قیامت کے دن مومن کا عمل اچھی سے اچھی شکل و صورت میں مجسم ہوکر آئے گا۔ اس پر خوبصورت شباب ہوگا
حضرت ابن مبارک رحمۃ اللہ نے حضرت زید بن اسلم رضی اللہ عنہٗ سے روایت کی ہے کہ قیامت کے دن مومن کا عمل اچھی سے اچھی شکل و صورت میں مجسم ہوکر آئے گا۔ اس پر خوبصورت شباب ہوگا‘ چہرہ حسین ہوگا اور خوشبو مہک رہی ہوگی۔ اسی شکل کے ساتھ یہ عمل اس صاحب عمل کے پہلو میں بیٹھے گا جب اس شخص کو کوئی گھبراہٹ ہوگی تو یہ عمل اس کو امان میں رکھے گا اور خوف کے وقت اس کو سکون پہنچائے گا یہ دیکھ کر مومن کہے گا اللہ تجھ کو جزائے خیر دے تو بڑا اچھا ساتھی ہے۔ ذرا یہ تو بتا تو کون ہے؟ عمل کہے گا کیا تو مجھے نہیں پہچانتا؟ میں تو تیرے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی رہا اور قبر میں بھی۔ میں تیرا عمل ہوں۔ تیرا عمل اچھا رہا۔
اس لیے تو مجھے اچھا پارہا ہے۔ آجا میرے اوپر سوار ہوجا۔ میں دنیا کی طویل مدت تک تیرے اوپر سوار رہا ہوں‘ اب تو سوار ہوجا‘ چنانچہ اس مومن کو سوار کرکے وہ عمل اللہ تعالیٰ کی طرف لائے گا اور عرض کرے گاخداوند تعالیٰ! دنیا میں جن لوگوں نے تجارت کی‘ ان کو تجارت کا نفع ملا‘ جن لوگوں نے صنعت و حرفت اختیار کی‘ ان کو اس کا حصہ مل گیا۔ لیکن یہ ایسا شخص ہے کہ اس نے اپنے نفس کو میرے ساتھ مصروف رکھا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا۔ بتا تو کیا مانگتا ہے وہ عرض کرے گا‘ تیری مغفرت و رحمت‘ اللہ فرمائے گا‘ میں نے اس کو بخش دیا۔ پھر اس کو عزت و تکریم کا قیمتی جوڑا پہنایا جائے گا اور اس کے سر پر وقار و کرامت کا ایسا تاج رکھا جائے گا کہ اس کا ایک موتی دو دن کی مسافت سے چمکے گا اس کے بعد عمل کہے گا اے رب! یہ شخص اپنے عمل کی مشغولیت میں محتاج و مسکین ہوگیا تھا اور اپنے والدین پر خرچ کرنے سے معذور ہوگیا تھا جب کہ دوسرے لوگ کاروبار دنیا کرکے خود بھی نفع اندوز ہوئے اور والدین کو بھی دیا اس درخواست پر اس کے والدین کو بھی وہی سب نعمتیں دی جائیں گی جو اس نیک شخص کو دی گئی۔
(بحوالہ: موت کا منظر مع مرنے کے بعد کیا ہوگا: خواجہ محمد السلام‘ ص 138)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں