Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

ماہ رمضان !بچوںکی تربیت کا سنہری موقع

ماہنامہ عبقری - مارچ 2024ء

بچے کی یہ فطرت ہوتی ہے کہ وہ سوالات اور مشاہدات کے ذریعے ہی دنیا اور اس میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس لئے کہا جاتا ہے کہ بچے کے سوالوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ یہ اس کی تربیت کر رہے ہوتے ہیں اور یہ تربیت ہر طرح سے اس کی آنے والی زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے۔رمضان کے آغاز سے اختتام تک آپ کی تھوڑی سی توجہ بچے میں دین ودنیا کی سمجھ بوجھ کے ابواب کھول سکتی ہے۔اس کے لئے آپ کو علیحدہ سے کچھ کرنا بھی نہیں پڑے گا۔ بس دن بھر بچے کے ذہن، آنکھوں اور چہرے کو پڑھنے کی کوشش کریں۔ جہاں وہ الجھن کا شکار نظر آئے تو اسے سوالات پر مجبور کریں اور اپنے عمل کے ذریعے ان سوالات کے جواب تلاش کریں۔ اگر آپ سمجھیں تو رمضان کا پورے کا پورا مہینہ ہی آپ کے بچے کی تربیت کر رہا ہوتا ہے۔ رمضان میں سحری کے وقت جاگنا اور کھانا پینا ایک مختلف عمل ہوتا ہے۔ اکثر بچے سحری کے وقت جاگ جاتے ہیں اور اس ساری تیاری کو حیرت سے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اس وقت آپ بچے کویہ بات بتا سکتے ہیں کہ اس کھانے کا اہتمام اللہ کی برکات حاصل کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔
سورج نکلنے کا دلفریب منظر
ایک مخصوص وقت میں کھانا مکمل کرنا بچے میں ضبط کا مادہ پیدا کرتا ہے۔ اس کے بعد فجر کی نماز کی ادائیگی اسے اس نماز کے بارےمیں بھی شعور دے گی اور یوں بچہ فجر کی نماز کی بھی عادت ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ نماز فجر کے بعد سورج نکلنے کادلفریب منظر قدرت کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ جب دوپہر آتی ہے تو اکثر مائیں اپنے کم عمر بچوں کے کھانے پینے کا خیال اس طرح نہیں رکھتیں کہ جیسے عام دنوں میں رکھا جاتا ہے۔ حالانکہ ایسا کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔ خواتین کو بچے کے دوپہر کے کھانے کا انتظام اچھی طرح کرنا چاہیئے ۔ اس وقت جب آپ بچے کے ساتھ کھانا نہیں کھائیں گے تو یہ بات اس کی تربیت میں اس اہم نقطہ کا اضافہ کرے گی کہ وہ ابھی روزہ رکھنے کی عمر میں داخل نہیں ہوا ہے اور جب وہ بڑا ہو گا تو اسے بھی دیگر افراد کی طرح روزے رکھنے ہوں گے ۔ اس لئے جب وہ آپ کو ایک رب کی رضا کے لئے بھوک برداشت کرتا دیکھے گا تو خود بھی غیر محسوس طور پر اپنے آپ کو روزےکے لئے بخوشی تیار کر لے گا۔
نعمتوں کی قدر دانی
سحری میں جاگنا اور کھانا پینا ایک مختلف عمل ہوتا ہے، افطار پر بھی کھانے کے خاص اہتمام پر بچوں کی دلچسپی قابل دید ہوتی ہے۔ جب روزہ افطاری کے لئے دستر خوان لگایا جاتا ہے تو اس وقت کوشش یہ کرنی چاہیئے کہ بچہ بھی اس انتظار میں شریک ہو اور وہ کھانا اذان کے وقت ہی شروع کرے۔ روزہ کھولنے سے پہلے ہر انسان ہاتھ اٹھا کر اپنے رب سے اپنی اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے دعا مانگتا ہے۔ اس عرصے میں بچے کے ذہن میں یہ بات بٹھائی جاسکتی ہے کہ دعا ہی کے ذریعے نعمتوں اور برکتوں کا حصول ممکن ہوتا ہے جس کی قدر دانی بھی نہایت ضروری ہے۔ اس دعا کے بعد جب بچے کو قسم قسم کے ذائقے چکھنے کو ملیں گے تو اسے دعا کی اہمیت کا اندازہ اچھی طرح ہو سکے گا اور صبر کا سبق بھی ملے گا۔روزے میں اکثر خواتین و حضرات سوکر اپنا وقت گزارتے ہیں۔ حالانکہ یہ روزہ گزارنے کا صحت مند طریقہ نہیں ہے۔ اس سے بچے کے ذہن میں یہ بات آسکتی ہے کہ روزہ ایک بوجھ ہے۔ اس طرح وہ اسے ایک مشکل عمل سمجھ سکتا ہے۔
اچھے اور بُرے عمل کی تمیز
رمضان میں برائیوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے، ایسے میں آپ کا بچہ بھی اچھے اور برے عمل میں تمیز کے قابل ہو جائے گا۔ رمضان میں عبادات کا خصوصی اہتمام ہوتا ہے، اس سے عبادتوں کے بارے میں بچے کے اندر موجود کشمکش کو دور کیا جا سکتا ہے۔ اس مہینے میں لغویات سے دور رہا جاتا ہے، ایسے میں آپ کا بچہ بھی ایک مہذب فرد بننے کی صلاحیت اپنے اندر پیدا کرنے کے بارے میں سوچ سکتا ہے۔ رمضان میں قرآن پڑھنےکے جہاں اورکئی فضائل ہیں وہیں یہ ایک ایسے طریقہ کار اور سوچ کی عملی وضاحت کر رہا ہوتا ہے جو بچے کی تربیت کا حصہ قرار ہونا چاہئے ۔پڑھنے اور سمجھنے کا اہتم بھی زیادہ ہوتا ہے، اس لئے قرآن کو رہبر ماننے کا شوق بھی بچے میں پروان چڑھ سکتا ہے۔ رمضان میں صدقات وزکوٰۃ بھی بکثرت ادا کئے جاتے ہیں، اس کا عملی نمونہ بچے کو اس بارے میں تربیت دے دی جائے تو آگے چل کروہ ان پر عمل پیرا ہونےمیں مشکل محسوس نہیں کرے گا۔ رمضان میں سچی خوشی حاصل کرنے کے مواقع بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ بچے آپ کے چہرے کی طمانیت دیکھ کر خود بھی مطمئن ہو جاتے ہیں۔ اسلام چونکہ فطری دین ہے۔ اسی لئے اسے سمجھنے کے لئے بس ایک ماحول اور ایک لگن پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو کہ تعلیمات نبویﷺ کونسل در نسل منتقل کرنے سے با آسانی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایسا ماحول بنانے کے لئے رمضان سب سے بہترین موقع ہے۔ اگر آپ تھوڑی سی دانشمندی سے کام لیتے ہوئے رمضان کا مہینہ گزاریں گے تو کوئی شک نہیں کہ آپ کے چھوٹے چھوٹے بچے رمضان کی آمد پر جھوم جھوم کر خوشیاں منائیں گے اور اس سال کا انتظار کریں گے کہ جب ان پر روزے فرض ہوں اور وہ بھی روزے رکھ کر دین پر عمل پیرا ہونے کی خوشی حاصل کریں۔اس کے علاوہ ان میں صبر‘ برداشت اور اعلیٰ اخلاق کی ایسی خوبیاں پروان چڑھیں گی جس سے آپ کا بچہ معاشرے کے لئے بہترین اور کامیاب انسان بن جائے گا جو نہ صرف آپ کے خاندان کے لئے بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔

Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 069 reviews.