بے خوابی سے نجات
ایک سال سے مجھے را ت کو نیند نہیں آرہی۔ جاگتی رہتی ہوں۔ نیند کی گولی کھانے سے چند روز نیند آتی ہے پھر گولی کا اثر نہیں رہتا۔ میری عمر تیس سال ہے دو بچے ہیں۔ کوئی مالی پریشانی بھی نہیں۔ میرے میاں کا اپنا کاروبار ہے۔ کچھ رشتے دار کہتے ہیں کہ تم کسی گناہ میں مبتلا ہو۔ تمام رات اونگھتی رہتی ہوں۔ صبح دو گھنٹے کیلئے کچی پکی نیند آتی ہے۔ آپ مجھے کوئی ٹوٹکہ بتائیں جس سے بے خوابی دور ہوجائے۔ (حمیدہ بی بی)
مشورہ :بے خوابی کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوگی۔ بعض دفعہ دماغ میں خشکی کے باعث بھی نیند غائب ہوجاتی ہے۔ اس کیفیت میں بادام‘ ناریل‘ کدو کے بیجوں اور زیتون کے تیل ہم وزن ملا کر خصوصی تیل بناتے ہیں۔ رات کو سر خصوصاً کنپٹیوں پر اس تیل کی مالش کرنے سے خشکی دور ہوجاتی ہے۔ گیارہ دن یہ تیل لگانے کے بعد عموماً نیند آنے لگتی ہے۔ بڑی بوڑھیاں اصلی گھی کی مالش کرنے اورناخنوں پر گھی لگانے کی بھی تاکید کرتی تھیں۔
آپ صبح جو کا دلیہ دودھ میں پکا کر ایک چمچہ شہد ملا کر کھائیے۔ دوپہر کے کھانے میں دہی ایک پیالی ضرور شامل کیجئے۔ گھیا اور ٹینڈے کا سالن کھائیے۔ سلاد میں ایک دو کھیرے شامل کیجئے۔ غذا سے بہت فرق پڑتا ہے۔ میرے خیال میں دوا کی بجائے غذائی علاج بہتر ہے۔ نماز پابندی سے پڑھئے۔ مسنون دعاوں میں نیند اچٹ جانے کی دعا بھی ہے‘ وہ یاد کرلیجئے۔ آپ کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔
شک نے مجھے برباد کردیا
میں والدین کی اکلوتی بیٹی ہوں۔ شادی کے بعد سے کراچی مقیم ہوں۔ میرے شوہر بہت اچھے ہیں۔ چند ماہ سے نامعلوم کیوں مجھے ہر ایک پر شک کرنے کی عادت ہوگئی ہے۔ شوہر دفتر سے گھر آئیں تو ان کی جیبیں ٹٹولتی ہوں۔ نوکر سودا لے کر آئے تو اس سے پوچھ گچھ کرتی ہوں۔ گھر میں کوئی مہمان آئے تو سوچتی ہوں یہ میرے گھر میں کوئی جادومنتر نہ پھونک جائے۔ بازار جاوں تو ہر چیز کو شک کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔ میری شادی کو دو سال ہوگئے اب تک اولاد کی نعمت سے محروم ہوں۔ مجھے ہر وقت یہی محسوس ہوتا ہے کہ کوئی حادثہ ہونے والا ہے۔ میری امی کراچی آئیں تو مجھے دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ انہیں میں بہت دبلی لگی۔ امی نے مجھے کہا کہ آپ کو خط لکھ کر مسئلے کا حل پوچھوں۔ آپ بتائیے کہ میں کیا کروں؟ یہ شکوک کس طرح دور ہوں گے؟ (م۔ الف‘ کراچی)
مشورہ: بہن! شک ایسی امربیل کی طرح ہے جو جس درخت یا جھاڑی پر چڑھ جائے اسے خشک کردیتی ہے اور خود پھیلے جاتی ہے۔ شک انسان کو کھوکھلا کردیتا ہے۔ دراصل فراغت اور تنہائی کے باعث انسان عموماً منفی باتیں سوچنے لگتا ہے۔ آپ خود کو مصروف رکھنے کی کوشش کریں۔ کسی اچھی ماہر زچہ و بچہ ڈاکٹر سے ملئے اور تفصیلی معائنہ کرائیے۔ وہ آپ کو حیاتین تجویز کرے گی۔ بچہ ہوجائے تو آپ مصروف ہوجائیں گی۔
دوسری بات یہ کہ نماز کی پابندی کریں۔ نماز پڑھ کر اپنے رب سے دعا مانگئے۔ سکون ملے گا۔ آپ کے شکوک بھی ختم ہوجائیں گے آپ پر کسی نے جادو نہیں کیا‘ یہ محض آپ کا وہم ہے۔ آپ کسی نام نہاد پیر فقیر کے پاس چلی گئیں تو یہ خواہ مخواہ وقت کا ضیاع ہے‘ پیسہ علیحدہ برباد ہوگا۔ ان چکروں میں مت پڑئیے۔ نماز کی پابندی کیجئے۔ جب بھی وقت ملے قرآن پاک پڑھیے۔معاملات انشاءاللہ درست ہوجائیں گے۔
موٹاپے کا علاج
موٹاپا کم کرنے کی خاطر قارئین کے بے شمار خطوط آتے ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ ادھر دوا کھائی اور ادھر جسم پتلا ہوگیا۔ جن لوگوں کو موٹاپا کم کرنے کا شوق ہے‘ وہ اپنی غذا سے چکنائی والی اشیاءنکال دیں۔ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کریں تاکہ انہیں جلد فائدہ ہو۔ گلا خراب نہ ہو‘ تو لیموں کا رس ایک پیالی گرم پانی میں ملا کر اس میں ایک چمچہ شہد ڈال کر نہار منہ پیجئے۔
دوپہر کو آپ دو روٹیاں کھاتے ہیں‘ تو ایک روٹی کھائیے۔ ساتھ دہی‘ سلاد‘ پھل کھاسکتے ہیں۔ آپ کی صحت ٹھیک رہے گی۔ کمزوری بھی نہیں ہوگی اور موٹاپا بھی آہستہ آہستہ ختم ہوجائے گا۔ جو لوگ دوا لینے کے خواہشمند ہیں وہ عبقری کے دفتر سے آکر لے سکے ہیں۔
فولاد کی کمی
میں موسم سرما کے تین چار ماہ سخت اذیت کا شکار رہتی ہوں۔ میرے ہاتھ بالکل برف کی طرح یخ ہوجاتے ہیں۔ اونی دستانے پہنتی ہوں پھر بھی فرق نہیں پڑتا۔ بہت ساری ادویہ کھائیں‘ افاقہ نہیں ہوا۔ مایوس ہوکر آپ کو خط لکھ رہی ہوں۔ مجھے مشورہ دیجیے۔
(حناشیخ۔ راولپنڈی)
مشورہ: جن لوگوں میں فولاد کی کمی ہو ان کے ہاتھ پاوں ٹھنڈے رہتے ہیں۔ ایسے مریضوں کو پہلے زمانے میں مچھلی کا شوربہ دیا جاتا تھا۔ بکرے کی کلیجی بھون کر کھلائی جاتی تھی۔ ثابت دالیں گوشت میں پکا کر یا صرف دال کا شوربہ دیتے تھے۔ گائے کا سوکھا گوشت‘ سبزی کیساتھ پکا کر کھلایا جاتا تھا۔ قدرتی طور پر پالک بہت مفید ہے۔ آپ پالک اس ترکیب سے پکا کر کھائیے۔
پالک آدھ کلو (صاف کرکے باریک کاٹ لیں)
ثابت مرچ چار عدد‘ ہری مرچ ‘چار عدد۔ نمک حسب ذائقہ۔ لہسن‘ پانچ دانے (درمیان میں سے کاٹ لیجئے)
سفید زیرہ‘ آدھی چمچی۔ ایک چمچ چاول اور کھانے کا تیل۔تیل میں ثابت مرچ‘ زیرہ لہسن ڈال دیجئے۔ سرخ ہوجائیں تو پالک دھو کر ڈال دیں۔ پانی کی ضرورت نہیں ہلکی آنچ پر پکائیے۔ گل جائے تو استعمال میں لائیے۔ اس طرح سے پکا ہوا ساگ آپ کے جسم کو گرمائش دینے کے علاوہ فولاد کی کمی دور کردے گا۔جو لوگ دوا لینے کے خواہشمند ہیں وہ عبقری کے دفتر سے آکر لے سکتے ہیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 668
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں