رواں رواں کھڑا ہوجائے بہت لمبی اورعاجزانہ دعا کرکے پھر 100 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اور پھر سورۂ اخلاص پڑھتے ہوئے لیٹ جائیں۔ یہ عمل کچھ عرصہ یا کچھ دن مستقل کریں۔اور قدرت کے کمالات اور حمایت اپنی طرف متوجہ ہوتے دیکھیں آپ حیران رہ جائیں گے۔
تعویذ نبویؐ سے بھانجی پر آیا جن جل گیا
(ب۔ا)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ آپ کی زندگی میں برکت دے‘ اللہ آپ کو تاقیامت سلامت رکھے‘ آپ کا سایہ امت محمدیہ ﷺ کے اوپر رہے۔کچھ عرصہ پہلے کسی حاسد نے میری بھانجی پر جادو کروایا جو کہ ابھی صرف پندرہ سال کی تھی‘ میں نے اس کیلئے ایک عامل کو بلایا مگر وہ کچھ نہ کرسکا‘ میں نے اس پر خود عمل کرکے جادو کے ذریعے مسلط جنات کو ہٹایا مگر اس کے بعد میرے اور اس کے اوپر جادوکروایا گیا چونکہ میں تو اپنے اعمال میں لگا رہتا تھا اس وجہ سے جادوگر سے میری روحانی لڑائی شروع ہوگئی میری چونکہ جنات کی لائن نہیں تھی لیکن میں اپنے اعمال کرتا تھا جس کی وجہ سے اس کے مؤکلات ختم ہوتے رہتے لیکن مجھے اتنی سخت تکلیف ہوتی تھی کہ میں نے بہت مشکل سے اس کو برداشت کرتا۔ پھر میں نے عبقری میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موجود دئیے اعمال کرنا شروع کردئیے جس سے کچھ سکون ہوا۔ اسی دوران میں نے رسالہ عبقری کے ایک خاص نمبر میں نبی کریم ﷺ کا وہ خط دیکھا جو آپ ﷺ نے جنات کو لکھا تھا میں نے اس کا تعویذ بنا کر اپنی بھانجی کے گلے میں ڈال دیا‘ جادوگر کے مؤکلات سامنے آتے اور معافیاں مانگتے کہ اس تعویذ کو نکال دو لیکن میں نے اسے منع کیا کہ ہرگز ایسے نہیں کرنا یہ دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد ان کے منہ سے آگ کے شعلے نکلتے نظر آتے وہ مجھے تو نظر نہیں آتے تھے مگر میری بھانجی کو سب کچھ نظر آتا تھا۔ اس کے بعد کام اور تیز ہوگیا میں مسلسل یَاقَہَّارُ پڑھتا رہا اور اس کے درختوں جتنے بڑے بڑے مؤکلات آتے اور جل جاتے۔ یہ خط(تہدیدی نامہ) اکتوبر 2014ء میں بھی چھپ چکا ہے۔محترم حکیم صاحب میرا نام شائع مت کیجئے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں