قارئین السلام علیکم! جیسے جیسے جدید سائنس ترقی کرتی جارہی ہے اور روز نت نئی ایجادات ہمیں حیران و پریشان کردیتی ہیں اور ہماری زندگی آسانیوں ‘ آسائشوں سے بھر دیتی ہے اسی کےساتھ ساتھ دن بدن مسائل بھی ترقی کرتے جارہے ہیں۔ میری دادی اماں رحمۃ اللہ علیہا فرماتی تھیں ’’اولاد جوان مسائل جوان‘‘ واقعی جب اولاد جوان ہوتی ہے تو مختلف نئی چیزوں کی ضرورت درپیش ہوتی ہے۔ اس میں سے سب ہی بڑی چیز گھر ہے۔ ہمارے معاشرے میں یہ لفظ عام استعمال ہوتا ہے کہ ’’بچے بڑے ہورہے ہیں اب ہمیں بڑے گھر کی ضرورت ہے‘‘۔ اسی طرح ہمیں بھی بڑے گھر کی ضرورت تھی۔ بہت اللہ سے مانگ رہے تھے کہ ’’یا اللہ بڑا گھر دے اور برکت اور عافیت والا دے‘‘ اور ہم نے پہلے ہی نیت کرلی تھی کہ ہم یہ گھر مہمانوں کے لیے بنائیں گے تو جس عمل اور ٹوٹکہ سے ہم نے اپنے پرانے گھر کے پاس ماشاء اللہ بڑا گھر حاصل کیا ہے وہ آج آپ کو بتانے جارہا ہوں۔ پہلا عمل یہ ہے کہ ہم نے ہر نماز میں رب جعلنی کے بعدسلام پھیرنے سے پہلے ’’رَبِّ اِنِّیْ لِمَآ اَنْزَلْتَ اِلَیَّ مِنْ خَیْرٍ فَقِیْرٌ (القصص24) والی قرآنی دعا پڑھنا شروع کردی۔ ہم یہ دعا کافی عرصہ سے پڑھ رہے تھے اور اس کے دوسرا ٹوٹکہ یہ ہے کہ ہمارے گھر میں چیونٹیوں کے چند بل تھے ہم ان کے بل کے باہر شکر ڈالتے تھے اور شکر ڈال کر کہتے تھے کہ اللہ سے دعا کریں کہ رب عظیم ہمیں بڑا ‘ عظمت برکت اور عافیت والا گھر عنایت فرمائے۔بس کچھ ہی عرصہ گزرا ہی تھا کہ اللہ نے ہمیں ایسی جگہ گھر عطا فرمایا کہ ہمارے وہم گمان میں بھی نہیں تھا۔ اب ہم دوبارہ شکر ڈالتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب ہمیں اللہ سے یہ گھر بنوا کے بھی دو اور الحمدللہ وہ گھر بن رہا ہے۔ اس لیے میرے قابل احترام دوستو! عبقری و تسبیح خانہ کا پیغام کیا ہے ’’اعمال سے بننے‘اعمال سے پلنے اور اعمال سے بچنے کا یقین‘‘ کہ ہمارے کام اعمال نبویﷺ سے ہی بنیں گے‘ ہم اعمال نبوی ﷺسے ہی بچیں گے اوراعمال نبویﷺ ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے۔آپ اللہ سے گھر کے علاوہ بھی اگر کچھ چاہتےہیں(باقی صفحہ نمبر 58 پر)
(بقیہ:اللہ کے خزانوں سے بڑا گھر پانے آزمودہ کرشماتی راز)
وہ دولت ہے‘ عزت ہے‘ شہرت ہے‘ صحت و تندرستی ہے‘ گھریلو جھگڑوں‘ پریشانیوں سے چھٹکارا ہے‘ جادو جنات نے تنگ کررہا ہے‘ بیروزگاری سے پریشان ہیں تو آپ بھی اسی ٹوٹکے کو آزمائیے‘ ان شاء اللہ آپ مایوس نہ ہوں گے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں