ایک دن مجھے کسی بہن نے بتایا کہ گھروں میں جھگڑوں سے بچنے کیلئے ہروقت یَاوَدُوْدُ یَاسَلَامُ پڑھتے رہیں۔میں نے یہ دونوں اسم ہر نماز کے بعد ایک تسبیح پڑھنا شروع کردئیے ۔ الحمدللہ ! جب سے یہ وظیفہ شروع کیا ہے ہمارے گھر میں سکون ہے
سردرد یا جسم کے کسی حصے کے درد کیلئے
(مبارک علی‘ چکوال)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! بندہ ناچیز کو ایک خاتون سے دو چیزوں کی اجازت ملی تھی‘ عبقری کے قارئین کیلئے حاضر خدمت ہیں:۔
سردرد یا جسم کے کسی حصے کے درد کیلئے: سورۂ فاتحہ 7 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک مگر سورۂ فاتحہ بغیر آمین کے پڑھ کر دم کریں اور مریض سے کیفیت پوچھیں اگر آرام آجائے تو ٹھیک ورنہ دو یا تین دفعہ اس عمل سے اللہ اپنا کرم اور فضل کرکے آرام دے دیتے ہیں۔ بہت آزمودہ ہے۔
یرقان کیلئے:اول و آخر گیارہ مرتبہ درود پاک اور سات سات مرتبہ سورۂ فاتحہ اور سورۂ فلق پانی پر دم کرکے دیں اور وہی پانی پلائیں جب تک کہ مریض ٹھیک نہ ہوجائے کچھ حسب توفیق صدقہ کریں۔ پانی ختم ہوجائے تو اور تازہ دم کردیں‘ آزمودہ ہے۔ ایک آفس کے ڈرائیور کو دم کرکے دیتا رہا الحمدللہ آج وہ بالکل ٹھیک ہے۔ دونوں اعمال کی اجازت ہے۔
طب نبویﷺ سے صحت مند زندگی
(محمد وارث‘ راولپنڈی)
حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشاد پاک:۔
٭کھانا ہاتھ دھو کر‘ داہنے ہاتھ سے بسم اللہ پڑھ کر شروع کریں۔ ٭نظام انہضام کی بہتری کیلئے ہفتہ میں دو روزے رکھیں۔ ٭مریض کے پاس بیٹھ کر کھانا نہ کھائیں۔٭تکیہ لگا کر اور کھڑے ہوکر کھانے سے بدہضمی ہوتی ہے۔٭کھانا ٹھنڈا کرکے کھاؤ‘ گرم کھانے سے معدہ کمزور ہوتا ہے۔ ٭لیموں‘ شہد کے ساتھ نہار منہ کھانے سے دماغ کو طاقت ملتی ہے۔٭کھانا ٹھنڈا کرنے کیلئے اس میں پھونک نہ مارو۔ ٭اکیلے کھانا نہ کھاؤ۔٭کھانا کھانے کے بعد خلال کرو‘ ورنہ دانت کمزور ہوجاتے ہیں۔٭دستر خوان پر گری ہوئی چیز اٹھا کر کھانے سے رزق میں فراغی ہوتی ہے۔ ٭انجیر کھانے سے انسان مرض قولنج سے محفوظ رہتا ہے۔ ٭زیتون کھایا کرو اور زیتون کے تیل کی مالش کیا کرو۔ ٭رات کو کھانا نہ کھانے سے بڑھاپا جلد آتا ہے۔٭لوکی یعنی کدو کھایا کرو یہ دل و دماغ کو قوت بخشتا ہے۔ ٭تبخیر معدہ کیلئے کھیرا‘ مولی‘ گاجر‘ ٹماٹر کھایا کرو۔٭دودھ بہترین غذا ہے۔٭زیادہ عرصہ صحت مندرہنے کیلئے صبح اور رات کھانا باقاعدگی سے کھایا کرو۔٭لہسن کا استعمال بیماریوں سے نجات دلاتا ہے۔٭کھانے کے فوراً بعد سونے سے دل میں سختی آجاتی ہے۔٭ روٹی شوربہ میں بھگو کر کھایا کرو‘ اس سے دل و دماغ کو تقویت ملتی ہے۔٭کھانا کھانے کے بعد الحمدللہ کہو‘ پانی کھانا کھانے سے پہلے اور درمیان میں پئیں۔
بے برکتی و کندذہنی کا علاج
(والدہ محمد یوسف‘ ہارون آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! ایک سوانح حیات میں نحوست کے علاج کے سلسلہ میں ایک واقعہ لکھا ہے کہ مقامی کالج کے ایک پروفیسر مجھے ملنے آگئے میں نے ان کو بتایا کہ نحوستوں نے مجھے گھیر رکھا ہے‘ کہیں جاتا ہوں ناکام لوٹتا ہوں سفر کرتا ہوں تو شاذو نادر ہی منزل پر پہنچتا ہوں۔ انہوں نے فرمایا کہ کئی اللہ والوں نے اس صورت حال کا علاج لکھا ہے ان میں حضرت امام جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ بھی شامل ہیں۔ علاج کا خاصا یہ ہے کہ اپنے نام کے اعداد ابجد کے حساب سے نکالو‘ پھر خدا کے ناموں میں سے ایک ‘ دو یا تین ایسے ناموں کا انتخاب کرو جن کے اعداد کا میزن وہی ہو جو تمہارے نام کا ہے پھر ان ناموں کا ورد کرو‘ بے برکتی دور ہوجائے گی۔ میں نے یہ علاج سب سے پہلے خود آزمایا اور اس کے بعد تقریباً آٹھ ہزار آدمیوں کو بتایا سب نے اسے بہت مفید پایا۔
کند ذہنی کا علاج:کسی بزرگ نے فرمایا جن کا نام مجھے یاد نہیں جو بچے کندذہن ہوں انہیں صبح نہار منہ پہلے بادام کی ایک گری‘ دوسرے دن دوسری پھر تیسرے دن تیسری تیسری حتیٰ کہ 40 دن تک ایک ایک گری تعداد میں بڑھاتے جائیں چالیس دن بعد ایک ایک گری کم کرتے جائیں حتیٰ کہ ایک گری تک واپس آجائیں یہ صبح نہار منہ کرنا ہے۔ بادام کو رات کو کچے مٹی کے برتن میں بھگونا ہے اور چھلکا اتار کر کھانا ہے۔
خونی بواسیر کا علاج: عشاء کے وتروں میں پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کافرون‘ دوسری رکعت میں اذا جاء‘ تیسری رکعت میں تبت یدا پڑھیں۔ انشاء اللہ اللہ تعالیٰ ضرور شفاء عطا فرمائیں گے۔
موشن کا علاج: اگر کسی کو موشن کی تکلیف ہو تو آم کی گٹھلی میں جو گری ہوتی ہے اس کو نکال کر توے پر بھون لیں‘ اس کا پاؤڈر بنا کر پانی کے ساتھ پی لیں۔ انشاء اللہ شفاء ہوگی۔
گھروں میں جھگڑے فساد سےنجات
(س۔ت)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرے گھر میں اکثر جھگڑے اور فساد ہوتے رہتے تھے‘ جس کی وجہ سے سارے گھر والے بڑے پریشان تھے‘ گھر میں ہروقت چھوٹی چھوٹی باتوں پر بڑے بڑے جھگڑے ہوتے۔ایک دن مجھے کسی بہن نے بتایا کہ گھروں میں جھگڑوں سے بچنے کیلئے ہروقت یَاوَدُوْدُ یَاسَلَامُ پڑھتے رہیں۔میں نے یہ دونوں اسم ہر نماز کے بعد ایک تسبیح پڑھنا شروع کردئیے ۔ الحمدللہ ! جب یہ وظیفہ شروع کیا ہے ہمارے گھر میں سکون ہے اور جھگڑے کافی حد تک کم ہوگئے ہیں۔
قرض سے نجات اور ہر مشکل کے حل کیلئے
(بندہ خدا‘ واہ کینٹ)
مندرجہ ذیل عمل قرض سے نجات اور دیگر مالی و گھریلو پریشانیوں کیلئے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ یہ عمل کرنے والے لوگ مایوس نہیں رہ سکتے۔ ضرور آزمائیں اور فائدہ اٹھائیں۔ اس عمل میں ہم نے سورۂ نصر(پارہ 30) پابندی سے اس کی ترتیب پڑھنی ہے۔ ناغہ نہیں کرنا ہے اور عمل میں کمی یا زیادتی بھی نہیں کرنی ہے۔ روزانہ کا معمول بنالیں اور اس عمل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ بعد نماز فجر‘ سورۂ نصر اکیس بار پڑھیں۔ بعد نماز ظہر سورۂ نصر بائیس مرتبہ پڑھیں۔ بعد نماز عصر سورۂ نصر تئیس مرتبہ پڑھیں۔ بعد نماز مغرب سورۂ نصر چوبیس مرتبہ پڑھیں۔ بعد نماز عشاء سورۂ نصر پچیس مرتبہ پڑھیں۔ پھر اس کی برکتیں دیکھیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں