بدبودار بہتا کان! آزمودہ ٹوٹکہ!8 دن میں یقینی آرام
ہیپاٹائٹس یقینی ختم اور جسم پرکشش وخوبصورت
دیمک کے خاتمے کا نقش شوگرکیلئے آزمایا لاجواب پایا
آندھی طوفان روکنے کیلئے انگلی سے ہوا میں یہ لکھیں
فرنائیل کی خوشبو سے چھپکلیاں آنا بند
ایک راز پڑھا اور میں تندرست ہوگیا
گھریلو الجھنوں کا خاتمہ‘ آزمودہ وظیفہ
ماہواری کی تکلیف میںانتہائی مفید ٹوٹکہ
بدبودار بہتا کان آزمودہ ٹوٹکہ!8 دن میں یقینی آرام
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری کا بہت پرانا قاری ہوں اور اب عبقری میرے گھر کی زینت بن چکا ہے اور میرے تمام بچے بڑے شوق سے پڑھتے ہیں اور اس میں موجود دعائیں اور ٹوٹکے استعمال کرتے ہیں جن سے ان کو فائدے پہنچتے ہیں۔ میں اپنا آزمودہ ایک ٹوٹکہ لکھ رہا ہوں جو کہ کان سے متعلق ہے میرا ایک بیٹا جس کا کان بہت بہتا تھا اور میں نے اس کا کافی علاج اور ٹیسٹ کروائے لیکن مسئلہ جوں کا توں ہی رہا‘ بچے کی پوزیشن یہ تھی کہ کوئی اس کے پاس بیٹھ نہیں سکتا تھا‘ اتنی بدبو آتی تھی کہ ہم سب اس کی بدبو سے پریشان تھے۔ ایک دن ہم کسی رشتے دار کے ہاں ملنے گئے تو ان کو بھی بدبو نے پریشان کیا تو انہوں نے ہی اس کا علاج بتایا۔ علاج یہ ہے کہ تھوڑی سی رتن جوت اور تھوڑا سا سرسوں کا تیل لیں۔ رتن جوت کو سرسوں کے تیل میں جلانا ہے اور ٹھنڈا ہونے پر اس کے قطرے ایک ہفتے تک کان میں ڈالنے ہیں‘ میں ٹوٹکہ استعمال کیا‘ بس اس کے بعد بچے کا کان نہیں بہا اور کتنے ہی لوگوں کو یہ ٹوٹکہ بتایا جس سے ان کو فائدہ ہوا۔ (محمد ابراہیم،حیدر آباد)
ہیپاٹائٹس یقینی ختم اور جسم پرکشش وخوبصورت
ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ پرکشش نظر آئے آج کل صحت ویسی نہیں ہے جیسی پہلے کے زمانے میں ہوا کرتی تھی‘ اس وقت خالص غذائیں ہوا کرتی تھی اب تو ہر چیز ہی مصنوعی ہوتی جارہی ہے۔ مریض آتے ہیں کہ کچھ ایسا دے دیں کہ بھوک لگے صحت بنے آج کل بھوک کی کمی‘ جگر کی خرابی کی وجہ معدے کی خرابی بھی ہے۔ میں خود بھی ایسے نسخہ جات کی تلاش میں رہتا ہوں جو بے ضرر ہوں لیکن مجرب ہوں اور تیزبہدف ہوں اس سلسلے میں تحقیق و تجربات جاری رہتے ہیں چونکہ حکمت میری فیلڈ نہیں تو اس کے لیے بٹ صاحب میرے استاد محترم ہیں جو مجھے گائیڈ کرتے رہتے ہیں محترم حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی ایک کتاب ’’حکماء کی زندگیوں کا طبی نچوڑ‘‘ کے صفحہ نمبر82 پر ایک نسخہ ’’اکسیر جگر‘‘ کے نام سے ہے جو ورم جگر، استسقاء اسہال جگری‘ بھوک کی کمی‘ خرابی معدہ میں اکسیر ہے۔ چالیس روز کا کورس ہے یہ نسخہ بٹ صاحب نے پڑھا تو مجھے کہا یہ بنانا ہے اس کے اجزاء ایسے ہیں کہ یہ کام کریں گے اور جگر کے لیے مفید ثابت ہوں گے اور بھوک بھی خوب لگائیں گے۔
نسخہ ھوالشافی: کالی زیری‘ پوست ہلیلہ زرد‘ چرونجی‘ مغز بھلاواں (اس کا چھلکا اتار کر اندر جو گری ہے وہ استعمال کرنی ہے) دارچینی ہر ایک دو تولہ‘ بھنگڑہ سیاہ تین تولے‘ بیخ کچالو ساڑھے تین تولے‘ قند سیاہ تمام کے ہم وزن تمام ادویات کو کوٹ پیس کر قند میں ملا کر چنے کے برابر گولیاں بنالیں ایک گولی صبح ایک شام یہ نسخہ ہے بھوک لگاتا ہے‘ کمزوری دور کرتا ہے‘ سب سے بڑی بات ہے‘ بے ضرر ہے اور نیا خون پیدا کرنے کے لیے نہایت مفید ہے‘ ہم اس کو کیپسولوں میں بناتے ہیں مگر ہم اس سفوف میں قند (شکر) نہیں ملاتے اور ہومیوپیتھک میڈیسن چیلڈونیم کیو کارڈوس اور ساتھ میں چیونتھس کیو ملاتے ہیں‘ یہ نسخہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے لیے ایک تیز با ہدف نسخہ ثابت ہوتا ہے (یہ نسخہ صرف یرقات اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لیے مخصوص نہیں ہے) یہ معدہ و جگر کی اصلاح کرتا ہے اعصابی کمزوری میں مفید ہے‘ قبض میں بھی مفید ہے‘ ہاتھ پائوں کی جلن میں بھی نافع ہے‘ جسم کو خوبصورت اور فربہ بناتا ہے۔ اپنے تجربات میں سے ایک چیز تھی جو قارئین کے نظر کردی‘ قارئین! بنائیں فائدہ اٹھائیں اور دعائوں میں یاد رکھیں۔( ڈاکٹر ظفر حمید ملک، اٹک)
آندھی طوفان روکنے کیلئے انگلی سے ہوا میں یہ لکھیں
(1)آندھی و طوفان کا عمل جو آپ نے بتایا تھا وہ میں نے کافی دفعہ آزمایا اللہ کے فضل سے اندھی رکی۔ عمل یہ ہے کہ آندھی کے سمت میں ہوا میں انگلی سے لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللہ مُـحَمَّدُالرَّسُوْلُ اللہ لکھنا ہے۔
(2)ہچکی رکنے کیلئے ایک سانس میں تین دفعہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھیں ان شاء اللہ ہچکی رک جائیگی۔
(3)مجھے اکثر نزلہ و زکام رہتا تھا نماز اور کھانے میں مجھے بہت تکلیف ہوتی تھی جب سے مسواک اور وضو کے بعد تین گھونٹ والا عمل شروع کیا ہے الحمد اللہ مکمل آرام ہے۔ وضو کرنے کے بعد تین گھونٹ پئیں‘ پہلا گھونٹ پینے سے پہلے اللہ شافی‘ دوسرے گھونٹ پر اللہ کافی‘تیسرے گھونٹ پر اللہ معافی پڑھنا ہے۔(4)کھانے کے بعد سورئہ قریش تین بار پڑھنے سے ہاضمہ مکمل صحیح رہتا ہے ‘قبض نہیں ہوتی‘ کھانا بیماری نہیں بنتا‘ موٹاپا نہیں ہوتا‘ پیٹ نہیں بڑھتا۔ بے شمارکا آزمودہ ہے۔(5)اگر کسی کو ڈکار بہت آتے ہوں تو ڈکار آتے وقت منہ بند رکھے اور ڈکار کے بعد منہ میں جو تھوک ہو وہ نگل جائے اس سے ڈکار آنے بند ہو جائیںگے۔
(6)یَاحَفِیْظُ یَا سَلَامُ کا کمال: میرے گھر میں کئی مرتبہ شارٹ سرکٹ ہوا لیکن اللہ تعالیٰ نے کرم کیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔(7)کام کرتے وقت اگر کوئی وزنی چیز اٹھانی ہو یا کوئی سخت قسم کا کام کرنا ہوتو میں اللہ اکبر کا ورد شروع کرتا ہوں۔ کام آسانی سے کام ہو جاتا ہے۔ (8)ہمارے ہاں ایک قسم کا گھاس ہے جو کہ (کانیں) نما ہوتا ہے اس کو کاٹتے وقت اگر ہاتھ اوپر سے نیچے چلا جائے بلیڈ کی طرف کٹ لگتا ہے نیچے اوپر کو کچھ نہیں ہوتا میں نے ’’لَقَدْ جَاءَکُمْ رسول ‘‘والی آیت پڑھنا شروع کی‘ تقریباً ایک گھنٹہ میں نے کٹائی کی مجھے کوئی کٹ نہیں لگا۔(9)سفر کے دوران مجھے چھوٹا پیشاب زیادہ آتا تھا اب جب سے میں نے باوضو سفر شروع کیا ہے پیشاب کا مسئلہ ختم ہوگیا۔(10)پانچ سورتیں اور چھ بسم اللہ کا عمل میں کافی عرصہ سے کررہا ہوں اللہ کے کرم سے کبھی سفر میں پریشانی نہیں ہوئی۔(حق نواز، کوہاٹ)
فرنائیل کی خوشبو سے چھپکلیاں آنا بند ہوگئیں
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں تقریباً ایک سال سے عبقری کی قاری ہوں یہ بہت بہترین رسالہ ہے ۔ میرے دو آزمودہ ٹوٹکے آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔ ہمارے گھر میں بہت چھپکلیاں تھیں جو الماریوں میں گھس جاتی تھی، کبھی چکن میں، کبھی کمروں میں اور کبھی صحن میں آجاتی تھی ہم بہت تنگ تھے اس لیے ہم نے فرنائیل کی گولیاں کپڑے میں لپیٹ کا کمروں میں، الماریوں میں، روشن دان اور کھڑکی کے اوپر کیل کے ساتھ باندھ کر لٹکا دی جس سے چھپکلیاں آنا بند ہوگئیں جب تک فرنائیل کی خوشبو رہے تب تک گولیاں رہنے دیں جب خوشبو ختم ہو جائے تو گولیاں بدل دیں آزمودہ ٹوٹکہ ہے۔
ماہواری کی شدید تکلیف میںانتہائی مفید ٹوٹکہ
بعض لڑکیوں کو ماہواری کے دوران نلوں میں بہت تکلیف ہوتی ہے جس سے اٹھنا، بیٹھنا مشکل ہو جاتا ہے اس کے لیے ملٹھی اور سونف والا قہوہ بہت مفید ہے ۔ ملٹھی کی ایک ڈنڈی اور ایک چمچ سونف اور تھوڑا سی شکر ملا کر قہوہ بنالیں دن میں دو تین کپ پی سکتے ہیں۔ ہر قسم کے درد کے لیے مفید ہے۔ بلڈپریشر کے مریض کم استعمال کریں کیونکہ اس سے سر کا درد ختم ہو جاتا ہے مگر بلڈپریشر کنٹرول نہیں ہوتا۔ (ن۔م، راولپنڈی)
فٹافٹ کام کرنے والے آزمودہ ٹوٹکے
(1)ادارک کا رس دو چائے کا چمچ اور لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ ملاکر بالوں کا مساج کریں بال گرنا بند ہو جائیں گے۔ (2)انگلی وغیرہ کٹ جانے کی صورت میں فوری طور پر خون روکنے کے لیے متاثرہ جگہ پر شہد لگا کر پٹی باندھ دیں۔
(3)دانتوں کی چمک اور خوشگوار مہک کے لیے پھٹکڑی میں دو قطرے سرسوں کا تیل ملا کر مسوڑھوں کا مساج کریں۔
(4)پیاز اور لہسن کو جلدی چھیلنے کے لیے انہیں نمک کے پانی میں ڈبو کر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
(5)نزلہ زکام روز مرہ کا مرض ہے اس سے محفوظ رہنے کے لیے روزانہ سوتے وقت تین سے چار کالی مرچ پانی کے ساتھ نگلنے سے انسان نزلہ زکام سے محفوظ رہتا ہے۔
(6)گرمی کے موسم میں کیڑے مکوڑے اپنے بلوں سے باہر نکل آتے ہیں اگر مولی کا پانی نکال کر کونے کھدروں یا سوراخوں میں ڈالدیا جائے تو یہ کیڑے بلوں سے باہر نہیں نکلیں گے۔(ش، ٹبہ سلطان پور)
اگرشوہرلاپروا ہ ہو یا گھر سے نکال دے تو یہ پڑھیں!
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اگر میاں بیوی میں ناراضگی یا جھگڑا ہو جائے اور بیوی جاکے میکے میں رہے تو وہ چاہے کہ میرا میاں مجھے خود آکر لیکر جائے تو اسے چاہیے کہ سوا لاکھ باریَاوَدُوْدُ پڑھے‘ سب گھر کے افراد مل کے بھی پڑھ سکتے ہیں‘ بے شک یہ سوا لاکھ چار دن‘ دس دن میں یا جب بھی مکمل کرلیں اس کے مکمل ہونے سے پہلے ہی میاں آکر اسے لے جائے گا ان شاء اللہ آزمودہ ہے۔ اگر میاں کو غصہ آیا ہو یا اس کا موڈ خراب ہو تو اوّل و آخر ایک بار درود پاک اور پانچ بار (یَااِجَابُو عزائیل) پڑھ کر اس کی کمر پر پھونک ماردے فوراً غصہ ختم ہو جائے گا۔(بشریٰ نعیم، ملتان)
دیمک کے خاتمے کا نقش شوگرکیلئے آزمایا لاجواب پایا
دیمک کے خاتمے کیلئے ایک نقش عبقری میں شائع ہوا جس میں خلفاء راشدینؓ کے نام لکھے جاتے ہیں اس کو میں نے اپنی شوگر کے لیے آزمایا ہے۔ رزلٹ بہترین ہیں یعنی دیمک بھی اندر ہی اندر کھا جاتی ہے شوگر بھی اندر ہی اندر کھا جاتی ہے جب بھی ڈاکٹر صاحبان کو چیک کرایا انہوں نے نارمل ہی کہا ہے۔ وہ نقش باتعویذ مندرجہ ذیل ہے۔
اوّل خلیفہ سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ،
دوئم خلیفہ سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ،
سوئم خلیفہ سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ،
چہارم خلیفہ سیدنا حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ،
پنجم خلیفہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ،
ششم خلیفہ سیدنا امیر معاویہ بن سفیان رضی اللہ عنہ
(نوٹ: اس کو کالا یرقان اور کینسر والے بھی پہن سکتے ہیں یا لکھ کر جیب میں بھی رکھ سکتے ہیں۔)
گھریلو الجھنوں کا خاتمہ‘ آزمودہ وظیفہ
گھریلو الجھنوں سے نجات کیلئے یاسبوح یا قدوس یاغفور یا ودود ہر نماز کے بعد اوّل آخر درود پاک کے ساتھ سات مرتبہ پڑھیں۔ بہت مفید وظیفہ ہے۔(ج، جوہر آباد)
ایک راز پڑھا اور میں تندرست ہوگیا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!عبقری رسالہ اور آپ کی کتب /تالیفات کا مطالعہ کرنا میرا شوق اور ضرورت بن چکا ہے۔الحمدللہ! شادی شدہ ہوں ‘ مگر گزشتہ چند ماہ سے اپنے اندر بہت زیادہ کمزوری محسوس کررہا تھا‘ ایک مرتبہ آ پ کی کتاب ’’کلونجی کے کرشمات‘‘ پڑھ رہا تھا تو اس کے صٖفحہ نمبر 25 کے ایک نسخہ پر نظر پڑی۔ جس کا عنوان ’’ایک راز کا انکشاف‘‘ تھا۔میں نے غور سے پڑھا میرےدل کو لگا‘ اسی دن تمام شیاء بازار سے لے آیا جو کہ میری سوچ سے زیادہ سستا بنا‘ چند ہفتے مستقل مزاجی سے استعمال کیا‘الحمدللہ! یہ لکھتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ میں بالکل تندرست اور اپنی ازدواجی زندگی سے بھرپور طریقےسے لطف اندوز ہورہا ہوں۔ نسخہ یہ ہے ھوالشافی: کلونجی پچاس گرام‘ عقرقرحا پچاس گرام‘ تخم ریحان پچاس گرام‘ مصری پچاس گرام۔ ترکیب: تخم ریحان کے علاوہ باقی تمام اجزاء کو کوٹ پیس کر سفوف بنائیں اور محفوظ رکھیں۔ ان تمام اجزاء کو کوٹنے کے بعد تخم ریحان بغیر کوٹے پیسے تمام ادویات میں ملا لیں اور ایک چوتھائی چمچ صبح و شام بعد از غذا استعمال کریں۔ جنسی کمزوری‘ بے طاقتی کا تیربہدف نسخہ ہے‘ جسم میں نشاط‘ کیف‘ کیفیات‘ نئے ولولے‘ نئی جوانی اور نئی امنگیں پیدا کرتا ہے۔ (اقبال احمد، لاہور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں