آج یکم مئی تھی اورآپ حضرات نے عبقری کے ٹائٹل پر پڑھا ہوگا کہ یکم مئی بروز اتوار سرگودھا میں درس ہے۔ سرراہ ایک صاحب کہنے لگے کہ میرا اینٹوں کے بھٹے کا کاروبار ہے وہاں دعا کرتے جائیں حسب معمول وہاں کے غریب مزدوروں کو اکٹھا کیا ان سے الفت و محبت کے کچھ بول بولے اللہ کی محبت کی طرف اور اس کے حبیب سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف مائل کیا۔ کچھ ان کی خدمت کی‘ پھر میں نے ان سے پوچھا کہ بھٹے کے سلسلے میں کوئی واقعہ سنائو جس میں اللہ کی قدرت کا اظہار ہوا ہو۔ کہنے لگے ایک دفعہ ایسا ہوا کہ بھٹے میں آگ لگائی تو آگ آگے چلتی ہی نہیں تھی جبکہ بھٹے کا اصول ہے کہ اس میں آگ آگے چلتی ہے اینٹوں کو جلاتے ہوئے لیکن پتھری کوئلہ جو خود ایک بارود ہوتا ہے اور لکڑیاں بھی جلائیں بہت سے حیلے کیے‘ کاریگر بدل کر دوسرا لے آئے کہ شاید اس کو آگ لگانے اور جلانے کا سلیقہ نہیں آتا اس کے باوجود کچھ بھی فائدہ نہ ہوا۔ آگ تھی کہ آگے چلنے کا نام ہی نہیں لیتی تھی جو کچھ بھی ڈالتے تھے سب راکھ ہوجاتا تھا‘ ہزاروں روپے کا نقصان مسلسل ہورہا تھا۔ قدرت کی ایک طاقت تھی جس نے اس آگ کو روکا ہوا تھا۔ آگ خالق تو نہیں مخلوق ہے خالق جس وقت چاہے مخلوق کی طاقت کو ختم کردے۔ بالکل یہی حال یہاں ہوا وہ مزدور واقعہ سنا رہا تھا اور میں حیرت سے اس کا منہ دیکھ رہا تھامیں نے اس کو مزید کریدا پھر کیا ہوا؟ کہنے لگا بلی تھی اور اس کے بچے تھے جن کی وجہ سے آگ آگے نہیں جارہی تھی اور پھر بلی اور بچے جب نکلے تو آگ نے اپنا سفر شروع کیا۔ یہ آگ کا سفر بلی اور اس کے بچوں کو بچانے کیلئے رک گیا تھا۔
وہ یہ سمجھے کہ شاید کسی نے جادو کردیا ہے اس کیلئے لوگوں سے بہت عمل بھی کروائے‘ پھر کاریگر بدلے‘ بہت سی تدابیر بھی کیں لیکن سب تدابیر ناکام ہوئیں اور اللہ کریم نے بلی اور اس کے بچوں کو بچا کر دکھایا۔
قارئین! یہ ایک واقعہ ہے اس واقعہ سے جو بات ہمیں ملتی ہے وہ یہ ہے کہ جانور کی خدمت اور اس کی حفاظت آگ سے بچاتی ہے۔ جانور کی اللہ جل شانہ نے آگ سے حفاظت کی اور جو جانور کی خدمت کرے گا اللہ پاک اس کی آگ سے حفاظت فرمائیں گے اور اس سے مراد صرف دنیاوی آگ نہیں وہ افلاس کی آگ ہو‘ غربت کی آگ ہو‘ تنگدستی کی آگ ہو‘ پریشانیوں کی آگ ہو‘ بیماری کی آگ ہو‘ عذاب کی آگ ہو‘ جادو جنات کی ہویا وہ حقیقی آگ ہو یہ ایک اٹل حقیقت ہے۔ بلی کی خدمت یا کسی ایسے معصوم جانور کی خدمت اور صرف اللہ کی رضا کیلئے وہ دنیا اور آخرت کی آگ سے بچاتی ہے۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 283
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں