ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
میں آپ سے ایک بات عرض کرتا ہوں کہ غیبی علوم پتہ ہے کہاں عطا ہوتے ہیں‘ سینے ان کے برتن ہوتے ہیں اور یہ غیبی علوم بغیر مجاہدے کے بھی حاصل نہیں ہوتے ان کیلئے بڑی محنتیں اور مجاہدے کرنے پڑتے ہیں یعنی جتنا مجاہدہ اتنا مشاہدہ جس چیز کیلئے جتنی زیادہ محنت کرتے جاؤ گے اس چیز پر اتنا ہی زیادہ مشاہدہ و کشف حاصل ہوتا جائے گا۔ اس کی بڑی مثال آپ کو دیتا ہوں میرے ایک دوست ہیں جو تربوز کا کاروبار کرتے ہیں ایک مرتبہ میں ان کے پاس گیا اور میں نے ان سے کہا کہ مجھے کوئی لال سرخ تربوز دے دو اس نے دوچار تربوز ٹھونک بجا کر دیکھے اور ایک تربوز کے بارے میں مجھے کہنے لگا کہ یہ تربوز بالکل پکا ہوا‘ سرخ ہے‘ اور واقعتاً جب اس کو کاٹا گیا تو وہ اندر سے بالکل لال سرخ نکلا۔ یہ مشاہدہ اس کومسلسل مجاہدے یعنی محنت کے بعد حاصل ہوا۔ اسی طرح جتنا میں اور آپ جتنا زیادہ روحانیت کے اندر گھلتے یعنی محنت کرتے چلے جائیں گے اسی قدرمشاہدے کی دنیا ہمارے وجود میں آتی چلی جائے گی اور حصول مشاہدے کے بعد انسان مجاہدے کی مشقتیں بھول جاتا ہے۔
لیکن اس سلسلے میں اتنی بات ضرور یاد رکھیں جو اللہ کی محبت کے سچے طالب ہوتے ہیں وہ ان باتوں کا کشف‘ کرامات اور پراثرار روحانی قوت کے حصول کو مطلب بنا کر نہیں چلتے بلکہ خالصتاً اللہ رب العالمین کی محبت اور اس کے حبیب ﷺ کے عشق کو اپنے سینے میں اجاگر کرنے کیلئے اپنے آپ کو ان مجاہدات کی چکی میں پیستے ہیں جو طالب اور سالک کشف و کرامات کے پیچھے لگ جاتا ہے وہ کبھی بھی اپنی منزل پر نہیں پہنچ پاتا۔ ان کی مثال تو ایسے ہے کہ جیسے بچے کے والدین بچوں کو کھلونا لادیں کہ بچہ اپنا دل اس سے بہلاتا رہے اسی طرح سالکین کو بھی بعض اوقات وہ چیزیں دے دی جاتی ہیں لیکن وہ وقت بہت ہی زیادہ ا حتیاط اور سنبھلنے کا ہوتا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ان چیزوں کو بندہ اپنا مطلوب اور مقصود بنا کر اپنی منزل مقصود سے محروم رہ جائے۔ اگر اللہ کی محبت اور تعلق کے ساتھ یہ چیزیں حاصل ہوجائیں تو ٹھیک وگرنہ ان کے پیچھے پڑجانا بہت ہی نقصان دہ ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں