قد چھوٹا ہے
میری منگنی ہوچکی ہے۔ میرا قد بہت چھوٹا ہے۔ اس کیلئے کیا کروں؟ میں نے لٹک کر دیکھ لیا۔ میں ہر وقت احساس کمتری کا شکار رہتی ہوں‘ اسی وجہ سے میں کسی شادی یا غمی میں بھی نہیں جاسکتی۔آپ مجھے دوا کا بتائیے۔ (روشنی‘دیر)
مشورہ: آپ کو منگنی مبارک ہو۔ ظاہر ہے آپ کے سسرال والوں اور منگیتر نے آپ کو دیکھ کر ہی منگنی کی ہے پھر آپ کیوں پریشان ہیں؟ قد چھوٹا ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دو چار بار لٹکنے سے اس میں اضافہ نہیں ہوتا۔ چند ماہ مسلسل صبح وشام لٹکیے پھر فرق معلوم ہوگا۔ ادویات سے بھی کافی فرق پڑجاتا ہے لیکن اس کیلئے اپنا قد‘ رنگ‘ وزن اور عمر بتانی پڑتی ہے۔
پانی کے کرشمے
بچپن میں سنا تھا کہ چھ گلاس پانی ضرور پینا چاہیے مگر مجھے پیاس نہیں لگتی تھی۔ بمشکل دن بھر میں دو گلاس پانی پیتی تھی۔ پھر مجھے اپنے شوہر کے ساتھ بیرون ملک جانا پڑگیا۔ وہاں مجھے ایک سکول میں اچھی ملازمت مل گئی۔ میں نے دیکھا کہ شام کے چار بجے تک میرا جسم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتا اور میں تندہی سے کام نہیں کرسکتی تھی۔ پھر میں نے عبقری میں چھپا ”پانی“ پر مضمون پڑھا اور آپ کو خط لکھا۔ آپ نے کہا روزانہ ایک ڈیڑھ لیٹر پانی کی بوتل میز پر رکھ لیں اور شام کے چار بجے تک تھوڑا تھوڑا پیتے رہیں۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ ہر آدھے گھنٹے بعد میں تھوڑا سا پانی گلاس میں ڈالتی اور پی جاتی۔ پانچ چھ دن کے بعد مجھے اپنے جسم میں تازگی کا احساس ہوا۔ اب میں بغیر تھکے شام چار بجے تک کام کرلیتی ہوں۔ بغیر کسی دوا کے پانی نے میری سستی اور کاہلی دور کردی اب میں اپنے سہیلیوں کو پانی کے متعلق بتاتی ہوں تو وہ حیران رہ جاتی ہیں۔ (ش الف۔ اسلام آباد)
مشورہ: آپ نے پانی کی تازگی کا اعتراف کیا ہے۔ پچھلے دنوں ایک خاتون کا خط آیا کہ اس کا شوہر ٹرک ڈرائیور ہے۔ اس کا سارا جسم سخت اور عجیب سلیٹی رنگ کا ہورہا ہے۔ اس نے لکھا تھا کہ وہ ٹرک لے کر کراچی جاتا ہے اور دو دن تک راستے میں پانی نہیں پیتا۔کہتا ہے کہ مجھے پیاس ہی نہیں لگتی۔ میں نے اسے پانی پینے کیلئے کہا کہ صبح نہار منہ دو تین گلاس پانی کے پی لیا کرے اور پانی کی بوتل ٹرک میں ساتھ رکھا کرو۔ پندرہ روز میں اس کی رنگت ٹھیک ہوگئی۔ ہاتھ سخت تھے‘ وہ بھی نرم ہوگئے۔ پانی پینے سے اس کی تھکن اور درد بھی دور ہوگیا۔
پانی کم از کم آٹھ گلاس روزانہ پینا چاہیے۔ ہاں جو لوگ گردے کے امراض میں مبتلا ہوں ان کو اپنے معالج سے پوچھ کر پانی پینا چاہیے کیونکہ بعض امراض میں پانی مخصوص مقدار میں پینا پڑتا ہے۔ قدرت کا بہت بڑا عطیہ پانی ہے اس نعمت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ذہنی پریشانی کیسے دور ہوگی
میرے شوہر نے کسی اور سے تعلق جوڑ لیا ہے۔ دو بچے ہیں ساس اور نند ساتھ رہتی ہیں۔ رات کو میں کمرے کی کھڑکیاں کھول کر سوتی ہوں پھر بھی مجھے گھٹن کا احساس ہوتا ہے۔ میرا سر چکراتا ہے اٹھ کر باہر جانا چاہوں تو ٹانگیں کانپتی ہیں۔ میں چل نہیں سکتی‘ بمشکل پانی پیتی ہوں تو سانس رکنے لگتا ہے۔ کبھی ڈکار آنے لگتے ہیں۔ میرا سر بہت بھاری اور سن ہوجاتا ہے۔ بڑی مشکل سے صبح ہوتی ہے۔ تمام دن کام کاج اور ذہنی پریشانی میں رہتی ہوں۔ سسرال والے کہتے ہیں تم پر کوئی اثر یا سایہ ہے۔ مجھے بتائیے میں کیا کروں۔ (ر۔ ج۔ حیدرآباد)
مشورہ: بی بی! آپ کا طویل خط میں نے غور سے پڑھا ہے۔ آپ پر کوئی آسیب ہے نہ سایہ بلکہ آپ حالات کی چکی میں پس کر ذہنی پریشانی کے مرض میں مبتلا ہوچکی ہیں۔ شوہر آپ کے پاس نہیں رہتے جس کی وجہ سے آپ اکیلا پن اور خوف محسوس کرتی ہیں۔ آپ کسی اچھی ماہر نفسیات کو دکھائیے۔ آپ کا مرض دور ہوجائے گا۔ آپ نماز پابندی سے پڑھیے۔ قرآن مجید کی تلاوت کیجئے۔ رات کو سوتے وقت خصوصاً قرآنی آیات پڑھیے۔ جب اللہ تعالیٰ کے سامنے گڑگڑا کر دعا کریں گی تو یقینا قبول ہوگی اور آپ کے دل کا بوجھ بھی کم ہوجائے گا۔ آپ کی پریشانی وقتی ہے۔ آپ کے شوہر واپس آجائیں گے۔ جب بھی آئیں آپ ان سے کوئی گلہ‘ شکایت نہ کیجئے۔ خندہ پیشانی سے استقبال کیجئے۔ آپ کی ساس آپ کیساتھ رہتی ہیں اس لیے آپ کوکوئی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ گھر آپ کا ہے۔ اپنے بچوں پر خاص توجہ دیجئے ورنہ وہ بھی گھٹن کا شکار ہوجائیں گے۔
عبقری دواخانہ میں چیک کروا کر ادویات استعمال کریں۔ صبح ناشتے میں جو کا دلیہ دودھ اور شہد کے ساتھ کھائیے۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھئے‘ آپ کے حالات درست ہوجائیں گے۔ ذہنی پریشانیاں جب بڑھ جاتی ہیں تو ایسے ہی مرض عود کر آتے ہیں۔ آسیب کے چکر میں نہ پڑئیے۔
اچار خراب ہوجاتا ہے
میں جب بھی آم کا اچار ڈالتی ہوں‘ خراب ہوجاتا ہے۔ اس کیلئے مجھے کوئی ٹوٹکا بتائیے۔ (رومانہ اصغر‘ ساہیوال)
مشورہ: آم کا اچار آپ پتہ نہیں کس طرح ڈالتی ہیں۔ اچار ڈالنے کا برتن صاف اور بالکل خشک ہونا چاہیے۔ آم دھو کر خشک کرکے کاٹنے چاہئیں۔ بازار میں تیل اچھے نہیں ملتے۔ سرسوں کا تیل کسی برتن میں خوب گرم کیجئے۔ اس میں لہسن کے جوئے ڈال دیجئے۔ جب وہ جل جائیں تو تیل کو ٹھنڈا کرکے اچار میں ڈالیے۔ اچار کا برتن کشادہ ہونا چاہیے تاکہ آپ اسے ہلاجلاسکیں۔ تیل اچار سے اوپر رہنا چاہیے۔ کبھی بھی بچا ہوا اچار برتن میں دوبارہ نہ ڈالیے۔ اسی طرح گیلا چمچہ نہ ڈالیے۔ تھوڑی سی احتیاط کرنے سے اچار خراب نہیں ہوتا۔ اچار کو دس بارہ دنوں کے بعد تھوڑی دیر کیلئے دھوپ میں رکھ دیا کیجئے۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 324
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں