ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
کشف المحجوب ان گنی چنی کتابوں میں سے ہے جن کتابوں میں ایک پیمانہ بنایا گیا ہے کہ تصوف کس چیز کا نام ہے اور کس کا نام نہیں۔ رقص‘ سرور‘ مے و مستی‘ مزاج کی بے خودی‘ دھمال‘ پی کے گم ہوجانا یا ڈانس‘ اس کانام تصوف اور صوفی ازم نہیں ہے اور ہرگز نہیں ہے۔ تعلیمات قرآنی اور اخلاق نبوی ﷺ کا حقیقی عکس صوفیاء کرام کی زندگی کااوڑھنا بچھونا ہے۔ ہماری زندگی میں جو صوفیائے کرام کا نقشہ سامنے آئے گا وہ صرف ایک چیز میں سامنےآئے گا اور وہ ہے اتباع شریعت‘ اتباع طبیعت نہیں۔۔۔ مطلب یہ ہے کہ مزاج اور طبیعت کے مطابق ایک چیز میں نفع نظر آیا اس کو شریعت بنالیا‘ اس کو آخرت کی کامیابی کا مدار بنالیا‘ یہ بہت بڑا دھوکہ اور گمراہی کی راہ ہے‘ تصوف کملی والے ﷺ کی دل و جان سے سچی غلامی کا نام ہے۔ ایک اور نکتہ آپ کو بتاتا ہوں کہ عشق عمل کا نام ہوتا ہے‘ عشق الفاظ کا نام نہیں ہوتا‘ حروف کا نام نہیں‘ اسی تصوف کا ایک مقام تسلیم و رضا ہے‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کو اللہ کریم نے دنیا کے اعتبار سے حسن وجمال کےاعتبار سے‘ عہدے اور شہرت کے اعتبار سے‘ چھوٹا بنایا ہے تو میں ان تمام حالتوں میں بھی کچھ سے ایسا راضی ہوں جیسا کہ تو مجھ سے چاہتا ہے۔۔۔ اہل اللہ محدثین نے لکھا ہے جو اللہ کی تقسیم پر راضی نہیں‘ وہ اللہ پر بھی راضی نہیں اور جو اللہ پر راضی نہیں اس کی زندگی میں کبھی سکھ نہیں آسکتا۔ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کیلئے یہ مسنون دعا صبح وشام ضرور پڑھا کریں۔سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ عَدَدَ خَلْقِہٖ وَرِضَا نَفْسِہٖ وَزِنَۃَ عَرْشِہٖ وَمِدَادَ کَلِمَاتِہٖ
حضور ﷺ نے احادیث مبارکہ میں شکر کی طرف بہت اہمیت دلائی ہے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا جس شخص کو شکر کی توفیق ہوگئ وہ کبھی نعمتوں میں برکت اور زیادتی سے محروم نہ رہے گا۔ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے خدا بندوں کو نعمتوں سے نوازتا رہتا ہے۔ جب بندہ ناشکری کرتا ہے تو اسے نعمت کی بجائے عذاب سے نواز دیتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں