اولاد سے محرومی
میری بیٹی کی شادی کو دو سال ہوگئے ہیں اس عرصہ میں دو بار اولاد کی امید ناامیدی میں بدل چکی ہے اور ایک بار بیٹا پیدا ہوا جو پیدائش کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ کوئی ایسا بابرکت اسم تلقین کردیں جو اس صورتحال میں موثر ثابت ہو۔ اور ہمیں خوشیاں نصیب ہوں۔ (زاہد تبسم، فیصل آباد)
جواب: نماز فجر کے بعد سو مرتبہ یَااَللّٰہُ یَارَحِیم اور نماز عشاءکے بعد سو مرتبہ اَللّٰہُ الخَالِقُ البَارِیُ المُصَوِّرُ یَابَارِیُ المُصَوِّرُ الاَرحَامُ دم کرکے پیا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کی تمنا کو پورا کریں۔ مذکورہ بالا عمل کو کم از کم چار ماہ کریں۔
طرز فکر کا اثر
میری شخصیت میں کوئی خاص بات نہیں اور میں کشش سے محروم ہوں جس مقام پر مجھے ہونا چاہئے اس سے دور ہوں۔ یہ تمام باتیں ہر وقت میرے دماغ میں گردش کرتی رہتی ہیں۔ ہر معاملے میں خود کو سامنے رکھتی ہوں اور پھر موازنہ کرتی ہوں۔ کوئی میرے ساتھ مذاق کرے تو میں خاموش اسے دیکھتی رہتی ہوں۔ ملنے جلنے والے میری کم گوئی اور سنجیدگی کی شکایت کرتے ہیں۔ میں خود کو دوسروں سے منوانا چاہتی ہوں لیکن ایسا کرنہیں سکتی۔ (آئی این خان، شیخوپورہ)
جواب: خود نمائی کا جذبہ احساس برتری سے جاملتا ہے اور یہ طرز فکر انسان کے لئے نقصان کا باعث ہے۔ اگر انسان ذہنی و عملی طور پر خود کو برتر کرنے کی جدوجہد میں مشغول ہوجائے تو اس کے اوصاف حسنہ مغلوب ہوجاتے ہیں اور اگر اس کو مقصد پورا ہوتا دکھائی نہ دے تو وہ تکلیف اور رنج و الم کی تصویر بن جاتا ہے۔ ہونا یہ چاہئے کہ آدمی اپنی صلاحیتوں اور خوبیوں کو اجاگر کرے لیکن اس بات میں دوسروں کو کم تر ثابت کرنے کا جذبہ نہیں ہونا چاہئے۔ آدمی کا ذہن اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہو تو اس کو ہر لحاظ سے فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ آپ اپنی فکر کو تبدیل کردیں تو چند ہفتوں میں آپ اپنے اندر تبدیلی کا مشاہدہ کرلیں گی۔ دوسروں سے موازنہ کرنے یا خود کو دوسروں کے سامنے بہتر ثابت کرنے کی بجائے فرائض و معمولات زندگی کو حتی المقدور بہتر طور پر انجام دیں۔ انشاءاللہ طرز فکر کی تبدیلی سے آپ کی شخصیت میں بھی تبدیلی واقع ہوجائیگی۔
ذہنی سکون
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں ہر چیز سے نوازا ہے لیکن ہمارے گھر میں ذہنی سکون نہیں ہے۔ ہر شخص کی طبیعت میں چڑچڑا پن ہے اور قوت برداشت کی نہایت کمی ہے، افراد خانہ کے دلوں میں بڑوں کیلئے احترام اور چھوٹوں کیلئے پیار ختم ہوتاجارہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے گھر میں پیار و محبت کی جگہ نفرت نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ (اعجاز حسن)
جواب: رات کو سونے سے قبل سورئہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 110 اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کیساتھ پڑھیں گھریلو جھگڑے ختم ہونے اور باہمی حسن سلوک کیلئے دعا کیا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ جاری رکھیں۔ علاوہ ازیں اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے۔ شکر یہ ہے کہ اللہ نے جو کچھ بھی عطا کیا ہے اس سے دوسروں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے۔ چاہے اس کی شکل کچھ بھی ہو۔
صحت و تندرستی
میرے جسم میں خون کی کمی ہے اور اسی کمی کی وجہ سے چہرے کا رنگ مانند پڑگیا ہے اور آنکھوں کے گرد حلقے بھی پڑگئے ہیں۔ میری خوراک اچھی ہے مگر اس کا کوئی اثر ظاہر نہیں ہوتا۔ جلد میری شادی بھی ہونے والی ہے جس سے پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ (عرشی، ایبٹ آباد)
جواب: متوازن غذا کے ساتھ ساتھ تیز قدموں سے چہل قدمی کو بھی معمول میں شامل کریں اور کسی اچھے معالج سے مشورہ کریں۔ ہوسکتا ہے کہ جسم کے بعض کیمیاوی افعال معمول پر نہ ہوں۔ کھلی فضا میں آہستگی سے گہرے سانس لیا اور نکالا کریں۔ یہ عمل گیارہ بار کیا کریں۔ پانی پر صبح اور شام سورئہ یوسف کی کوئی دو آیات دم کرکے پی لیا کریں۔
میں بہت فکر مند ہوں
میرا بچہنہایت بدتمیز، چڑچڑا اور جھگڑالو ہوگیا ہے۔ گھر کے کسی شخص کی بات نہیں سنتا۔ بڑوں سے زبان درازی کرتا ہے۔ میں نے اسے ہر طرح سمجھانے کی کوشش کی۔ پیار سے، غصہ سے، مار کر لیکن وہ میری کسی بات پر کان نہیں دھرتا۔
جواب:سات بار بسم اللہ شریف، سات بار سورئہ کوثر پڑھ کر پانی پر دم کریں اور صبح نہار منہ بچے کو پلائیں، یہ عمل اکیس روز جاری رکھیں۔ اس کے علاوہ یہ کام بھی کریں کہ بیٹے سے نہایت نرمی اور شفقت کے ساتھ بات کریں۔ وہ ترش لہجے میں بات کرے تب بھی آپ اپنی روش نہ چھوڑیں۔ چند ہفتوں کی احتیاط سے انشاءاللہ اس کا رویہ تبدیل ہوجائے گا۔ رات کو جب وہ سوجائے تو سرہانے کھڑے ہوکر معمولی بلند آواز سے بچے کو اس کا نام لے کر مخاطب کرتے ہوئے کہیں کہ تم تمیزدار بچے ہو، غصہ اور ضد ترک کردو۔ یہ جملے پانچ منٹ تک مناسب آواز اور لب و لہجے سے ادا کریں۔ انشاءاللہ جلد اثرات ظاہر ہوں گے۔ یہ عمل چالیس روز کیا جائے۔
بیماری اور شفائ
میں گزشتہ کئی سالوں سے صحت کے مسائل سے دوچار ہوں۔ کبھی سر درد ہوجاتا ہے تو کبھی جسم میں درد ہونے لگتا ہے۔ بلڈپریشر ہر وقت بڑھا رہتا ہے۔ میں نے بہت سے اچھے معالجوں سے علاج کروایا مگر افاقہ نہیں ہورہا۔ کسی کا کہنا ہے کہ آپ پر عمل کرایا گیا ہے جس کے اثرات سامنے آرہے ہیں۔
(علیم اللہ، ساہیوال)
جواب: ان کیفیات کا کسی اثر سے کوئی تعلق نہیں۔ آپ کا علاج بھی ہوا ہے لیکن ضروری نہیں کہ مرض کی درست تشخیص ہوئی ہو یا دوا اور احتیاط تقاضوں کے مطابق ہو۔ کسی ماہر طبیب سے مشورہ کریں اور پرہیز اور احتیاط بھی کریں۔ ساتھ ساتھ صبح و شام پانی پر تین بار سورئہ فاتحہ پڑھ کر دم کرکے پیا کریں۔ اللہ تعالیٰ جلد شفاءعطا فرمائیں گے۔
کاروبار
ہمارے والد صاحب ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہیں۔ پہلے کاروبار میں برکت تھی اور ہماری کافی بسیں بھی تھیں لیکن اب فقط ایک بس باقی رہ گئی ہے۔ ہمارے چچا جان بھی کاروبار میں شریک ہیں۔ بجائے نفع کے نقصان ہوتا ہے۔( ندیم عماد)
جواب:کاروباری امور میں بہرحال امانت، دیانت اور اخلاقی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھیں۔ نماز فجر کے بعد سورئہ ص پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کیا کریں اوراس سورئہ مبارکہ کا ترجمہ بغور پڑھا کریں۔ نماز عشاءکے بعد آیت الکرسی21 بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے فضل و کرم کی دعا کیا کریں۔ حسب استطاعت ضرورت مند افراد کی مالی مدد کی جا ئے۔ کاروبار پر مکمل توجہ دیں۔نماز کی پابندی کریں۔
بیماری و علاج
پچھلے دس سالوں سے خشک کھانسی میں مبتلا ہوں۔ کھانس کھانس کے بدحال ہوجاتا ہوں۔ کئی طرح کے علاج کرواچکا ہوں مگر فائدہ نہیں ہورہا۔ شہر کے کسی ڈاکٹر، کسی حکیم کو نہیں چھوڑا۔ کسی دوا کے استعمال سے قدرے بہتری آتی ہے لیکن چند دنوں بعد وہی حال ہوجاتا ہے۔ (انیس احمد)
جواب: جو دوا بھی استعمال کریں اس پر سورئہ فاتحہ دم کرکے استعمال کیا کریں۔ علاوہ ازیں صبح، شام اور رات کو پانی پر سات بار سورئہ فاتحہ اور سورئہ اخلاص تین بار دم کرکے پیا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو شفاءکامل عطا فرمائے۔ علاج پر مکمل توجہ دیں۔
ہمارے بھائی
بھائی کی عمر چالیس برس ہوگئی ہے لیکن انتہائی غیر ذمہ دار اور لاپرواہ انسان ہیں، دوسروں کی باتوں میں فوراً آجاتے ہیں، گھر والوں کی تمام امیدیں انہوں نے خاک میں ملادی ہیں، کہیں بھی توجہ سے کام نہیں کرتے، والد اکیلے گھر کا خرچ اٹھارہے ہیں، ایک بار والد نے بہت اچھی نوکری دلائی لیکن وہاں سے لڑ کر آگئے، دوبارہ وہاں نوکری بحال کرائی لیکن مستقل طور پر نہیں جاتے، آئے دن بہانے بناکر گھر بیٹھ جاتے ہیں، نہ تو کپڑے صاف پہنتے ہیں اور نہ جسمانی صفائی کا مناسب خیال رکھتے ہیں، جسمانی کمزوری کی وجہ سے لوگ مذاق اڑاتے ہیں، گھر والے ان کیلئے سب کچھ کرتے ہیں لیکن انہیں خود اپنا کوئی خیال نہیں ہے۔ (سحر، کراچی)
جواب: بھائی سے ان کے حالات معلوم کئے جائیں اور اس کے مطابق ان کی مصروفیات و معاشی سرگرمیوں کو طے کیا جائے، ان باتوں کے ساتھ ساتھ روزانہ اکیس بار ”لَا حَولَ وَ لاَ قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰہِ المُہَیمِنُ العَزِیزُ الجَبَّارُ المُتَکَبِّرُ“ پڑھ کر پانی پر دم کرکے بھائی کو صبح و شام پلائیں۔ انشاءاللہ اچھے نتائج ظاہر ہوں گے۔
رکاوٹ
میرا رشتہ کزن سے طے ہونے والا تھا، وہ لوگ پیام لے کر آئے لیکن پھر انہوں نے بات واپس لے لی، لوگ باتیں بنارہے ہیں، لوگوں کا کہنا ہے کہ ضرور کسی نے کوئی عمل کرایا ہے جس کی وجہ سے بنی بنائی بات ختم ہوگئی ہے۔ مجھے بھی لوگوں کی باتوں کا یقین ہوچلا ہے کیونکہ ہمارے گھر میں اکثر کاموں میں رکاوٹیں آتی رہتی ہیں، میں نے کئی وظائف کئے، استخارہ بھی کیا لیکن کوئی بات واضح نہیں ہوئی۔مہربانی کرکے کوئی عمل بتادیں تاکہ رشتہ دوبارہ قائم ہوجائے۔(ش ،لاہور)
جواب: لوگوں کی باتوں پر توجہ دیں اور نہ اس خیال میں گرفتار ہوں کہ کسی نے کچھ کرادیا ہے۔ اللہ پر یقین رکھیں کہ جس بات میں آپ کیلئے بہتری ہوگی، وہ سامنے آئے گی، اپنے خیال یا فیصلے پر اصرار کرنے کی بجائے اللہ پر توکل کریں، انشاءاللہ نتیجہ بہتر سامنے آئے گا، نماز فجر اور نماز عشاءکے بعد اکیس مرتبہ ”اٰمَنتُ بِاللّٰہِ العَلِیِّ العَظِیمِ وَتَوکَّلتُ عَلٰی الحَیِّ القَیُّومِ“ اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ کم از کم تین ماہ تک پڑھیں۔
بیرون ملک چلا جاoوں گا
شوہر بہت محبت کرنے والے ہیں، شادی کے بعد سے شوہر کے معاشی حالات دگرگوں ہیں جس کے ساتھ بھی کام کیا اس نے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ اسی لئے شوہر مستقل طور پر کوئی کام نہیں کرپارہے ، حال ہی میں انہوں نے اپنا کام شروع کیا ہے، میری خواہش ہے کہ وہ یہ کام سکون سے کریں اور کوئی نادیدہ آفت نہ آجائے، شوہر کا کہنا ہے کہ اگر میںاس بار کامیاب نہ ہوا تو پھر بیرون ملک جاﺅں گا، شوہر سے کسی بات پر اختلاف بھی ہوا اور اب میری رہائش علیحدہ ہوگئی ہے، گھریلو مسائل کے حوالے سے بھی کچھ بتائیے گا۔ (مسز مظہر، لاہور)
جواب: شوہر سے کہیں کہ وہ نماز عشاءکے بعد اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ اکیس بار آیت الکرسی پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کیا کریں، آپ خود نماز عشاءکے بعد اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ101 بار ”بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ“ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں، یہ عمل تین ماہ کریں۔
پانچ سال
ہم لوگ مسلسل پانچ سالوں سے مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، معاشی پریشانیاں اور بیماریاں پیچھا نہیں چھوڑتیں، کسی عالم نے بتایا ہے کہ جادو کرایا گیا ہے، میں خود چار سالوں سے بیمار ہوں، کھانا کھاتے ہی جی متلاتا ہے اور کبھی قے ہوجاتی ہے، میری شادی کی بات طے ہوگئی ہے لیکن جب بھی شادی کی تاریخ طے ہوتی ہے، کوئی نہ کوئی مشکل آجاتی ہے اور معاملہ ٹل جاتا ہے، میں گھریلو حالات اور بیماری کی وجہ سے بہت پریشان ہوں اور مایوسی غالب آتی جارہی ہے۔
)سعدیہ،اسلام آباد(
جواب: طبیعت کی خرابی کیلئے صبح و شام پانی پر گیارہ گیارہ بار ”اَللّٰہُ لَا اِلٰہَ اِلَّا ہُوَالحَیُّ القَیُّومُ اور گیارہ گیارہ بار کَانَ البَحرُ مِدَادًالِکَلِمَاتِ رَبِّی “ دم کرکے پی لیا کریں، مناسب علاج و پرہیز بھی ساتھ میں کیا جائے، مشکلات اور رکاوٹوں کیلئے نماز عشاءکے بعد اکیس بار آیت الکرسی پڑھ کر دعا کیا کریں، اس آیت مبارکہ کو کم از کم تین ماہ تک پڑھیں۔
ظالم شوہر
شادی کو چار سال ہوگئے ہیں لیکن سکھ کا ایک لمحہ نہیں دیکھا، ایک بیٹا پیدا ہوا لیکن زندہ نہیں رہا۔ شوہر کے اندر انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، ظلم و ستم حد سے زیادہ میرے اوپر کئے، کئی بار والدین کے گھر بیٹھ گئی لیکن اپنا گھر بنانے کیلئے خود ہی قربانی دی، شوہر کے اندر کئی معاشرتی اور اخلاقی برائیاں ہیں اور آئے دن مجھ پر تشدد کرتا ہے، میرا جی نہیں چاہتا کہ اس زندگی میں واپس جاﺅں، صحت بھی تباہ ہوگئی ہے، ایک بار فیصلہ ہوجائے تو بہتر ہے۔ ) ناہید،لکی مروت(
جواب: آپ ذہنی طور پر ایک فیصلہ کرکے اس پر قائم رہیں، نماز فجر اور نماز عشاءکے بعد ”لَقَد جَآئَ کُم “ سے لے کر ”ہُوَرَبُّ العَرشِ العَظِیمِ“ تک (پ11ع5) تک پڑھ کر بارگاہ الٰہی میں دعا کیا کریں۔ انشاءاللہ جلد حالات بہتر ہوں گے۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 473
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں