والدین کے چہرہ کو دیکھو عبادت ہے‘ کعبۃ اللہ پر نظر ڈالنا عبادت ہے اور عالم کے چہرہ پر نگاہ کرنا تمام عبادتوں کی اصل ہے
دمشق میں ایک شخص حضرت ابودرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا اور عرض کی میں مدینہ منورہ سے آپ کی خدمت میں ایک حدیث سننے کو آیا ہوں۔ مجھے خبرملی ہے کہ آپ اسے بیان کرتے ہیں‘ میں کسی اور کام کیلئے نہیں آیا۔ حضرت ابودرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے ارشاد فرمایا: میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص علم کی طلب میں کسی راستے کو چلے اللہ تعالیٰ اس کو جنت کے راستے پر لے جاتا ہے اور طالب علم کی خوشنودی کیلئے فرشتے اپنے بازو بچھا دیتے ہیں اور عالم کیلئے آسمان والے اور زمین میں بسنے والے اور پانی کے اندر مچھلیاں یہ سب استغفار کرتے ہیں اور عالم کی فضیلت عابد پرایسی ہے کہ جیسے چودھویں رات کے چاند کو تمام ستاروں پر اور بے شک علماء وارثِ انبیاء ہیں۔ (ابوداؤد) جو شخص طلب علم کیلئے گھر سے نکلا تو جب تک واپس نہ ہوا اللہ کی راہ میں ہے۔ (ترمذی)۔ تذکرۃ الواعظین میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا’’والدین کے چہرہ کو دیکھو عبادت ہے‘ کعبۃ اللہ پر نظر ڈالنا عبادت ہے اور عالم کے چہرہ پر نگاہ کرنا تمام عبادتوں کی اصل ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے فرمایا اے ابن مسعود! تمہارا گھڑی بھر کیلئے علم دین کے حلقہ درس میں ایسی حالت میں بیٹھنا کہ نہ کوئی قلم چھوؤ اور نہ ایک حرف لکھو‘ تمہارے لیے ہزار غلام آزاد کرنے سے بہتر ہے اور عالم کے چہرے پر نگاہ ڈالنا خدا کی راہ میں ہزار گھوڑے دینے سے افضل ہے اور عالم کو سلام کرنا تمہارے حق میں ہزاربرس کی عبادت سے بہتر ہے۔ (تذکرۃ الواعظین) عبداللہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ ایک شخص نے حضور نبی اکرم ﷺ کی خدمت عالیہ مقدسہ میں حاضر ہوکر پوچھا کہ عالم افضل ہے یاعابد۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اے شخص! تیرے اس قول سے فرشتوں کو بھی تعجب ہوگا کیونکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک سُست عالم ستر ہزار محنتی اور رات بھر اُٹھ کر نماز پڑھنے والے اور دن بھر روزہ رکھنے والے عابد سے بہتر ہے۔ (تذکرۃ الواعظین)۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں