ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
آج کے درس میں پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ ہمیں یہ سمجھانا چاہ رہے ہیں کہ ایک ہے غنا اور دوسرا فقر یعنی انسان کو کس طرح کی زندگی گزارنی چاہیے‘ پیوند لگے کپڑے پہننے چاہئیں یا اللہ نے کوئی نعمت دی ہے تو اس کا اظہار کرنا چاہیے۔ جھونپڑی میں رہنا چاہیے یا پکے مکان میں رہنا چاہیے‘ دروازہ لگانا چاہیے یا اس کی جگہ بوری لٹکانی چاہیے‘ ٹوٹی پھوٹی چپل پہننی چاہیے یا نفیس چپل کے استعمال کی بھی اجازت ہے۔ لباس ٹاٹ کا ہو یا صوف کا ہو‘ کھردرا ہو یا کسی اچھی قسم کا ہو کیونکہ فقیر جب اپنی راہ پر چلتا ہے تو طرح طرح کے سوالات بھی آتے ہیں اور طرح طرح کے راستے بھی اس کے سامنے آتے ہیں کہ ادھرچلنا ہے یا اُدھر ۔۔۔پیر علی ہجوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب انسان ہر حال میں سنت کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالے چاہے وہ حال اچھا ہو یا بدحال ہودونوں راستے اللہ کی طرف لے جانے والے ہیں۔ ہمیں ہر موقع پر ہر خوشی‘ ہر غمی فقر یا تونگری میں اس پر نظر رکھنی چا ہیے کہ اس حال میں میری رب کی مجھ سے کیا چاہت ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ ہم نے تو وہ اختیار کرنا ہے جو مسبب الاسباب ہمیں عطا کردے‘ اگر اس نے حالت فقیری میں رکھا ہے تو اس پر ہمارے مزاج میں صبر ہو اور اگر اس نے ہمیں حالت غنا میں رکھا ہے تو اس حالت میں بھی ہمارے مزاج میں شکر ہو۔ ایک بزرگ نے فرمایا انسان دو حالتوں سے خالی نہیں یا تو وہ حالت شکر میں ہوگا یا حالت فقر میں ہوگا اگر نعمتیں مل گئیں وافر مقدار میں تو شکر ہے اور اگر خدانخواستہ وافر مقدار میں نعمتیں چھن جائیں تو فقر ہے۔ نعمتیں ہیں اور اس نے ان کا صحیح استعمال کیا مثلاً اس حالت میں اس شخص کے مزاج میں فخر‘ تکبر نہ آیا تو سمجھ لے کہ نعمتوں کا صحیح استعمال ہے اوراگر اس کے برخلاف نعمتیں چھن گئیں اور اس کے بعد اس شخص کے مزاج میں بہت زیادہ ناشکری پیدا ہوگئی یا دوسری صورت یہ کہ نعمتیں دوسرے کےپاس دیکھ کر اس کے دل میں نفرت پیدا ہوگئی یا اس سے حسد شروع ہوگیا ‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ بندہ اللہ کی تقسیم پر راضی نہیں ہے‘ بس اللہ پاک ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہم سب کو صبرو شکر کی نعمتیں عطا فرمائے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں