حسین مرغا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ اپنی چچی کی عیادت کیلئے جارہی ہوں لیکن راستہ چچی کے گھر سے بالکل الگ ہے جگہ جگہ خوبصورت نایاب پودے لگے ہوئے ہیں اور پودوں میں اکثریت پھلوں والے پودے ہیں۔ دو رویہ راستہ ہے‘ آگے لکڑی کا گیٹ ہے جس کو ہم کھولتے ہیں تو اس میں سے بکرے کے بہت پیارے بچے بھاگ کر نکل جاتے ہیں انکے ساتھ مرغا‘ مرغی اور چوزے بھی بھاگتے ہیں ہم ان کو پکڑ پکڑ کر واپس گیٹ میں ڈالتے ہیں۔ ایک مرغا گلی میں کھڑی ریڑھی کے پیچھے چھپ جاتا ہے۔ میں اس کو دیکھ کر پکڑ لیتی ہوں اور کہتی ہوں یہ ڈاڑھی والا سفید مرغا کیسا چھپ کے بیٹھا ہے۔ میرا چھوٹا بیٹا کہتا ہے امی کیا یہ اپنی ڈاڑھی اور بال کٹواتا ہے۔ میں کہتی ہوں ہاں یہ ہینڈسم ہے ‘ خوبصورت بن ٹھن کے گھومتا ہے۔ میں اپنے بیٹے کو اس طرح سمجھاتی ہوں کہ دیکھو تم بھی بال کٹوالیا کرو تاکہ خوبصورت لگو پھراس مرغے کی ڈاڑھی مردوں جیسی ہوتی ہے اورجس وجہ سے مرغا اچھا لگ رہا ہوتا ہے۔(نزہت‘ لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق انشاء اللہ آپ کو اولاد کی خوشیاں نصیب ہوں گی اور آپ کی اولاد نیک اور فرماں بردار ثابت ہوگی۔ آپ سورۂ فرقان کی آیت نمبر 74 ہر نماز کے بعد گیارہ بار پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
ڈائناسار کے جتنا طوطا
میں نے دیکھا کہ باہر کے دروازے سے اچانک ایک آسٹریلوی طوطا جو سائز میں ڈائنا سار کے برابر تھا آرہا ہے۔ میں نے امی کو آوز دی اور کہا کہ امی دیکھنا کتنا بڑا طوطا آیا ہے۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے ایک کے بعد ایک اسی سائز کے جانور آنے لگے۔ میں جلدی سے کھڑکی میں گئی کہ کوئی نظر آئے تو کہوں یہ جانور کہاں سے آرہے ہیں۔ اتنے میں دیکھا کہ کچن میں ایک بہت بڑا گینڈے نما کالا موٹا جانور بیٹھا ہے اتنے میں باہر مہمان آگئے وہ بیٹھے تو میں نے امی سے کہا ان سے اس جانور کو کچن سے نکلوادیں ورنہ چائے کیسے بنائیں گے۔ لیکن امی نے منع کردیا اور خود چائے بنانے چلی گئیں کہ میں بناتی ہوں۔ باہر بارش بھی ہورہی تھی اور اندھیرا تھا۔ (ایس۔ آر۔کوئٹہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے کچھ بدخواہ حاسد رشتہ داروں نے آپ اور آپ کے گھر والوں پر بندش کررکھی ہے جس کی وجہ سے تمام کاموں میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ آپ روزانہ 313 بار معوذتین (سورۂ فلق‘ سورۂ ناس) پانی میں پڑھ کر پی لیا کریں اور تمام گھروالوں کو یہ پانی پلائیں۔ نیز گھر کے چاروں کونوں میں اسی پانی کے چھینٹے مارے جائیں۔ مدت عمل اکتالیس دن ہے۔
عجیب قسم کے جانور کی دعا
میری امی نے دیکھا کہ وہ ایک سڑک پر جارہی ہیں دیکھتی ہیں کہ وہاں ایک درخت ہے جس کے نیچے عجیب قسم کا جانور ہے جس کی صورت مکی ماؤس جیسی ہے۔ میری امی اسے دیکھ کر بہت مارتی ہیں وہ ایک آدمی کو بھی اسے مارنے کیلئے کہتی ہیں کہ مجھے یہاں سے گزرنا ہے۔ اسے مارو‘ لیکن وہ ربڑ کی طرح نرم ہوجاتا ہے جیسے مرگیا ہو لیکن وہ مرا نہیں ہوتا بلکہ اس درخت کے نیچے سے اٹھ کر نکڑ پر سبز رنگ کے دربار میں چلا جاتا ہے۔ جہاں میری ماں کو بھی جانا ہوتا ہے۔ جب وہاں سے میری امی گزرتی ہیں تو وہ کہتا ہے کہ اللہ تمہیں سات بیٹے دے حالانکہ (چار بہنیں اور دو بھائی ہیں) پھر میری امی اس کے منہ سے یہ بات سن کر کہتی کہ میں نے اسے کیوں مارا اور پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کی والدہ کو خواب کے مطابق انشاء اللہ بہت خوشحالی نصیب ہوگی وہ روزانہ سورۂ واقعہ سات مرتبہ پڑھ لیا کریں۔
استغفار کی برکت
میںنے دیکھا کہ میرے پیچھے میری امی کی پھوپی (ج) بھاگتی ہوئی آرہی ہیں میں ان سے بچنے کیلئے مسجد میں چلی جاتی ہوں۔ مسجد میں بہت ٹھنڈک اور سکون ہوتا ہے اور میں سوچتی ہوں کہ میں استغفار پڑھوں تو یہ بھاگ جائیں گی۔ میں استغفار پڑھتی ہوں تو وہ غائب ہوجاتی ہیں۔(سائرہ‘ لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اللہ پاک نے کسی بڑی پریشانی میںمبتلا ہونے سے بچالیا ہے۔ آپ نیک اعمال کی پابندی کریں۔ بالخصوص صدقہ دیں اور استغفار کثرت سے پڑھا کریں۔
یادیں
میں نے دیکھا ہے کہ میں ایک شادی میں گئی ہوئی ہوں اور خوش ہوں ہنس رہی ہوں لیکن اس شادی میں ایسی عورتیں ہیں جنہیں میں نے برسوں بعد یکھا ہے۔ ان میں سے ایک عورت مجھ سے بات کرنی لگی تو میں نے ان کو پہچان لیا۔ یہ تین چار سال پہلے مرچکے تھے۔ وہ مجھ سے کہنے لگی کہ میں مری نہیں ہوں زندہ ہوں۔ مجھے ایسا لگا سب کے سب مرچکے ہیں اور میں ان کے ساتھ ہوں۔ (رخسانہ‘ بوریوالہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے کچھ اٹکے ہوئے کام انشاء اللہ جلد پورے ہوجائیں گے۔ آپ یَامُعِیْدُ پڑھا کریں۔
حقیقت پسندی
میں نے دیکھا کہ حقیقت میں میں جس لڑکی کو پسند کرتا ہوں میں اس کے گھر کے سامنے کھڑا ہوں۔ جب دروازہ کھٹکھٹاتا ہوں تو اس کا چھوٹا بھائی دروازہ کھولتا ہے۔ میں اس سے کہتا ہوں کہ (س) کو بلاؤ۔ وہ بلا کر لے آتا ہے پہلی نظر میں تو وہ مجھے پہچانتی نہیں ہے مگر جب تھوڑا غور کرتی ہے تو خوشی سے کھل اٹھتی ہے (حقیقت میں ہم تین سال سے نہیں ملے) اور مجھے گھرکے اندر لے جاتی ہے۔ وہاں اس کے امی اور ابو بھی آتے ہیں اور مجھ سے مل کر خوش ہوتے ہیں۔ اس کی امی مجھ سے چائے کا پوچھتی ہیں۔
میں سوچتا ہوں تکلف میں منع کردوں مگر منع نہیں کرتا۔ وہ چائے بنا کر (س) کے چھوٹے بھائی کے ہاتھ بھجوا دیتی ہیں مگر وہ صحیح طرح سے چائے کا کپ پکڑ نہیں پاتا۔ یہ دیکھ میں اٹھتا ہوں اور خود چائے کا کپ لے لیتا ہوں۔ جب میں چائے کا کپ لیکر بیٹھتا ہوں تو تھوڑا کنفیوز ہوتا ہوں اور میرا ہاتھ تھوڑا سا کانپنے لگتا ہے مگر پھر اپنی اس حالت پر کنٹرول کرلیتا ہوں ا سکے بعد یہ سب کمرے سے چلے جاتے ہیں اور کمرے میں صرف( س) اور میں رہ جاتے ہیں اور پھر میں اسے سارے حالات یا کہانی سناتا ہوں وہ حالات کہانی جو اس سے بچھڑنے کے بعد سے اب تک ہوئے اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (شیرو‘حیدرآباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق جس لڑکی کو آپ پسند کرتے ہیں وہ صرف تصوراتی محبت ہے‘ حقیقت میں اس کیلئے کوشش کرنا آپ کیلئے صرف پریشانیوں اور تفکرات ہی لاسکتا ہے لہٰذا آپ حقیقت پسندی اختیار کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں