خوبصورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے صرف میک اپ اور بہترین لباس ہی ضروری نہیں بلکہ اس کے لیے آپ کی جلد کا تر و تازہ ہونا بھی ضروری ہے۔ آنکھوں میں چمک اور صحت مند بالوں کا وجود بھی خوبصورتی کا لازمی جزو ہے۔ لیکن یہ اُسی وقت ممکن ہے جب آپ کی عمومی صحت بھی اچھی ہو۔ خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے جلد کی حفاظت اور صفائی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔
ڈائیٹنگ(فاقہ کشی)جلد کیلئے انہتائی مضر
وقت اور عمر کے ساتھ ساتھ جلد کارنگ و روپ بھی بدلتا رہتا ہے۔ موسم صحت اور خوراک ایسے عوامل ہیں جو جلد پر نمایاں طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ بیماری کی حالت میں اور دبلے ہونے کے لیے فاقہ کشی کرنے سے بھی جلد کا کھچاؤ اور تازگی متاثر ہوتی ہے۔خوبصورت نظر آنے کی خواہش نے آج کل خواتین خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو اپنے وزن، رنگ و روپ‘ جسمانی خدو خال اور اپنی غذا کے سلسلے میں زیادہ حساس بنا دیا ہے۔ اس حساسیت کا نتیجہ مختلف قسم کے عوارض مثلاً بھوک میں کمی، ہڈیوں کا نرم پڑ جانا ، آنکھوں اور دانتوں کی بیماریوں کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ آج کل کے دور میں ڈائٹنگ (فاقہ کشی ) ایک فیشن بن گئی ہے۔ خاص طور پر نوجوان لڑکیاں ہر محفل میں بڑے فخریہ انداز میں یہ اعلان کرتی پھرتی ہیں کہ میں ڈائٹنگ پر ہوں۔ اپنے آپ کو دبلا پتلا کرنے میں اُن کی غذا غیر متوازن ہو جاتی ہے۔ اس کے لیے یا تو وہ فاقے کرنے لگتی ہیں یا پھر صحت بخش غذاؤں کا استعمال ترک کر دیتی ہیں۔ مثال کے طور پر موٹاپے سے بچنے کیلئے وہ آلو کا استعمال چھوڑ دیتی ہیں۔ ایک طرف تو وہ چکنائی سے دور رہتی ہیں مگر دوسری طرف وہ ضروری وٹامنز کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں ‘دودھ نہ پینے سے اُن کی ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔
بدنما چہرہ کو نکھارنے کا فطری ٹوٹکہ
بعض خواتین کے چہروں پر ڈائٹنگ کی وجہ سے جھائیاں پڑ جاتی ہیں جو چہرے کی ساری خوبصورتی کو ماند کر دیتی ہیں۔چہرے پر جھائیاں پڑنے سے چہرہ بڑا بد نما لگتا ہے۔ اس صورت حال کو ختم کرنے کے لئے آپ یہ ٹوٹکہ استعمال کر سکتے ہیں۔سونف کو رات بھر پانی میںبھگو کر رکھیں اور صبح نہار منہ اُٹھ کر اس میں شہد ملا کر ڈیڑھ ماہ تک استعمال کریں۔ اگر کیلے کے چھلکے کا گودا دستیاب ہو تو وہ جھائیوں پر لگائیں ۔ آپ کی جھائیاں چند روز میں ختم ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ رنگت کو نکھارنے کے لئے رات کو اصلی شہد اور بالائی دونوں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ چرونجی کو کچے دودھ میں باریک پیس کر چہرے پر ملنے سے بھی رنگت نکھر آتی ہے اور تیسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ لیموں کا رس ایک تولہ، روغن زیتون دو تولہ، روغن بادام ایک تولہ ، تینوں کے آمیزے کو رات کو سوتے وقت چہرے اور ہاتھوں پر ملیں۔ چند دن میں رنگت نکھر جائے گی اور چہرہ نہایت دلکش معلوم ہوگا۔
داغ دھبوں سے نجات
اکثر اوقات خواتین یا لڑکیاں یہ شکایت کرتی ہیں کہ گال پچکے ہوئے ہیں یا اندر کو دھنسے ہوئے ہیں جس سے ان کا چہرہ صاف و شفاف ہونے کے باوجود خوبصورت اور دلکش نہیں لگتا
اور واقعی اندر کو دھنسے ہوئے یعنی پچکے ہوئے رخسار بدصورتی کی علامت ہیں۔ ان کو ٹھیک کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ ایک چھٹانک خالص چنبیلی کا تیل لیں اور ایک تولہ لیموں کا رس ملا کر رکھ لیں۔ اس تیل سے روزانہ چہرے کی مالش کریں۔ اس سے پچکے ہوئے رُخسار اُبھر آئیں گے اور پھوڑے پھنسی کے داغ بھی دورہو جائیں گے۔
چکنی جلد کے مسائل:۔جن خواتین کی جلد چکنی ہوتی ہے اس پر چمک نمودار ہوتی ہے۔ ایسی جلد کے مسامات نارمل اور خشک جلد کی نسبت زیادہ کھلے ہوئے ہوتے ہیں۔ عام طور پر سیاہ تل اور مہاسے نکلتے رہتے ہیں۔ چکنی جلد والی خواتین ہمیشہ یہ کوشش کرتی ہیں کہ کسی نہ کسی طرح اپنی جلد کو خشک جلد میں تبدیل کر لیں تا کہ نہ صرف جلدی بیماریوں سے نجات ملے بلکہ میک اپ بھی دیر پا ثابت ہو سکے ۔ لیکن وہ اس حقیقت سے آگاہ نہیں ہوتیں کہ ان کی چکنی جلد باقی ماندہ دونوں اقسام کی جلدوں کے مقابلے میں زیادہ تو انا اور زیادہ عرصہ تک ترو تازہ رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ماہرین کے مطابق نارمل جلد صرف بچوں کی ہوتی ہے۔ بڑی عمر کے لوگوں کی جلد یا تو خشک یا پھر چکنی ہوتی ہے یا ملی جلی کیفیات کی حامل ہوتی ہے۔
مناسب نیند خوبصورتی میں اضافہ کےلیے ضروری :رات کی بھر پور نیند خوبصورتی نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ نیند کی کمی جلد کو بری طرح متاثر کرتی ہے جس سے جلد بے رونق اور بد نما نظر آتی ہے اور آنکھوں کے گرد حلقے پڑ جاتے ہیں۔ اس لیے دن رات میں اپنےلیے آرام کا وقت ضرور نکالیں۔
مسکراہٹ سب سے بہترین نسخہ :۔ سب سے مفید اور کارآمد نسخہ یہ ہے کہ مسکرا ئیں اور زندگی کا لطف اُٹھا ئیں۔ اپنی ساری پریشانیوں کو ذہن سے جھٹک دیں۔ ماضی کے تمام نا خوشگوار لمحوں اور ناکامیوں کو بھول جائیں۔ پر سکون ہو جائیں اور اپنے مستقبل کے بارے میں مثبت منصوبہ بندی کریں۔ اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزاریں۔
یہ تمام باتیں آپ کو از سر نو توانا کریں گی اور آپ اپنے اندر زندگی میں در پیش مسائل سے لڑنے کا حوصلہ بھی پائیں گی ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں