Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

جنات کا پیدائشی دوست

ماہنامہ عبقری - اپریل 2013ء

جنات کبھی بے پردہ نہیں ہوتے
ہم ان باتوں کو کرہی رہے تھے کہ اچانک پیغام آیا کہ تقریب سج گئی ہے اور آپ کا انتظار ہورہا ہے جب میں تقریب میں پہنچا تو ہرطرف کرسیاں بچھی ہوئی تھیں اور پہلے تو ان کا پروگرام اس تقریب کو موتی مسجد میں کرنے کا تھا جب ہجوم زیادہ ہوگیا تو موتی مسجد میں خاص حضرات نے نفل پڑھے پھر میدان میں آگئے‘ وہاں جنات کا بہت زیادہ ہجوم تھاہرطرف کرسیاں بچھی ہوئی تھیں ہر طرف جنات کی چہل پہل تھی۔ ایک جو چیز میں نے خاص طور پر محسوس کی اور آپ انسانوں کو بتانا چاہتا ہوں جنات عورتیں کبھی بے پردہ نہیں ہوتیں‘ حتیٰ کہ حیران کن بات ہے کہ کافر جنات بھی کبھی بے پردہ نہیں ہوتے۔ کافر جنات عورتیں بھی کبھی بے پردہ نہیں ہوتیں چونکہ یہ مخلوق انسانوں سے بہت پہلے کی ہے اور حضرت عزرائیل علیہ الصلوۃ والسلام جو زبان بولتے ہیں وہی زبان بولتی ہے اور ان کے اندر مذہب پختہ ہوتا ہے ۔
مدینہ منورہ سے آئے جن کی تلاوت
تھوڑی دیر قرآن پاک کی تلاوت ہوئی اور سورۂ یٰسین کا پہلا رکوع ایک قاری جن نے پڑھا جو کہ مدینہ منورہ سے آیا ہوا تھا۔ تلاوت کے بعد مجھے بلایا گیا ‘میں سٹیج پر بیٹھا‘ سونے اور چاندی کے پتھر لگے ہوئے تھے ہرطرف مخمل بچھا ہوا تھا اور ہرشخص متوجہ تھا ۔اس ساری تقریر میں میں نے حفاظت کے حصار کے متعلق جو گفتگو کی اس ساری گفتگو کو میں اب آپ کو کیا بتاؤں۔۔۔ وہ گفتگو تقریباً سوا چار گھنٹے کی گفتگو تھی اور اس طویل وقت کاپتا ہی نہ چلا۔ تقریب جہاں سوا چار بجےختم ہونی تھی‘ وہ بہت دیر تک چلتی رہی حتیٰ کہ فجر کی اذان کا وقت ہوگیا اور فجر کی اذان شروع ہوگئی۔
تو اس کے بعد دعا کرائی گئی اور دعا کے بعد فجر کی سنتیں پڑھیں‘ سنتوں کے بعد میں نے وہاںجماعت کرائی۔ جنات کی صفوں کی صفیں تھیں۔ ان سب جنات نے باجماعت نماز پڑھی ۔فجر کی دعا کے بعد پھر مزید مختلف تقریبات چلتی رہیں۔۔۔ لیکن میں ان سے اجازت لیکر واپس آیا۔ چیل نما سواری نے مجھے اٹھایا اور لمحوں میں مجھے میرے گھر پہنچادیا۔یہ تقریب تھی جو میں نے بیان کی۔ میں نے وہاں حفاظت اور حصار پر کیا بیان کیا وہ مختصر سا آپ کو بتانا چاہوں گا اس سے کو آپ روحانی فائدہ ہوگا۔
شریرجنات سے حفاظت کا خاص الخاص عمل
کیونکہ یہ ان کی ضرورت ہے‘اس لیےکہ آگ سے بنی ہوئی مخلوق کے اندر شرارت بہت زیادہ ہے وہ جنات مسلمان ہوں یا کافر… اگر مسلمان بعض پختہ مسلمان ہوتے ہیں ان کامزاج شرارت کا نہیںہوتا لیکن بعض ایسے جنات ہوتے ہیں کہ جو مسلمان تو ہوتے ہیں لیکن کمزور ایمان والے ہوتے ہیں وہ بھی بعض اوقات شرارت اور نقصان پہنچاجاتے ہیں۔ ہر طرح کی حفاظت کیلئے ایک عمل ان کی خدمت میںپیش کیا۔ وہ عمل یہ بتایا کہ آپ رات کے بارہ بجے کے بعد یعنی آدھی رات کے بعد آپ دو رکعات نفل پڑھیں‘ نیت کرلیں حفاظت کی‘ حفاظت کی نیت کرکے دو نفل پڑھیں دو نفل پڑھنے کے بعد پھر آپ ایک دفعہ آیۃ الکرسی پڑھیں‘ پہلے تین دفعہ درود ابراہیمی پڑھیں پھر ایک مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھیں جب پہنچیں ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم۔ اس کی بہت زیادہ تکرار کریں۔۔۔بہت زیادہ اس کی تکرار کریں۔۔۔ اور اس کی تکرار کرتے جائیں۔۔۔ کرتے جائیں۔۔۔ اتنے وجدان سے تکرار کریں کہ آپ کو پسینہ آجائے آپ کا جسم شرابور ہوجائے اور حفاظت کے نظام کا تصورکرتے ہوئے اس کی تکرار کرتے جائیں۔
ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم…ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم…ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم…ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم

اسے مسلسل دھراتے جائیں دھراتے جائیں جب یہ تکرار اتنا ہوجائے اتنا ہوجائے کہ آپ کو احساس ہو کہ اللہ کا نظام آپ کے ساتھ ہوگیا ہے تو اس وقت رک جائیں‘پھر آپ سجدے میں چلے جائیں اور سجدے میں جاکر پھر اس کی تکرار کریں پھر سجدے میں جاکر اتنی تکرار کریں۔۔۔ اتنی تکرار کرتے ہوئے آپ کا جسم پھر پسینہ پسینہ ہوجائے اورپھرآپ سجدے سے اٹھیں پھر ولا یودہ حفظھما وھو العلی العظیم… کی تکرار کریں بہت دیر تک تکرار کرتے رہیں‘ کرتے رہیں‘ کرتے رہیں‘ کرتے رہیں۔

حتیٰ کہ آپ تھک جائیں پھر دوسرے سجدے میں چلے جائیں پھر اس کی بہت دیر تک تکرار کریں‘ اس کے بعد اپنے پاس تیل‘ شہد اور پانی کی بوتل رکھی ہوئی ہو‘ اس پانی میں اگر زم زم کا پانی اور بارش کا پانی شامل ہو تو اوربھی اچھی بات ہے‘ ورنہ ویسے ہی دم کردیں اور جہاں جہاں کی حفاظت کرنی ہے وہ جان ہے‘ اولاد ہے‘ دکان ہے‘مکان ہے‘ سواری ہے اس کا تصور کرکے حصار کردیں اور یہ عمل میں نے ان کے سامنے بیان کیا اور اس کے بڑے بڑے کمالات میں نے جنات کے سامنے بیان کیے۔
جنات بہت حیران ہوئے‘ بہت حیران… تقریب کے بعد نماز فجر جب میں نے پڑھ لی تو ایک جن مجھے راستے میں ملا جب میں سواری پر بیٹھ رہا تھا ‘وہ اس سواری کا خادم تھا یعنی راستے سے مسلسل جنات مجھ سے مصافحہ کرنا چاہتے تھے اب لاکھوں جنات سے میں کیسے کرسکتا تھا تو ان کے گارڈ جنات مجھے راستہ سے نکال کر لارہے تھے۔
جن کا حیران کن خواب
راستے میں چلتے چلتے ایک جن نے مجھے بتایا (میں نہیں جانتا کہ وہ کون تھا کوئی زیادہ عمر کا بھی نہیں تھا) اس نے مجھے بتایا کہ یہ عمل آپ نے لوگوں کو بتایا ہے یہ عمل ایک دفعہ میں سویا ہوا تھا اور سوتے ہوئے میں یاعلیم یا خبیر کثرت سے پڑھتے پڑھتے سوگیا اور روزانہ رات کو جب بھی میں پڑھتے ہوئے سوتا ہوں‘ اس کے بہت مجھے کمالات ملے۔ کہنے لگے کہ روزانہ رات کو بلاتعداد کثرت سے پڑھ کر میں سوگیا تو خواب میں کسی آواز دینے والے نے ایک عمل بتایا اور فرمایا کہ اگر سات سمندر کی مخلوق نقصان دینے کیلئے آجائیں تو کبھی بھی تجھے نقصان نہیں دے سکے گی۔
سخت کالے جادو سے چھٹکارا
اور خود بھی پھر کہنے لگے کہ میری کچھ جنات کے ساتھ دشمنی ہوگئی ‘وہ مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے ۔انہوں نے مجھ پر جادو بہت زیادہ کیا اور وہ جادو ایسا ہوا کہ میں بہت زیادہ بیمار ہوتا چلا گیا اور بیماری ایسی بنی کہ کہیں سے کوئی علاج ہی نہیں ہوتا تھا آخر میںایک جن عامل کے پاس گیا تو اس نے مجھے کہا کہ فلاں جنات نے تجھ پر جادو کیا ہوا ہے اور سخت ترین جادو کیا ہواہے اور ایسا جادو کیا ہوا ہے کہ تجھے اس جادو نے دوہرا کردیا ہے تو میں نے ان سے کہا کہ آپ مجھے بتائیں کہ میں کیا کروں تو کہنے لگے کہ انہوں نے مجھے کچھ عمل بتایا لیکن مجھے فائدہ نہیں ہوا میں بیمار ہوتا گیا گھر میں رزق کی کمی‘ جھگڑے‘ پریشانیاں مصیبتیں‘ ایک سے نکلتا دوسری‘ دوسری سے نکلتا تیسری… اسی طرح میری زندگی کے دن رات پریشان سے پریشان تر ہوتے چلے گئے… میں انہی پریشانیوں میں اور زیادہ پریشان ہوتاچلاگیا… تو آخر کار یہ میں یہ ذکر کرتے کرتے یاعلیم یا خبیر سوگیااور مسلسل میں نے کہیں سے سنا تھا جو شخص رات کو سوتے ہوئے یہ بلاتعداد کثرت سے پڑھے گا اللہ پاک اس کے دل میں وہ چیز جس کا وہ حل چاہتا ہے ضرور ڈال دے گا تو خواب سے مجھے آیۃ الکرسی کی حفاظت والا عمل ملا اور میں یہ عمل مسلسل کرتا رہا کرتا رہا میں نے اکتالیس رات یہ عمل کیا۔
آج میں آپ کے سامنے بالکل تندرست ہوں اس عمل کے کرنے سے میرے جسم سے آگ سی نکلی‘ شعلے نکلے اور میرا جسم ٹھنڈا ہوتا گیا پرسکون ہوتا تھا‘ طبیعت کے اندر ہروقت جو بے چینی ہوتی تھی وہ سمٹتی چلی گئی رزق بڑھتا گیا‘ زندگی میں برکت ہوتی گئی‘ پریشانیاں ہٹتی گئیں اور میں پرسکون ہوگیا۔
جن کی خوبصورتی اور جوانی کا راز
میں حیران… میں نے کہا سبحان اللہ آپ کو یہ عمل پہلے سے مل چکا ہے۔اس کو مبارک باد دی کہ اس عمل کی مجھے ایک مزید تصدیق مل گئی۔ میں نے اس سے یہ بات پوچھی کہ آپ کی عمر کتنی ہے…؟ کہنے لگے میری عمر 322 سال ہے… میں نے کہا آپ تو اس سے بھی کم عمر کے نظر آتے ہیں۔ کہنے لگا وہ بھی اسی عمل کی برکت ہے‘ وقت سے پہلے بڑھاپے نے مجھے گھیرلیا تھا‘ میں زیادہ عمر کا نہیںہوں بس اس عمل کو میںکرتا گیا مجھے ایسے احساس ہوا جیسے کوئی طاقت ہے جس نے میرے اندر قوتیں ڈال دی ہیں اور میرا وجود‘ میرا جسم خوبصورت سے خوبصورت ہوتا گیا۔
جنات کی بیٹیوں کےرشتوں کے مسائل
اسی دوران میں جب سواری میں بیٹھا تو کہیں سے ایک جن بھاگتا ہوا آیا اور میرے پاؤں پڑ گیا اور کہنے لگا کہ بیٹیاں بہت زیادہ ہیں رشتے نہیں ہوتے‘ رشتوں کی کوئی ترتیب بنادیں۔ ان کے محافظ جنات نے اسے پکڑ کر کھینچا پتا نہیں کیسے حصار توڑ کر آگیا؟(کیونکہ اگر میں ہرکسی سے ملنا شروع کردوں تو ہرکسی سے میں نہیں مل سکتا) اسے وہ کھینچ رہے تھے میں نے کہا ٹھیک ہے اسے چھوڑ دو میں اس کو بتادیتا ہوں۔ فلاں وقت میرے پاس آجائے۔ میں نے اسے وقت بتادیا کہ فلاں وقت میرے پاس آجانا۔
بیٹیوں کی شادیوں کیلئے لاجواب عمل
وہ میرے پاس آیا تو میں نے اسے پوچھا کہ تجھے قرآن پاک آتا ہے۔ کہنے لگے میں قرآن پڑھا ہوا نہیں ہوں‘ میں نے اس سے پوچھا گھر میں کوئی قرآن پڑھا ہوا ہے؟ کہنے لگا: ساری بیٹیاں قرآن پڑھی ہوئی ہیں۔ میں نے کہا ایسا کریں سب بیٹیوں سے کہیں سورۃ آل عمران کی پہلی تین آیات تین سو انیس بار اول و آخر سات دفعہ درود شریف صبح و شام پڑھیں یہ کچھ عرصہ مستقل پڑھیں‘ کچھ ماہ مستقل پڑھیں‘ کچھ ماہ مستقل پڑھنے سے انشاء اللہ ان کے مسائل حل ہوجائیں گے۔
جننی اور انسان کا عشق اور شادی
لیکن اس نے ایک اوربات کہی اس نے کہا کہ میری ایک بہن ہے اس بہن کا ایک انسان سے تعلق ہوا‘ پہلے تو وہ ایسے ہی تعلق میں رہے پھر اس انسان کا کسی اللہ والے سے قرب ہوگیا ‘اس انسان نے کہا میں تیرے ساتھ ایسے تعلق نہیں رکھ سکتا۔ جو وقت گزرا اس پر میں استغفار کرتا ہوں‘ توبہ کرتا ہوں‘ توبھی توبہ کر… ہمیں نکاح کرنا چاہیے پھر دونوں نے نکاح کرلیا اب ان کے ماشاء اللہ بچے ہیں‘ ان کے بھی شادیوںکے مسائل ہیں تومیں نے ان سے کہا آپ ایسا کریں اس انسان کو کہیں کہ مجھے مل لیں کہنے لگا میں خود لے کر آجاؤں تو …… وہ انسان اس کی جن بیوی اور یہ خادم جن…… یہ جن جو شاہی قلعے میں مجھے ملا تھا وہ بھی میرے پاس آگیا۔میں نے ان سے پوچھا آپ کا تعلق کیسے بنا…؟ کیا ایک دوسرے کو پہلے جانتے تھے‘ کہا نہیں جی یہ انسان میں جن… تو میں نے کہا کیسے تعلق ہوا؟ تو وہ خاتون بولی :اس داستان کی ابتدا مجھ سے ہوئی ہے‘ یہ شخص خوبصورت تھا‘ میں ایک دن پڑھنے جارہی تھی‘ میں جوان ہوں‘ میں پڑھنے جارہی تھی‘ تو یہ اپنے بالوں کو سنوار رہا تھا‘ میں وہاں ٹھہر گئی اور اس کو دیکھتی رہ گئی‘ دیکھتے دیکھتے یہمجھے اچھا لگا‘ پھر میں اس کے خوابوں میں آنا شروع ہوگئی اور خوابوں میں یہ بعض اوقات ناپاک ہوجاتا تھا۔
اسے پہلے تو پتہ نہ چلا پھر اسے احساس ہوا کہ کوئی چیز آتی ہے… تو پھرمیں نے اس سے باتیںکرنا شروع کردیں‘ ہمارا آپس میں محبت پیار ہوگیا‘ میرے گھر والوں کو اس کا علم نہیں تھا… میں پڑھنے جاتی تھی اور راستے میں اس کے پاس آجاتی تھی‘ پھر ایک وقت ایسا ہوا کہ ہم ایک دوسرے کا انتظار کرتے تھے اور ایک دوسرے کو بہت چاہتے تھے‘ پھر یہ ایک اللہ والے کے پاس چلا گیا۔ ان سے اس کو دین کی رغبت ہوئی ایک دن مجھ سے کہنے لگا کہ میرے پاس مت آیا کرو‘ میں رو پڑی کہ تیرے بغیر میں نہیں جی سکتی‘ کہا کہ ایک شکل ہوسکتی ہے تو مجھ سے نکاح کرلے ورنہ ہم ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے اور اس اللہ والے نے مجھے حفاظت کا ایک حصار بتایا کہ اگر کوئی جن قریب آئے تو یہ پڑھو تو جن جل جائے گا اگر میں یہ پڑھ لوں گا اور تو جل جائے گی اس کی سختی اور چہرے کی سنجیدگی دیکھ کر مجھے رونا آیا میں روتی رہی کہ مجھے نہ چھوڑو… کہنے لگا: مجھے بھی تجھ سے محبت ہے پیار ہے تیرے بغیر واقعی میں نہیں جی سکتا کیا کروں…؟ موت آخرت میرے سامنے ہے۔آخر کار میں نے اس سے کہا کہ ٹھیک ہے تم اپنے گھر والوں سے بات کرو اور میں اپنے گھر والوں سے بات کرتی ہوں وہ نہیں مانیں گے۔ آخر کار اس نے حیلوں سے اپنے گھر والوں کو منایا۔ پھر ہماری شادی ہوگئی‘ ہمارا نکاح پڑھا یا گیا جس وقت ہماری شادی ہوئی میں انسانی شکل میں تھی‘ ایک محلے کے قاضی تھے جنہیں ہم قاضی صاحب کہتے تھے‘ دو انسان بھی موجود تھے ہمارا نکاح ہوگیا جو انسان موجود تھے انہیں خبر نہیں تھی کہ یہ جن ہے‘ بس انہیں اتنی خبر تھی کہ یہ لڑکا لڑکی آپس میں نکاح کررہے ہیں۔میری بیوی بہت خوبصورت ہے اس کا حسن و جمال میں نہیں بتا سکتا۔ بیچ میں اس انسان نے مجھے بتایا۔۔۔ تو میں نے انہیں کہا آپ چپ ہوجائیں میں ان سے بات کرلوں۔
تو وہ جن عورت بولی اولاد ہونا شروع ہوئی‘ اب اولاد کا میں کیا کروں؟ انسان مجھ سے نہیں لیتے‘ وہ کہتے ہیں یہ جن کی اولاد ہے‘ جن نہیں لیتے کہ یہ انسان کی اولاد ہے۔
میں مسکرا دیا کہ ایسے کیس میرے پاس اکثر آتے رہتے ہیں اس سے پہلے بھی میں عبقری کے قارئین کو اس طرح کے واقعات سنا چکا ہوں آپ پریشان نہ ہوں انشاء اللہ آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ (جاری ہے)
میں انہیں سورۂ آل عمران کی وہی پہلی تین آیات تین سو انیس دفعہ اول و آخر سات دفعہ درود شریف پڑھنے کا عرض کیا اور ان کیلئے میں نے کہا میں آپ کیلئے خود دعا بھی کروں گا عمل بھی کروں گا آپ کے بچوں کے رشتے ہوجائیں گے ابھی دو دن پہلے مجھے وہ صاحب ملنے آئے جس کی جننی کے ساتھ شادی تھی کہنے لگے کہ جی چونکہ بچے جنات ہیں ان کی انسانوں سے شادی ہونہیں سکتی تین بچوں کے رشتے طے ہوگئے ہیں آپ ہماری شادی میں ضرور آئیں میں نے ان سے آنے کی معذرت کی میں زیادہ تقاریب میں جانہیں سکتا کیونکہ مصروفیت کی بنیاد پر وہ خوش تھے کہ ہمارے رشتے طے ہوگئے ہیں اور ہمیں بہت بہت سکون ملا ہے وہ شکریہ ادا کرنے آئے تھے۔

Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 635 reviews.