ایسے لوگوں کے مشاہدات کی سچی آپ بیتیاں جنہوں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے زندگی کا سُکھ پایا۔۔۔ ان کی کہانی انہی کی زبانی پڑھیں
یَاقَہَّارُ پڑھا بیٹا ٹھیک:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ آپ کو صحت و تندرستی عطا کرے۔ آمین! جس جگہ ہم رہتے ہیں اس جگہ بہت درخت ہیں اور ہمارے چند حاسد ہیں جو سخت عملیات کرتے ہیں۔میری بیٹی راتوں کو بہت ڈرتی تھی اور اس کے سر میں درد رہتا ‘ حالانکہ بچپن میں وہ پڑھائی میں بہت اچھی تھی۔ میں نے عبقری رسالہ میں سے پڑھ کریَاقَہَّارُ کا وظیفہ پڑھنا شروع کردیا جس سے مجھے بہت سی چیزیں نظر آئیں‘ جنہوں نے مجھے بہت ڈرایا اور ستایا کہ یہ پڑھنا چھوڑ دو‘ پھر میں نے یَاقَہَّارُ کے تعویذ بنا کر گلے میں ڈالے جس سے مجھے بہت سکون ہوا۔ میرا چھوٹا بیٹا بہت زیادہ ضد کرنا شروع ہوگیا تھا‘ ہروقت تنگ کرتاجب میں نے یَاقَہَّارُکا تعویذ اپنے بیٹے کے گلے میں ڈالا تو مجھے ایسے محسوس ہوا جیسے میرےبیٹے سے کوئی چیز نکل کر بھاگی اور اس نے مجھے دھمکی دی کہ میں تجھے نہیں چھوڑوں گا۔ گھر میں جھگڑے ختم ہوگئے ہیں۔ بیٹا پہلے رات کو بہت ڈرتا تھا مگر اب میں یَاقَہَّارُ پڑھ کر اسے دم کردیتی ہوں تو وہ پرسکون نیند سوتا ہے۔ (س،خ)۔
یہ کیا تھا میری سمجھ سے بالاتر:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!ایک دن اخبار فروش نے مجھے عبقری کا شمار مفت عنایت کیا۔ بس میری زندگی کی کایا ہی پلٹ گئی۔ میں نے رسالے کو بار بار پڑھا اور اس میں جو وظائف درج تھے ان کو کرنا شروع کردیا۔ پھر ایک شمارے میں جناب علامہ پروفیسر لاہوتی پراسراری کا سلسلہ وار مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھا اب جب تک دوسرا شمار نہ مل جاتا مجھے ذہنی سکون نہ ملتا۔ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم اور جناب علامہ لاہوتی پراسراری دامت برکاتہم کو لمبی زندگی عطا کرے اور وہ یوں ہی عوام الناس کی رہنمائی اور خدمت کرتے رہیں۔علامہ صاحب کے لکھے گئے واقعات کو میں دوسوفیصد صحیح سمجھتا ہوں اور جو وہ جنات کے واقعات قلمبند کرتے ہیں وہ حقیقت میں بالکل صحیح ہیں۔ ان کی اجازت کردہ اعمال کو جو وہ وقتاً فوقتاً اپنی قسطوں میں لکھتے‘ میں نے وہ سب وظائف کیے۔ مثلاً درودشریف‘ حزب البحر‘ سورۂ اخلاص کا عمل‘ پرندوں اور جانوروں کو ہدیہ کرنا‘ کیڑے مکوڑوں کو خوراک ڈالنا وغیرہ وغیرہ۔۔۔ مجھے ان اعمال کے اتنے مثبت اثرات ظاہر ہوئے کہ میں اگر قلمبند کروں تو ایک کتاب کی شکل اختیار کرلے گی۔ مختصراً عرض ہے کہ ان اعمال و وظائف کے صدقے میں میری‘ میری اولاد کی اللہ پاک نے زندگیاں بدل دیں۔ مجھ جیسے گنہگار شخص کو اللہ پاک نے اپنے گھر کی زیارت یعنی حج بیت اللہ سے نوازا۔ جب میں بیت اللہ شریف پہنچا تو کیا لکھوں۔ اللہ کا کرم‘ بہت آسانی سے طواف کیا۔ عمرہ کیا‘ ملتزم پر لپٹ کر رویا‘ دعائیں کیں‘ حطیم میں نفل ادا کیے‘ حجرہ اسود کو بوسہ دیا‘ نہ رش تھا نہ مخلوق تھی۔ میں اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کی مہربانیوں کا جتنا ذکر کروں کم ہے۔ جب روضہ رسول ﷺ پر مسجد نبویﷺ میں حاضر ہوا۔ خدا کی قدرت دیکھئے کہ وہی حال حرم شریف والا۔ بڑی آسانی سے روضۃ الجنہ میں نوافل ادا کیے اور بہت دیر تک سکون و اطمینان کے ساتھ روضہ رسول ﷺ پر کھڑے ہوکر ہدیہ درود و سلام پیش کیا۔ یہ کیا تھا؟ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ کیونکہ میں اتنا گنہگار ہوں کہ اپنےآپ کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ؑﷺ کے روضہ اقدس پر حاضری دے سکوں گا۔ یہ سب کچھ اگر ممکن ہوا تو حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم اور حضرت علامہ لاہوتی دامت برکاتہم کے بتائے ہوئے اذکار تھے کہ میری زندگی ہی بدل گئی۔ میرے بچوں کو جگہ جگہ کامیابیاں ملنا شروع ہوئیں‘ بچیوں کے گھر آباد ہوگئے‘ بچوں کو روزگار مل گیا۔ تنگدستی خوشحالی میں بدل گئی‘ جو لوگ ہروقت میرے خلاف پروپیگنڈا کرتے تھے ان کی زبانیں بند ہوگئیں اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں سکون کی دولت سے نواز دیا۔
رویوں میں تبدیلی:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! خدائے بزرگ و برتر آپ کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رکھے۔محترم حضرت حکیم صاحب! ہمارے گھر میں جنات کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میں عبقری رسالے میں چھپا علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا یَاقَہَّارُ کا عمل پڑھ رہی ہوں۔ یہ عمل کرنےسے پہلے ہمارے گھر میں ہروقت بے چینی‘ گھبراہٹ‘ لڑائی جھگڑے جس سے بات کرو کاٹ کھانے کو دوڑتا۔ ہر کوئی ہروقت غصے میں چیختا چلاتا۔ میری اور شوہر کی ہروقت لڑائی ہوتی مگر جب سے یَاقَہَّارُ کا عمل میں،میرے شوہر اور میرے بچوں نے کرنا شروع کیا ہے پہلے سے کافی فرق ہے۔ میرے اور شوہر کے غصےاور چیخنے چلانے میں کافی فرق آیا ہے‘ گھر میں سکون آگیا ہے‘ لڑائی جھگڑے ختم ہوگئے ہیں۔ الحمدللہ! یہ عمل جاری ہے۔ (ج،ر۔ کراچی)۔
سب مسائل کا ایک حل:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری پچھلے تین سال سے مسلسل پڑھ رہا ہوں‘ اس میں موجود نسخہ جات اور وظائف بہت لاجواب ہوتے ہیں‘ خاص طور پر ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا تو کوئی جواب ہی نہیں۔ میں یہ مضمون بہت شوق سے پڑھتا ہوں۔ میں ایک امام مسجد ہوں‘ اکثر لوگ میرے پاس دم کروانے کیلئے آتے ہیں اور اپنے مسائل کے حل کیلئے کوئی وظیفہ پوچھتے ہیں تو جو بھی میرے پاس وظائف پوچھنے آتا ہے میں اسے یَاقَہَّارُ کا عمل بتادیتا ہوں کہ صبح و شام گیارہ گیارہ تسبیحات یَاقَہَّارُ کی پڑھو اول و آخر سات سات مرتبہ درودشریف۔ الحمدللہ! آج تک میں نے جتنے بھی افراد کو یَاقَہَّارُ کا عمل بتایا ہے سب کے مسائل اللہ پاک نے حل فرمادئیے ہیں۔ (نصیراحمد‘ بھلوال)۔
فیض ہی فیض:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! بندہ ناچیز رسالہ ماہنامہ عبقری اور آپ کا دیوانہ مستانہ ہے‘ صرف اس وجہ سے کہ آپ خالق سے مخلوق کو ملواتے ہیں۔ مجھ پر کسی نے جادو کروا دیا تھا جس کے توڑ کیلئے میں نے ماہنامہ عبقری سے دیکھ کر افحسبتم اور اذان والا عمل کیا جس سے میرا جادو ٹوٹ گیا۔ عمل یہ تھا کہ سورۂ مومنون کی آخری چار آیات اور اذان سات سات مرتبہ پڑھ کر اپنے کانوں کا تصور کرکے دم کرلیں‘ میں نے یہ عمل چند دن کیا تو میرے گھر سے جادو ختم ہوگیا۔ گزشتہ رمضان میں نے حضرت علامہ لاہوتی پراسراری کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے پڑھ کر کلمہ کا نصاب شروع کیا اور رمضان میں روزانہ دس ہزار مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھا‘ اللہ پاک نے مجھے دو بیٹیوں کے بعد ایک بیٹے سے نوازا۔میرا بیٹا شروع میں بہت تندرست تھا مگر پھر نہ جانے کیا ہوا کہ اسے بخار چڑھنا شروع ہوگیا‘ میں نےقرض لے کر بیٹے کا علاج شروع کروایا‘ اچھے ہسپتال میں بخار ٹھیک ہوگیا جب گھر لائے تو پھر ایک مہینے بعد بخار شروع ہوگیا جوکہ 104 سے کم نہیں ہوتا تھا بعض لوگوں کے کہنے پر میں نے اپنے بیٹے کا نام بھی تبدیل کردیا مگر اس کے باوجود بیٹے کو بخارنے نہیں چھوڑا جس کی وجہ سے میرا بیٹا بہت زیادہ کمزور ہوگیا‘ خون کی بھی کمی ہوگئی‘ ایک دن مجھے غصہ آیا اور میں نے زور زور سے رونا شروع کردیا اور ساتھ یہ کہنا شروع کردیا کہ اب جو کچھ بھی ہوجائے میں اپنے بیٹے کو موتی مسجد ضرور لے کر جاؤں گا اور حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کے درس میں ضرور شرکت کروں گا۔ آپ یقین کریں میرے بیٹے کا بخار فوراً اتر گیا۔ پھر میں موتی مسجد میں گیا‘ وہاں تلاوت قرآن کی‘ میری بیوی اور بیٹا بھی میرے ہمراہ تھے‘ موتی مسجد میں نوافل ادا کیے‘ خوب رو رو کر اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر اپنے لیے‘ اپنے بچے کیلئے اور پوری امت کیلئے خواب دعا کی جو خواتین آئی ہوئی تھیں مجھے نہیں معلوم وہ بھی میری دعا پر آمین کہتی رہیں‘ مجھے کچھ نہیں معلوم تھا کہ میں کیا ہوں‘ بس مجھ پر ایک وجد طاری تھا‘ پھر آپ کیلئے‘ حضرت علامہ لاہوتی پراسراری اور صحابی بابا کی عمر درازی کیلئے دعا کی‘ اچانک مجھے بہت ہی اچھی خوشبو نے گھیرلیا تھا‘ مجھے ایسا لگا کہ پوری موتی مسجد خوشبو سے بھرگئی‘ میری بیٹی جس کی عمر پانچ سال ہے‘ نام حورالعین ہے وہ بھی دعا کررہی تھی کسی نے اس کے ہاتھ پر مٹھائی کا ٹکڑا (برفی) رکھ دیا‘ میری بیٹی میرے پاس آئی اور کہا ابو کسی نے مجھے مٹھائی دی ہے‘ میں نے فوراً وہ مٹھائی اپنے بیٹے اور دونوں بیٹیوں کو کھلائی خود بھی کھائی اور میری بیوی نے بھی کھائی۔ اس کے بعد آپ کے درس میں شرکت کی وہاں کا لنگر بھی کھایا جب سے ہم لاہور سے آئےہیں‘ الحمدللہ! میرا بیٹا بالکل تندرست اور صحت مند ہوگیا ہے جب میں لاہور میں تھا تو میں نے اپنے بیٹےکو حضرت حکیم صاحب کے اسسٹنٹ صاحب کو دکھایا اور اس کی کمزوری کیلئے کسی دوائی کا کہا تو انہوں نے مجھے ’’معجون شفایابی‘‘ دوا دی‘ میرا یقین پکا ہے اور میں عبقری کی ادویات پر اندھا اعتماد کرتا ہوں اب بچے کو معجون شفایابی کھلارہا ہوں‘ اب اس کی صحت قابل رشک ہوتی جارہی ہے‘ خون کی کمی پوری ہورہی ہے اب میرا بیٹا فرش پر لیٹ کر چلنا بھی شروع کردیا ہے اور سہارے سے کھڑا بھی ہوجاتا ہے۔ موتی مسجد میں نوافل کا عمل تفصیل کے ساتھ صفحہ نمبر 36پر ملاحظہ فرمائیں۔(سید تصویر شاہ‘ کراچی)۔
تین دن میں مسئلہ حل:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میری ہمسائی نے اپنا ایک مشاہدہ بتایا کہ ایک عمل ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں چھپا کہ ستر منٹ تک
اَسْتَغْفِرُاللہَ الْعَظِیْم پڑھیں طاق دنوں میں یعنی تین، سات، نو، گیارہ، اکیس دن مسائل کے حل کیلئے اور حاجات کیلئے۔ وہ بتارہی تھیں کہ بچوں کیلئے عید کے نئے کپڑے نہیں تھے مگر میں نے تین دن ہی ستر منٹ تک ایسے پڑھا تو مجھے بچوں کیلئے عید کے نئے سوٹ بازار سے خریدنے کاموقع اللہ نے دیا‘ یہ بھی ان کیلئے بہت بڑی بات تھی جو باذن اللہ ایسا ہوا اور ہم تہہ دل سے عبقری‘ آپ کی اور حضرت علامہ لاہوتی پراسراری کی شکرگزار ہیں۔ایک انہوں نے مشاہدہ روحانی پھکی کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے کسی کو جوڑوں کے درد کیلئے روحانی پھکی دی‘ اس کو اس سے واضح فرق ملا۔ روحانی پھکی سے کمر کے مہرے اور کھچاؤ کی تکلیف دور ہوئی اور جس کو بھی روحانی پھکی دی اس کو سکون ملا اور تکلیف دور ہوئی۔ (کرن ربانی)۔
حالات میں بہتری:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا رسالہ عبقری میں بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ ہمارے گھر میں عبقری ایسے آیا کہ ہمارے گھر کے حالات بہت خراب تھے‘ ہروقت پریشانیاں ہی پریشانیاں تھیں کہ ہمارے قاری صاحب جو بچوں کو پڑھانے آتے ہیں انہوں نے عبقری لاکر دیا کہ اس سے استفادہ حاصل کریں۔ اس میں موجود مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے درود پاک کا وظیفہ اور کلمہ کا نصاب اور دوسرے وظائف تھے جو میں کرتی رہی اللہ نے بڑا کرم کیا گھر کے حالات میں بہتری آرہی ہے‘ ہماری تنگدستی دور ہوگئی ہے کیونکہ میرے میاں بیرون ملک حال ہی میں چلے گئے ہیں۔ اب میں بس آپ کے درس سنتی ہوں۔ محترم حضرت حکیم صاحب! میرے پاس الفاظ نہیں جن کا سہارا لیکر میں بیان کرسکوں کہ میری کیفیت کیا ہے‘ حد سے زیادہ آپ کے درس کی دیوانی ہوگئی ہوں‘ دل کے اندر ایک خواہش ہے کہ آپ کا دست شفقت سر پر ہو۔ (زیبا کوثر‘ جہلم)۔
محمدرسول اللہ کا فیض:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری رسالے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے‘ بس یہ سمجھ لیجئے کہ ہماری دنیا و آخرت سنوارنے کا ذریعہ بن گیا‘ ہم جیسے بھولے بھٹکے مسلمان راہ راست پر آرہے ہیں۔ ہم نے آپ سے کلینک میں ملاقات کی تھی تو آپ نے ہمیں وظیفہ یَامُمِیْتُ یَاقَابِضُ یَامَانِعُ یَاصَبُوْرُ یَاحَفِیْظُ پڑھنے کو دیا تھا جو کہ میں نے ایک دفعہ سوا لاکھ کرلیا تھا اور دوسری دفعہ ابھی اسی ہزار ہوا جس سے میں نے کافی فائدہ محسوس کیا ہے جو خوف سا محسوس ہوتا تھا اس میں بھی کمی ہوئی تھی۔ عجیب سے‘ فضول سے خیالات آتے تھے وہ اب نہیں آتے۔پچھلے رمضان میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے محمد رسول اللہ والا وظیفہ شروع کیا جو ابھی تک صرف پانچ لاکھ مرتبہ پڑھا ہے باقی ابھی جاری ہے‘ اس وظیفے کی کرامات دیکھتے ہوئے دل تو کرتا ہے کہ ساری زندگی کا یہ وظیفہ بنالوں۔ اس وظیفے نے میری بہت سی مشکلات حل کردی ہیں۔ (اسماء، اٹک)۔
علامہ لاہوتی صاحب ایک مسیحا:۔
محترم حضرت علامہ لاہوتی پراسراری صاحب السلام علیکم! اللہ کریم آپ کو اور آپ کی نسلوں کو دنیا اور آخرت کی ہر بھلائی‘ ہر نعمت‘ رحمت‘ دولت‘ کامیابی اور سکون عطا فرمائے‘ آپ کاسایہ ہمارے سروںپر سلامت رکھے‘ اس دنیا میں آپ جیسے بزرگ اولیاء واقعی ہمارے لیےرحمت خداوندی سے کم نہیں‘ میرا اللہ جانتا ہے کہ مجھے آپ سے کتنی عقیدت ہے‘ آپ وہ فرشتہ صفت انسان ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے دکھی لوگوں کیلئے مسیحا بنایا‘ مجھے آپ پر بہت یقین ہے۔محترم علامہ صاحب! مجھے ڈیپریشن کی بیماری تھی جس کےروحانی علاج کیلئے میں نے یَاقَہَّارُ کا پانی میں پاؤں رکھ کر کرنے والا عمل کیا جس سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔
یاقہار کی سفید چادر:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم اپنے مسائل کے حل کیلئے یَاقَہَّارُ پورے یقین اور توجہ کے ساتھ پڑھ رہے ہیں اور ساتھ آپ کے درس بھی گھر میں سنتے ہیں بلکہ اب تو جیسے درس سننے میں تھوڑی سی تاخیر ہوجائے تو لگتا ہے جیسے کوئی چیز کھوئی کھوئی سی اور نامکمل ہے۔ جیسے ہی رات کو آٹھ بجے لائٹ آتی ہے ہم کچھ بھی کررہے ہوں وہیں پر چھوڑ دیتے ہیں لگتا ہے درس سننے کی اللہ تعالیٰ نے تڑپ اور طلب دے دی ہے اور ایسا ہو بھی کیوں نہ! اللہ تعالیٰ نے آپ کی زبان مبارک سے نکلے ہوئے ایک ایک لفظ میں شفاء رکھی ہے روحانی بھی اور جسمانی بھی‘ہمارے گھر میں چونکہ مسائل بہت زیادہ تھے‘ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ اب ہم آپ اور حضرت علامہ لاہوتی صاحب کی دعاؤں کے سایہ میں آگئے ہیں تو پورا یقین ہے کہ انشاء اللہ مسائل اب مسائل نہیں رہیں گے ضرور حل ہونگے۔ ان مسائل کی وجہ سے ہمارے گھر میں پہلے بہت ٹینشن رہتی تھی‘ بے سکونی‘ لڑائی جھگڑا‘ کوئی کسی کی بات کو برداشت نہ کرتا اگر کوئی کچھ کہہ دیتا تو دل کرتا کہ اس کا سر پھاڑ دیں۔ یہاں تک کہ ماں کی بات بھی برداشت نہ ہوتی۔ لیکن اب الحمدللہ آپ کے درس سننے اور یَاقَہَّارُ کا وظیفہ سارا دن کھلا پڑھنےکی وجہ سے ہمارے گھر کے ماحول میں بہت فرق آگیا ہے‘ کافی حد تک پرسکون ہوگیا ہے۔ ایک دوسرے کی بات برداشت کرلیتےہیں۔ بات بڑھتی نہیں۔ ہماری ایک مارکیٹ ہے جو کہ کرایہ پر نہیں چڑھ رہی تھی‘ کرایہ دار خود فون کرکے بھائی کو بلاتے‘ بات کرتے لیکن بات فائنل کرنے کی باری آتی توٹال مٹول کرنے لگتے‘ کافی عرصہ سے ایسے ہی چل رہا تھا لیکن یَاقَہَّارُ کی برکت سے اللہ کا اتنا کرم ہوگیا ہے کہ مارکیٹ کا اوپر والا پورشن کرایہ پر چڑھ گیا ہے۔ نیچے والا رہ گیا ہے انشاء اللہ وہ بھی جلد کرایہ پر چڑھ جائے گا۔
محترم حضرت حکیم صاحب! ہم اس سےپہلے بہت سارے لوگوں کے پاس گئے کوئی کہتا کہ یہ عامل کامل ہے‘ اس کے پاس جانے سے کام بن جائے گا‘ کوئی کہتا چھوڑو اس کو اتنے عرصے سے جارہے ہو کیا بنا‘ اس پیر کے پاس جاؤ ہم گئے تھے اتنے دنوں میں ہمارا فلاں مسئلہ حل ہوگیا لیکن ہمارے مسائل کہیں سے بھی حل نہیں ہوئے‘ کوئی تعویذ دے دیتا اور کوئی کہتا کہ ہم تعویذ نہیں دیتے۔ ایسے ہی دعا کریں گے لیکن ہم جہاں تھے وہیں رہے۔ ایک بات آپ کو بتانی تھی کہ ہم جب بھی کسی کے پاس جاتے تھے اس کے ایک یا دو دن بعد میں خواب میں اپنے آپ کو ننگے سر دیکھتی اور ایسے ہی خواب بعض اوقات کوئی رشتہ آنےپر بھی دیکھتی کہ بازار میں کھڑی ہوں اور سر پر دوپٹہ نہیں ہے۔ آنکھ کھلنے پر بہت پریشان ہوجاتی‘ لیکن! جب سے یَاقَہَّارُ پڑھا اور درس سن رہے ہیں‘ تو میں نے پچھلےدنوں ایک خواب دیکھا کہ میں اور میرے گھر والے کہیں جارہے ہیں اور بازار سے گزر رہے ہیں میرے سر پر سفید رنگ کا دوپٹہ ہےجو میں نے اچھی طرح اوڑھا ہوا ہے اور اچانک تیز ہوا چلنے لگتی ہے اور طوفان آجاتا ہے اور میری چھوٹی بہن کہتی ہے کہ ہوا بہت تیز ہے۔ میں کہتی ہوں کچھ نہیں ہوتا وہ ہوا آکر گزر جاتی ہے مگر ہمیں کسی کو کچھ نقصان نہیں ہوتا۔محترم حضرت حکیم صاحب! ہم بروز جمعرات کو آپ کا در سننے تسبیح خانہ لاہور گئے اور جیسے ہی ہم وہاں پہنچے ہم نے ان گلیوں میں جو سکون دیکھا‘ اللہ اللہ! میں وہ لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ دل کی جو کیفیت ہوئی میں تویہی کہوں گی کہ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو ہر جمعرات کو تسبیح خانہ جاکر آپ کا درس سنتے ہیں اور جھولیاں بھر بھر کر واپس آتے ہیں۔ وہاں ہم نے درس سنا‘ لنگر کھایا۔ لنگر میں جو ذائقہ پایا اور خوشبو پائی وہ عام طور پر کسی کھانے میں نہیں ہوتی۔ (ایک بیٹی‘ نارووال)۔
یاقہار کی زبردست قوت:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں‘ میں نے اس میں یَاقَہَّارُ کا عمل پڑھا جو میں بڑے شوق سے کرتی ہوں۔ میں ایک عمل دہراتی ہوں کہ تصور کرتی ہوں کہ یَاقَہَّارُ لفظ میرے ماتھے سے میرے سر کے اندر جذب ہوگیا ہے ہر بار اس تصور کو دہراتی ہوں مگر عجیب بات یہ ہے کہ دس منٹ بھی پورے نہیں ہوتے کہ مجھے زور دار چھینک آتی ہے کہ دماغ تک ہل جاتا ہے۔ میں یہ اسم اعظم اس لیے پڑھتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ اپنی زبردست قوت اور خیر کے ساتھ میرے دماغ کی خباثتوں‘ جلال‘ سرکشی اور منفی شر کو ختم کردیں اور بار بار یَاقَہَّارُ کو اپنے دماغ میں داخل ہوتا دیکھ کر دل زور سے پکارتا ہے کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا‘ بے شک باطل مٹنے کیلئے ہی ہے۔یہاں تک کہ ایک دن میں یَاقَہَّارُ پڑھتے پڑھتے سوگئی‘ تو سوتے ہوئے بھی اتنی زور سے چھینک آئی کہ میں ڈر کے جاگ گئی‘ مگر دماغ پر شیطانیت کا غلبہ اب ویسا نہیں رہا۔ چھینک جب بھی آتی ہے ایسا احساس ہوتا ہے کہ جیسے کسی حد تک شر سے نجات ملی۔ (عمارہ چغتائی‘ لاہور)۔
یاقہار سے مسائل حل:۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتے ہیں‘ ہمیں عبقری رسالہ کسی نے تحفہ میں دیا تھا عبقری رسالہ ملنے سے پہلے ہمارے گھر کے حالات بہت خراب تھے‘ سب گھروالے بیمار‘ ہم دکھوں مصیبتوں میں گھرے ہوئے تھے۔ شادیوں کے مسئلے‘ لڑائی جھگڑے تھے۔ ایک بہن کو سائے کا مسئلہ تھا‘ سوئی ہوئی ڈر کی وجہ سے جاگ جاتی‘ اس کو آوازیں آتیں۔ میں نے ماہنامہ عبقری کے ایک شمارے سے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا دیا ہوا وظیفہ یَاقَہَّارُ سارا دن کھلا پڑھنا شروع کردیا‘ اس وظیفہ کی برکت سے میری طبیعت اور گھر کے حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ الحمدللہ! وظیفہ ابھی جاری ہے۔ (پوشیدہ)۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں