ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔ (آئندہ حلقہ کشف المحجوب10 جولائی بروز اتوار کو ہوگا) جب انسان کے اندر اللہ کی محبت اللہ کا تعلق اور اس کے نام کی لذت آجاتی ہے تو پھر انسان کی کیفیت اپنی نہیں ہوتی پھر اس کے صبح و شام اپنی مرضی کے نہیں ہوتے بلکہ رب کی مرضی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق ہوتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ یہ باتیں ہر شخص کی سمجھ میں آجائیں اور ہر چیز کا سمجھ آجانا ضروری نہیں کیونکہ دین کی پہلی بنیاد یومنون بالغیب پر ہے یعنی کہ غیب پر ایمان لانا۔ عقل مانے نہ مانے‘ مزاج میں اترے یا نہ اترے‘ شعور ساتھ دے یا نہ دے‘ احساس اس کا ادراک کرے یا نہ کرے لیکن جو حق اس کو حق ماننا بھی حق ہے۔ اور جو ناحق ہے اسے ناحق ماننا ہی حق ہے۔ شیخ نے ایک شعر لکھا ہے جس کا ترجمہ ہے کہ جس کے دل میں کوئی درد ہے وہ ایسی چیز تلاش کرتا ہے جو اس کے درد کے موافق ہو۔ جس شخص کی بیماری کا علاج ادنیٰ درجے کی چیزیں ہوں تو اسے مروارید اور موتی نہیں چاہیے‘ علم طریقت کمیاب اس لیے ہے کہ ہرشخص کو اس میں سے حصہ نہیں ملتا۔ اس راہ میں احتیاط سے چلنا پڑے گا محبت میں‘ خلوص میں‘ طریقت میں‘ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان لٹ جاتا ہے‘ دنیا کو اپنا مطلوب ہرگز نہ بنائیے گااگر دنیا ہی مطلوب رہ گئی تو آپ ایسے لوگوں ماننے والے بن جائیں گے جو آپ کے دنیا کے کام تو کروا دیں گے لیکن ان سے آخرت کا کوئی نفع نہیں ہوگا۔ یہ راہیں بڑی نازک اور باریک ہیں۔ بس راہیں دکھانے والے کا ہاتھ تھام کر چلتے جائیں پوچھ پوچھ کر اور مان مان کر چلتے جائیں انشاءاللہ گریں گے نہیں‘ پھسلیں گے نہیں‘ اور بھولیں گے نہیں۔ کہیں ایسا نہ ہوکہ وہ چیز جسے ہم ساری زندگی حق سمجھتے رہے لیکن موت کے بعد جب آنکھ کھلی تو پتہ چلا کہ وہ چیز حق نہیں بلکہ دھوکہ اور فریب تھا۔ راہ طریقت میں چلتے ہوئے جو احتیاطیں بتائی جاتی ہیں اس میں بتانے والے کا خیرخواہی کا جذبہ ہوتا ہے ۔ پیر علی ہجویری رحمة اللہ علیہ نے اس کتاب میں جو احتیاطیں بتائی ہیں اس میں سراسر خیرخواہی کا جذبہ ہے کہ ساری زندگی محنت بھی کرتے رہے کوشش بھی کرتے رہے‘ مجاہدے بھی کرتے رہے لیکن جب آنکھ کھلی تو پتہ چلا کہ وہ تو سراب اور فریب تھا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں